منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام میلاد النبی کانفرنس

مورخہ: 08 مارچ 2009ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیر اہتمام مورخہ 08 مارچ 2009 بروز اتوار بمقام Sankt Annæ Gymnasium کے کانفرنس ہال میں ایک عظیم الشان سالانہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کا آغاز بعد از نماز ظہر (14:00) ہوا۔ کانفرنس میں کثیر تعداد میں خواتین و حضرات ہال میں موجود تھے اور معزز مہمانان گرامی قدر سٹیج پر جلوہ افروز تھے۔ معزز مہمانوں میں علامہ غلام مرتضی علوی مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت منہاج القرآن انٹرنیشنل، علامہ عبدالستار سراج امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک، سید محمود شاہ صدر منہاج القرآن ڈنمارک، سید نعیم شاہ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک ویلبی، حافظ ظہیر احمد امام و خطیب منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک۔ ویلبی، حافظ سجاد احمد ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک۔ ویلبی، سید غلام مصطفے شاہ امام مسلم کلچرل انسٹیٹوٹ ڈنمارک، علامہ اویس قادری خطیب مسلم کلچرل انسٹیٹیوٹ ایسہائے، علامہ نور علی سیالوی اسلامک کلچرل سنٹر آما، علامہ حافظ ندیم یونس امام و خطیب منہاج القرآن اوڈنسے ڈنمارک اور محمد عطیہ سیکرٹری جنرل ڈینش مسلم یونین ڈنمارک شامل تھے۔ علاوہ ازیں کانفرنس میں ڈنمارک کے علاوہ پاکستان، سویڈن، پرتگال اور انگلینڈ سے بھی لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔

نقابت کے فرائض علامہ حافظ ندیم یونس اور الفرغانہ انسٹیٹوٹ کی سٹوڈنٹ حلیمہ سعدیہ اُپل نے سرانجام دیئے۔ حافظ اکرام حسین نے تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کی۔ قصیدہ بردہ شریف اویس قادری، محمد جمیل اور محمد حسین شاہ نے پیش کیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی بچیوں نے مل کر ڈینش زبان میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کی۔ اِس کے بعد حمزہ یوسف نے اُرور زبان میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان افروز خطاب کیا جس کو سب حاضرین نے خوب سراہا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک۔ ویلبی کے سٹوڈنٹ زین فاروق نے ڈینش زبان میں خطاب کیا۔ بعد ازاں وسیم کھوکھر نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر خطاب کیا۔ بعد ازاں شاہد سرور تشریف لائے اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔

پرتگال سے تشریف لائے ہوئے معزز مہمان نعت خواں قاری امجد محمود نقشبندی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کی اور تمام حاضرین محفل نے وجد آور کیفیات میں ان کا ساتھ دیا۔

مسلم یوتھ لیگ ڈنمارک کے نمائندہ محمد ذیشان نے ڈینش میں خطاب کیا۔ مسلم یوتھ لیگ کے نوجوانوں نے فیصل شہزاد نجیب (صدر مسلم یوتھ لیگ ڈنمارک) کے ہمراہ وجد آفریں انداز میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا جس نے سامعین پر رقت طاری کر دی۔

بعد ازاں حافظ ظہیر احمد نے مسلم یوتھ لیگ کے نوجوانوں کےساتھ مل کر دف کے ساتھ منہاج القرآن انٹرنیشنل میں پڑھے جانے والے درود پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ورد شروع کیا تو حاضرین محفل نے ہاتھوں کو بلند کر کے آپ کا ساتھ دیا، یوں لگ رہا تھا جیسے خود آقا دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محفل میں تشریف لے آئے ہوں۔

(اَللّٰهُمَّ صَلّ عَلَی سَيّدِناَ وَ مَولاناَ مُحَمَّدٍ وَّ عَلَی آلِهِ وَ صَحبِه وَ بَارِک وَسَلّمِ)

اِس کے بعد عرب نعت خواں کے گروپ نے اپنے مخصوص اور روایتی انداز میں میوزک کے ساتھ عربی زبان میں حمد اور نعتیں پیش کیں جس نے حاضرین و سامعین پر وجد طاری کر دیا۔ جس سے شرکاء محفل جھوم اُٹھےاور تقریباً آدھ گھنٹہ تک مدحت حبیب کبریاء سنتے رہے۔ عربی گروپ کے بعد ویمن یوتھ لیگ کی نمائندہ اور الفرغانہ انسٹیٹوٹ کی سٹوڈنٹ نرگس ظہور نے ڈینش زبان میں خطاب کیا۔

الفرغانہ انسٹیٹوٹ ڈنمارک کے پرنسپل ڈاکٹر ندیم عاصم نے ڈینش زبان میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خطاب کیا جسے سامعین نے ھمہ تن گوش ہو کر بڑے انہماک سے سنا اور خوب داد دی۔

مرکز سے تشریف لائے ہوئے معزز مہمان میاں محمد سرور صدیق نے آقا دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیئے۔ دوران نعت دیدنی مناظر دیکھنے کو ملے۔ ہر سامع عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مستی میں مست تھا۔ نعت سن کر سامعین پر وجد آور کیفیات طاری تھیں۔ تمام حاضرین ہاتھوں کو لہرا لہرا کر نعت پڑھتے اور دیوانہ وار سرور صدیق کا ساتھ دیتے رہے۔

آخر میں علامہ غلام مرتضی علوی، مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت منہاج القرآن انٹرنیشنل سٹیج پر تشریف لائے اور "میلاد منائیں اور سیرت اپنائیں" کے موضوع پر انتہائی فکر انگیز خطاب فرمایا۔ انہوں نے علامہ عبدالستار سراج امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک، محمود شاہ صدر منہاج القرآن ڈنمارک اور جملہ عہدیداران کو منہاج القرآن ڈنمارک اور تمام شرکاء محفل کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں شاندار اور تاریخی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔ اور تمام خواتین و حضرات کی ریکارڈ حاضری کو سراہا۔

دوران خطاب محبت و ادب مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہر آنکھ اشکبار تھی۔ آپ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دور حاضر کی رسول نما تحریک ہے۔ تحریک اور قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکڑ محمد طاہر القادری کا یہی پیغام ہے کہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خوب منایا جائے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کردار و سیرت کو اپنایا جائے۔

اس پروگرام کے انعقاد میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک، منھاج یوتھ سنٹر آما، مسلم یوتھ لیگ، و یمن لیگ، ویمن یوتھ لیگ اور جملہ عہدیداران و کارکنان نے اہم کردار ادا کیا۔

کانفرنس ہال کے باہر شیخ الاسلام ڈاکڑ محمد طاہر القادری کی کتب، عرفان القرآن، سی ڈیز اور دیگر اشیاء کے اسٹال لگائے گئے تھے اور حاضرین کی ایک بڑی تعداد نے وہاں سے کتب اور سی ڈیز خریدیں۔

آخر میں سید محمود شاہ (صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک) اظہار تشکر کے لیئے سٹیج پر تشریف لائے۔ اور ڈینش، اُردو اور عربی زبانوں میں معزز مہمانان گرامی قدر، جملہ تنظیمات اور تمام خواتین و حضرات کا شکریہ ادا کیا

پروگرام کے اختتام پر سید غلام مصطفےٰ شاہ، امام و خطیب مسلم کلچرل انسٹیٹوٹ ڈنمارک سٹیج پر تشریف لائے اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کو اور بالخصوص مسلم یوتھ لیگ کے نوجوانوں کو تاریخی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔ اور اُن کے لیے، اسلام اور عالم اسلام کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔

تمام خواتین و حضرات کے لیئے وسیع پیمانے پر "ضیافت میلاد " کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تمام حاضرین میں کھانا تقسیم کیا گیا اور اس طرح میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس 2009 اختتام پذیر ہوئی۔

الداعی الی الخیر : شعبہ نشرو اشاعت ڈنمارک

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top