منہاج القرآن کلچرل سنٹر بریڈفورڈ، برطانیہ میں حفظ کلاسز

مورخہ: 05 مارچ 2009ء

منہاج القرآن کلچرل سنٹر بریڈ فورڈ برطانیہ کے زیراہتمام روزانہ بوائز اور گرلز کی حفظ کلاسز کا انعقاد جاری ہے۔ ان کلاسز کو روزانہ 4 تا 5 اور 7 تا 8 بجے منعقد کیا جاتا ہے۔ ویک ڈیز پر محفل نعت و ذکر کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ حفظ کی کلاسز میں ڈائریکٹر منہاج القرآن کلچرل سنٹر بریڈفورڈ علامہ حافظ محمد سعید روزانہ 5 سے 7 بجے تک قرآن، حدیث، فقہ اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوعات پر اردو، عربی اور انگلش میں لیکچرز دیتے ہیں۔

دوسری جانب منہاج القرآن انٹرنیشنل بریڈ فورڈ کے سنٹر پر ماہانہ گیارہویں شریف کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ہر سوموار کو خواتین و حضرات کے علیحدہ علیحدہ درود و سلام کے حلقہ جات بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ خواتین ان محافل میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام کے نذرانے پیش کرتی ہیں۔ خواتین کی اسلامی احکامات سے آگہی، ضروری دینی مسائل اور اخلاق وکردار کی اصلاح کیلئے ہفتے میں 2 دن خصوصی کلاسز بھی منعقد کی جا رہی ہے۔ ویک اینڈ (ہفتہ، اتوار) بالخصوص نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کیلئے مختص ہے، جس میں Essence of Islam Islam Made Easy کے عنوان سے قرآن، حدیث، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فقہ کا جدید انداز سے مطالعہ کرایا جاتا ہے۔ اس میں نوجوان نسل کے ذہن میں اٹھنے والے اشکلات اور شکوک و شبہات کا بھی ازالہ کیا جاتا ہے۔ اس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل اور شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کی تاریخ ساز علمی، فکری کاوشوں سے آگاہ کیا جاتا ہے۔

آج کے پر فتن دور میں ایمان اور کردار کے بچاؤ، فحاشی، عریانی اور مادیت پرستی سے نجات نے نوجوان نسل کو الجھا کر رکھ دیا ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل دیار غیر میں نوجوان نسل کے ایمان کو بچانے کے لیے مصروف عمل ہے جو نوجوان نسل کے دل اولیاء سے جوڑ کر شعائر اسلام کی حفاظت کر رہی ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل بریڈ فورڈ پر رواں سال بھی قائد ڈے کی تقریب کا خصوصی اہتمام کیا تھا۔ اس تقریب میں ڈاکٹرز، وکلاء، اہل علم، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ھائے زندگی کے خواتین وحضرات نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں صاحبزادہ حسین محی الدین القادری مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں منہاج القرآن کلچرل سنٹر بریڈ فورڈ کے سیکرٹری جنرل بریڈفورد راجہ منصور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری علم کا سمندر ہیں۔ صدر منہاج القرآن بریڈ فورڈ محمد اورنگزیب نے بھی اظہار خیال کیا۔

یورپ میں منہاج القرآن بریڈ فورڈ سنٹر پہلا سنٹر ہے جہاں تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سہولیات میں کک باکسنگ بھی سکھائی جاتی ہے۔ اس میں ہر عمر اور ہر نسل کے نوجوان مستفید ہو رہے ہیں۔ ان دنوں سنٹر میں 350 نوجوان بچے زیر تعلیم ہیں اور 10 سے زائد معزز اساتذہ کرام خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ سنٹر میں تعمیراتی کام پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ جس سے اوپر کی منزل پر دو بڑے ہال اور تین کلاس روم کا اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ: شاہد جنجوعہ (برطانیہ)
مرتب: میاں اشتیاق (امورخارجہ)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top