میلاد کارواں و میلاد مارچ 2009ء

مورخہ: 01 مارچ 2009ء

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام یکم مارچ 2009ء کو لاہور سے راولپنڈی تک بذریعہ جی ٹی روڈ میلاد کارواں کا اہتمام کیا گیا۔ میلاد کارواں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن لاہور سے روانہ ہوا۔ کارواں کی قیادت منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بلال مصطفوی نے کی جن کے ہمراہ اشتیاق حنیف مغل (نائب صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ) طیب ضیاء (سیکرٹری کوآرڈنیشن) میاں کاشف محمود (ممبر CYC) عمران بھٹی (ممبر CYC)، اقبال یوسف (ممبر CYC)، چودھری عتیق الرحمان، محمد انعام مصطفوی اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے دیگر ممبران موجود تھے۔ میلاد کارواں کے جی ٹی روڈ پر جگہ جگہ استقبال کیے گئے اور ان استقبالیہ جلسوں سے یوتھ کے مرکزی قائدین نے خطاب کئے۔

استقبال روای پل

سب سے پہلا استقبال راوی پل پر کیا گیا یہاں منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کے صدر محمد سعید بھٹی راوی ٹاون کے صدر ظہیر الدین اپنے ہمراہ نوجوانوں کی کیثر تعداد میں جمع تھے، راوی پل پہنچنے پر کارواں پر گلاب کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور میلاد کے نعروں سے فضا گونج اُٹھی۔ اس موقع پر اشتیاق حنیف مغل (نائب صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ) نے خطاب کیا۔

مریدکے

میلاد کارواں کا مریدکے میں کاشف فاروق وڑائچ (ناظم یوتھ مریدکے) کی قیادت میں بے مثال استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر طیب ضیاء نے خطاب کرتے ہوئے مریدکے کے نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔

گوجرانوالہ آمد

میلاد کارواں تیزی سے مسافتیں طے کرتا ہوا گوجرانوالہ پہنچا جہاں سیالکوٹی گیٹ کے باہر تحریک منہاج القرآن گوجرانوالہ کے صدر علی عمران ایڈووکیٹ، ناظم یوتھ مہر سیلم، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ رانا صابر علی نائب ناظم ڈاکٹر فضل حسین غزالی اور منہاج القرآن یوتھ لیگ سیالکوٹ کے ناظم مرزا اسد بیگ، صدر یوتھ لیگ محمد بلال علی نوجوانوں کے ہمراہ موجود تھے کارواں کا زبردست استقبال کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں خطاب کرتے ہوئے محمداقبال یوسف نے کہا کہ آج کا یہ روڈ کارواں اپنی نوعیت کے اعتبار سے منفرد حییثت رکھتا ہے۔

وزیر آباد

کارواں جوں جوں آگے بڑھتا جا رہا تھا راستے کے شہروں سے یوتھ کے نوجوانوں اس میں مزید شرکت کر رہے تھے۔ دھونکل موڑ پر سینکڑوں نوجواں کا موٹر سائیکل بردار دستہ قاضی رضوان کی قیادت میں موجود تھا۔ میلاد کارواں کے دھونکل پہنچنے پر زبردست گل پاشی کی گئی اور کارواں ایک لمبے جلوس کی شکل میں وزیر آباد شہر میں داخل ہوا۔ وزیر آباد میں نوجوانوں کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے میاں کاشف محمود نے اس بات پر زور دیا کہ آج نوجوانوں کو میلاد پاک کی مقدس گھڑیوں میں یہ عزم کرنا ہوگا کہ وہ اصلاح معاشرہ کے لیے ایک کردار ادا کریں۔

گجرات

درجنوں کاروں، ہائی ایس، چھوٹی بڑی گاڑیوں اور سینکڑوں موٹر سائیکل سواروں کا قافلہ 11:00بجے چناب پل پر پہنچا جہاں پر چودھری محمد اکرم، ناصر محمود زاہد، سیلم صدیقی، محمد یوسف یعفور، حافظ سیلم، زاہد محمود، علی محمود طارق، چودھری ہمایوں غنی ایڈووکیٹ اور نعیم صابری سینکڑوں نوجوانوں کے موٹر سائیکل بردار قافلے کیساتھ موجود تھے، کارواں شہر میں داخل ہوا راستے میں جگہ جگہ گل پاشی کی گئی، جی ٹی ایس چوک، جی ٹی روڈ پر سیٹج کا بندوبست کیا گیا تھا۔ وہاں پر موجود شرکاء نے مرکزی قافلے کا شاندار استقبال کیا اور اپنی بے پناہ محبت اور جوش و جذبے کااظہار کیا۔ گجرات کے جلسہ عام میں خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر بلال مصطفوی نے اہل گجرات کا شکریہ ادا کیا اور میلاد کارواں اور میلاد مارچ کے مقصد سے میڈیا اور لوگوں کو آگاہ کیا۔

لالہ موسیٰ

میلاد کارواں کی اگلی منزل لالہ موسیٰ تھی لالہ موسیٰ جی ٹی روڈ پر یاسر خان اور حنیف قریشی کی قیادت میں لوگ استقبال کے لیے جمع تھے۔ کارواں کے پہنچنے پر جی ٹی روڈ دونوں اطراف کی ٹریفک رک چکی تھی اور کافی دیر نوجواں نعرے بازی کرتے رہے۔

کھاریاں

کھاریاں شہر سے 6 کلومیٹر پہلے راستے میں جنڈالہ کے مقام پر بختیار گل شہزاد کی قیادت میں سینکڑوں نوجوان موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر موجود تھے جو کارواں کے ساتھ شامل ہوکر کھاریاں پہنچے۔ جی ٹی روڈ پر استقبالی کیمپ لگایا تھا، کھاریاں میں بلال مصطفوی نے نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارکباد دی۔

سرائے عالمگیر

کھاریاں سے میلاد کارواں کاجلوس سرائے عالمگیر کی طرف بڑھنے لگا تو راستے میں نہر کے پل پر چودھری اشفاق ایڈووکیٹ صدر پاکستان عوامی تحریک سرائے عالمگیر، راجہ عبدالوحید تحریک منہاج القرآن سرائے عالمگیر، راجہ کامران امین ناظم یوتھ افراد کے ایک جم غفیر کے ساتھ موجود تھے جو کارواں میں شامل ہوکر سرائے عالمگیر پر پہنچے، جہاں پر مثالی جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ مختصر سے وقفے کے بعد کارواں جہلم پل پر پہنچا جہاں سے کارواں ایک بہت بڑے قافلے کا روپ دھار چکا تھا۔

جہلم

جادہ چونگی جی ٹی روڈ پر پروفیسر سیلم احمد چودھری، قاضی نصیر احمد، پروفیسر زاہد بشیر، مرزا زاہد بیگ اور شہزاد محفوظ سینکڑوں افراد کے ہمراہ جمع تھے کارواں کا استقبال اہل جہلم نے اپنے روایتی انداز میں کیا۔ جہلم میں محمود احمد پنڈ دادنخان سے سو نوجوانوں کے ہمراہ استقبال کے لیے پہنچے ہوئے تھے۔

دینہ

جی ٹی روڈ دینہ پر منہاج القرآن یوتھ لیگ دینہ اور میرپور کے عہدیداران سینکڑوں نوجوانوں کے ہمراہ جمع تھے۔ استقبال کے بعد وہ کارواں میں شریک ہو کر میلاد مارچ کے لیے راولپنڈی روانہ ہوئے۔

گوجرخان

گوجر خان میں ناظم منہاج القرآن یوتھ لیگ قاری بشیر احمد قادری اور نائب ناظم یوتھ قاری ریاست علی قادری سینکڑوں نوجوانوں کے ہمراہ موٹر سائیکل بردار قافلے کیساتھ موجود تھے جو استقبال کے بعد میلاد کارواں میں شامل ہو کر میلاد مارچ کے لیے روانہ ہوئے۔

فیض آباد پل

فیض آباد پل پر ملک تنویر احمد نائب صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ، سید حیدر شاہ ناظم یوتھ اسلام آباد، شیخ محمد اقبال صدر یوتھ لیگ اسلام آباد کے ہمراہ ہزاروں نوجوانوں نے کارواں کا استقبال کیا اور قافلہ مری روڈ پر چاندنی چوک کے لیے روانہ ہوا۔

چاندنی چوک آمد

میلاد کارواں سینکڑوں گاڑیوں موٹر سائیکل سواروں کے طویل قافلہ کی شکل میں چاندنی چوک پہنچا تو یہ منظر دیدنی تھا، یوتھ لیگ کے نوجوان انتہائی خوش اور پرجوش تھے کہ وہ ماہ ربیع الاول کے استقبال کے لیے میلاد مارچ میں شریک ہیں۔

میلاد مارچ

چاندنی چوک میلاد کارواں کی منزل تھی یہاں سے یہ کارواں ہزاروں افراد کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر کی شکل میں میلاد مارچ میں تبدیل ہو چکا تھا، اس مارچ میں ساؤنڈ سسٹم کی سہولت بھی موجود تھی جس پر درود پاک اور نعت شریف مسلسل پڑھی جا رہی تھی۔ پولیس انتظامیہ نے انتہائی فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کر رکھے تھے۔ میلاد مارچ کی قیادت کے لیے بلال مصطفوی (مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ)، چودھری ظہیر عباس گجر (سیکرٹری جنرل منہاج القرآن یوتھ لیگ)، تنویر احمد ملک (نائب صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ)، محمد عارف ہاشمی (سیکرٹری انفارمیشن منہاج القرآن یوتھ لیگ)، طیب ضیاء (سیکرٹری کوآرڈینیشن منہاج القرآن یوتھ لیگ)، میاں کاشف محمود (ممبر CYC)، چودھری اقبال یوسف (ممبر CYC )، مرزا آصف محمود (امیر تحریک منہاج القرآن راولپنڈی)، پیر غلام مجتبیٰ فاروق گل بادشاہ، سجادہ نشین دربارِ عالیہ موہڑہ شریف پیر سید صدیق شاہ آستانہ عالیہ گوجر خان، سہیل عباسی (ناظم منہاج القرآن یوتھ لیگ ضلع راولپنڈی) سید اعجاز حسین شاہ ( نائب ناظم منہاج القرآن یوتھ لیگ ضلع راولپنڈی)، حسن اعوان (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ ضلع راولپنڈی)، سعید احمد (صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ضلع راولپنڈی)، آفتاب کبیر (سیکرٹری انفارمیشن منہاج القرآن یوتھ لیگ ضلع راولپنڈی)، پیر سید غلام حیدر شاہ (ناظم منہاج القرآن یوتھ لیگ اسلام آباد)، شیخ اقبال (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ اسلام آباد) راجہ طالب محمود (صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام آباد) شفیق راجہ (سیکرٹری انفارمیشن منہاج القرآن یوتھ لیگ اسلام آباد) غلام ربانی (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ PP10)، مظہر حسین (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ PP11)، حفیظ تنولی (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ PP9 )، عامر جاوید (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ PP12 )، منصور احمد (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ PP13 )، چودھری آصف (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ PP14 )، ملک احسان (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ PP5 )، عامر علی (ناظم منہاج القرآن یوتھ لیگ واہ) اور میر خان انجم (ناظم منہاج القرآن یوتھ لیگ پنڈی گھیپ) موجود تھے۔

میلاد مارچ کا آغاز 3 بجے سہ پہر چاندنی چوک راولپنڈی سے تلاوت اور نعت شریف سے ہوا۔ میلاد مارچ کے شرکاء نے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم والے سرخ رنگ کے خوبصورت پرچم اٹھا رکھے تھے، میلاد مارچ رفتہ رفتہ اپنی منزل کمیٹی چوک کی طرف بڑھ رھا تھا۔ آج ہر دردمند دل خوشی سے جھوم رہا تھا کیونکہ یہ مری روڈ جو پچھلے عرصے سے دہشت گردی کی کاروائیوں سے خون آلود تھا آج اس روڈ پر ہر طرف دورد و سلام کی صدائیں گونج رہی تھیں۔ اوراس روڈ پر کاروبار کرنے والے تاجر میلاد مارچ کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر رہے تھے۔ مر ی روڈ کے دونوں طرف اور پورے شہر میں ملک فخر زمان عادل سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل یو اے ای کی طرف سے خیر مقدمی بینرز لگائے گئے تھے۔ راستے میں یوتھ لیگ کے قائدین اور علمائے کرام کے مختصر خطابات کا سلسلہ جاری رہا۔ مارچ میں نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ تھی تاہم بزرگ، بچے اور ہر عمر کے لوگ شامل تھے۔

شام 5 بجے میلاد مارچ کمیٹی چوک پہنچ کر ایک بڑا جلسہ عام بن چکا تھا۔ تلاوت اور نعت شریف کے بعد میاں کاشف محمود نے مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ کو خطاب کی دعوت دی، بلال مصطفوی نے تمام شرکاء کو میلاد پاک کی مبارکباد دی اور کہا کہ آج کا یہ عظیم الشان میلاد مارچ نوجوان نسل کے دلوں میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چراغ روشن کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک اور امت جن بحرانوں سے دو چار ہے ان سے نکلنے کے لیے امت کو بارگاہ مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رہنمائی حاصل کرنا ہوگی اور سیرت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنانا ہوگا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ نوجوانوں کو عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی لذت سے آشنا کر رہی ہے۔

آج لاہور سے راولپنڈی تک میلاد کارواں اور راولپنڈی میں ہزاروں نوجوانوں کا یہ میلاد مارچ اس کا مظہر ہے کہ نوجوانان پاکستان میلاد کی خوشیاں منا رہے ہیں اور درود و سلام سے وطن عزیز کے شہر گو نج رہے ہیں۔ آخر پر انہوں نے تمام علمائے کرام، مشائخ عظام، نوجوان، تاجر برادری، صحافی برادری اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

میاں کاشف محمود نے اپنے ولولہ انگیز انداز میں اعلان کیا کہ حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کراچی سے ٹیلفونک خطاب فرمائیں گے تو فضاء نعروں سے گونج اٹھی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کو مبارکباد دی اور انہوں نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ کچھ لوگ جمہوریت کے لیے مارچ کرتے ہیں کچھ لوگ اپنے حقوق کے لیے مارچ کرتے ہیں اور اس طرح مختلف مقاصد کے لیے لوگ مارچ کرتے ہیں مگر آج کا یہ میلاد مارچ جو آپ نوجوانوں نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی میں کیا ہے یہ ان سب سے بڑا مارچ ہے۔ یہ سب سے زیادہ اہم مارچ ہے۔ اور یہ میلاد مارچ امن مارچ ہے ہم اس کے ذریعے دنیا بھر میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم اس کے ذریعے ناانصافی کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم اس کے ذریعے انسانی حقوق کی پامالی کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم جہالت کی مذمت کرتے ہیں کیونکہ آقا دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دنیا میں امن کو فروغ دیا، انصاف قائم فرمایا، انسانی حقوق عطا فرمائے، اور علم سے دنیا کو منور فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ آج امت کوپختگیء تعلق نسبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ضرورت ہے اور تحریک منہاج القرآن اسی مقصد کے لیے دنیا بھر میں کام کر رہی ہے۔

آخر پر پیر سید صدیق شاہ نے دعائے خیر کی۔

رپورٹ : عتیق چودھری

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top