غلام مرتضیٰ علوی کا کامیاب دورۂ آسٹریا
منہاج القرآن آسٹریا، فروغ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اصلاح احوال امت کے عظیم مقصد کے لیے اپنے عظیم قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ولولہ انگیز قیادت میں مقدور بھر انداز میں مصروف عمل ہے۔ ماہ ربیع الاول میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے ویانا میں منہاج القرآن کی سالانہ میلاد کانفرنس اس دفعہ 14 مارچ کو ہونا قرار پائی جس میں شرکت کے لیے مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت غلام مرتضیٰ علوی خصوصی طور پر آسٹریا تشریف لائے۔ ان کا یہ دورہ 12 مارچ سے 16 مارچ تک تھا۔ جو کہ بحمد اللہ تعالی اپنے مقاصد کے اعتبار سے بہت کامیاب رہا۔ دورے کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں۔مورخہ 12 مارچ بروز جمعرات صبح 10 بجے ویانا ائیر پورٹ پر منہاج القرآن آسٹریا کی مقامی تنظیم اور یوتھ لیگ کے اراکین نے جناب غلام مرتضیٰ علوی کا پرتپاک استقبال کیا۔ استقبال کرنے والوں میں منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم، نائب صدر ملک محمد شفیع، جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا، محتسب مالیات مرزا طارق بیگ، اور یوتھ کے اراکین، علی ارشاد، ملک اعجاز رشید، شامل تھے۔ معزز مہمان کو ائیر پورٹ سے مرزا طارق بیگ کی رہائش گاہ پر لے جایا گیا جہاں انہیں قیام کرنا تھا۔ اسی روز شام کو محمد نعیم رضا کے گھر محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں کمیونٹی کے افراد کے علاوہ نعت خواں حضرات اور جناب علوی صاحب نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پر میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے مختصر خطاب بھی فرمایا۔ اگلے روز 13 مارچ کو ویانا میں سب سے بڑی پاکستانی مسجد ’’مدنی اسلامک سنٹر‘‘ میں خطاب جمعہ کا پروگرام تھا۔ تلاوت اور نعت شریف کے بعد راقم الحروف نے حاضرین سے مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت غلام مرتضیٰ علوی کا تعارف پیش کیا اور انہیں خطاب کی دعوت دی۔ جناب علوی صاحب نے ’’میلاد اور سیرت‘‘ کے تعلق کو اپنا موضوع بنایا اور سیر حاصل گفتگو فرمائی۔
اسی روز شام کو ویانا میں معروف سماجی شخصیت حاجی شاہد محمود کے ہاں محفل میلاد تھی۔ جہاں جناب علوی صاحب اور منہاج القرآن کے اراکین نے خصوصی شرکت کی۔ اس محفل میں مدنی اسلامک سنٹر کے خطیب مولانا حافظ عبدالحفیظ الازہری بھی شریک تھے۔ منہاج القرآن آسٹریا کے امیر محمد حفیظ اللہ قادری نے نقیبِ محفل کے فرائض سرانجام دیے اور آخر میں جناب علوی صاحب نے بندگان الٰہی کے پانچ طبقات پر خطاب کیا جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔ اگلے روز بروز ہفتہ 14 مارچ کو صبح منہاج القرآن کی ہفتہ وار محفل کے رکن حاجی محمد اکبر نے اپنے ہاں محترم علوی صاحب کو ناشتہ کی دعوت دی۔ جس میں امیر تنظیم محمد حفیظ اللہ، مرزا طارق بیگ، حاجی نسیم ملک اور محمد نعیم رضا نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحریکی موضوعات پر تبادلۂ خیالات کیا گیا۔
بعد از نماز ظہر مدنی اسلامک سنٹر میں منہاج القرآن آسٹریا کی نویں سالانہ میلاد کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں۔ پنڈال کو مختلف بینرز سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا جبکہ سٹیج پر پھولوں کی پتیاں اور گلدستے ماحول کو معطر کر رہے تھے۔ اس پروگرام کے مہمانان خصوصی میں خطیب مسجد ہذا علامہ عبدالحفیظ الازہری، صوبائی پارلیمنٹ میں مسلمانوں کے نمائندہ ڈاکٹر عمر الراوی، اسلامک اکیڈمی کے صدر، مصری مرکز الدندانوی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عاطف عبداللہ، پاکستان ایمبیسی کے اراکین جناب آصف میمن اور جناب اشتیاق عاقل تھے۔ کانفرنس کی نقابت کی ذمہ داری محمد نعیم رضا نے نبھائی۔ تلاوت کلام پاک کے بعد سلسلہ نعت خوانی شروع ہوا جس میں محمد شہریار خان، سیف الاسلام، حفیظ اللہ قادری، سید عثمان شاہ اور انکے ساتھی، محمد عثمان رضا، حاجی محمد اکبر، اور دوردراز شہر سے تشریف لائے ہوئے تحریکی رفیق محمد اشرف کمال نے بارگاہ رسالتمآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔
جوش و خروش اور بھرپور نعروں کو گونج میں جناب غلام مرتضیٰ علوی اپنے خصوصی خطاب کے لیے سٹیج پر تشریف لائے۔ انہوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اپنی امت کے لیے محبت پر گفتگو سے آغاز کیا جس سے حاضرین مجلس کی آنکھیں اپنے آقا و مولا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یاد میں نم ہوگئیں۔ انہوں نے حاضرین کو اپنے اعلی کردار کی بدولت دیار غیر میں رہتے ہوئے دین اسلام اور پاکستان کا وقار بلند کرنے کی نصیحت کی۔ زادہ کے اثر انگیز خطاب کے دوران کئی بار حاضرین کی آنکھیں خوف الٰہی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جذبات میں بھیگ جاتیں۔ ازاں بعد ویانا میں دینی خدمات سرانجام دینے والوں کے لیے منہاج القرآن آسٹریا کی طرف سے خصوصی انعامات دینے کی تقریب ہوئی۔ جس میں علامہ عبدالحفیظ الازہری اور حافظ گلزار احمد کی دستار بندی، حاجی عمر رحیمی، حاجی الطاف حسین، لالہ محمد حسین تبسم اور محمد شہریار خان کو تحائف دیے گئے۔
منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے سب حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ ہدیہ درود و سلام کے بعد جناب علوی صاحب کی خصوصی رقت آمیز دعا کے ساتھ یہ عظیم الشان کانفرنس اختتام پذیر ہوئی۔ بعد ازاں حاضرین میں تبرک تقسیم کیا گیا۔ کانفرنس میں ویانا کے مسلمانوں کے علاوہ تمام اہم دینی، سیاسی، سماجی اور سپورٹس تنظیمات نے بھی بھرپور شرکت کی۔
علاوہ ازیں ویانا سے تقریباً دو سو کلومیٹر دور شہر گراس سے بھی منہاج القرآن کے رفقا جناب چوہدری اصغر، محمد حنیف مغل، عاصم الیاس، طاہر خان اور اشرف کمال نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ کانفرنس کے کامیاب انتظام و انصرام کا سہرا صدر تنظیم خواجہ محمد نسیم کو جاتا ہے جنہوں نے جانفشانی اور محنت سے دیگر عہدیداران میں انتظامات کی بھرپور تقسیم کی۔ دیگر منتظمین میں منہاج القرآن آسٹریا کے امیر حفیظ اللہ قادری، نائب صدراول ملک غلام مصطفی نائب صدر دوم ملک محمد شفیع، جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا، حاجی شاہد محمود، فنانس سیکرٹری ملک محمد امین اعوان، محتسب مالیات مرزا طارق بیگ اور نائب محتسب چوہدری محمد آصف، سیکرٹری اجتماعات حاجی نسیم ملک، مجلس عاملہ کے اراکین حاجی الطاف حسین، حاجی قاسم علی، یوتھ لیگ سے ملک اعجاز رشید، علی ارشاد، جذبہ انٹرنیشنل کے بیورو چیف اور کانفرنس کے میڈیا انچارج محمد اکرم باجوہ، محمد عثمان رضا، اور جامع مسجد مدنی کی اتنظامیہ کی محنت و کاوش خصوصی طور پر قابل ذکر ہیں۔
کانفرنس کے اختتام پر شام کو صدر تنظیم خواجہ محمد نسیم کی رہائش گاہ پر سفیرِ پاکستان جناب شہباز، ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر عمر الراوی، سفارت خانہ پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری اشتیاق عاقل، کونسلر مبین الرحمن، سپیشل سیکرٹری آصف میمن، نو مسلم آسٹرین مسلمان ڈاکٹر ابراھیم، ترکی مسلمان علی اختراور دیگر معززین ویانا کے لیے جناب غلام مرتضیٰ علوی کے ساتھ پرتکلف عشائیہ کا اہتمام تھا۔ اس موقع پر منہاج القرآن آسٹریا کا تفصیلی تعارف ان اعلی تعلیم یافتہ اور با اثر و رسوخ آسٹرین شخصیات سے کروایا گیا جس پر سب نے منہاج القرآن کے مقاصد اور قیادت کی تعریف کی اور اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اگلے روز 15 مارچ بروز اتوار ویانا کی معروف سماجی شخصیت طارق حسین اور انکے دوستوں کی طرف سے جناب علوی صاحب کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام تھا۔ یہاں پر تحریک کے تعارف کی مختصر نشست ہوئی اور جناب علوی صاحب نے تحریکی حوالے سے اٹھائے گئے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے۔
بعد ازاں مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت غلام مرتضیٰ علوی کو ویانا میں سفارتی سطح پر قائم عظیم الشان مسجد میں لے جایا گیا جہاں اس سے قبل 2004ء میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری بھی خطاب فرما چکے تھے۔ مسجد کے وزٹ کے بعد جناب علوی صاحب ویانا کے مشہور گولڈ میڈلسٹ صحافی محمد اکرم باجوہ کی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے اور انکی اہلیہ کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ میلاد کانفرنس کے میڈیا انچارج جناب باجوہ نے اس موقع پر علوی صاحب کو کانفرنس کی کوریج کا ریکارڈ ایک فائل کی صورت میں پیش کیا۔
اسی روز شام کو ویانا کی مسجد ابراھیم میں منہاج القرآن آسٹریا کے تحت ہفتہ وار محفل ذکر و نعت میں جناب علوی صاحب نے خصوصی شرکت کی۔ یہاں بھی پاکستانی مسلمانوں نے بھرپور شرکت کر کے اپنے جذبہ ایمانی کا ثبوت دیا۔ جناب علوی صاحب نے اپنے خطاب میں ’’اولاد کی تربیت‘‘ کو اپنا موضوع بنایا۔ سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مختلف مثالوں کے ذریعے انہوں نے اولاد کی تربیت کی اہمیت کی طرف ایسے دل افروز انداز میں روشنی ڈالی کہ ہر آنکھ اشکبار تھی۔ محفل کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی اور حاضرین میں تبرک تقسیم کیا گیا۔ مسجد سے واپسی پر جناب علوی صاحب، یوتھ لیگ کے رکن علی ارشاد کی رہائش گاہ پر تھوڑی دیر کے لیے تشریف لے گئے اور انکے اہل خانہ کے لیے خیر و برکت کی دعا فرمائی۔
یہاں سے واپسی پر مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت غلام مرتضیٰ علوی، صدر منہاج القرآن آسٹریا جناب خواجہ محمد نسیم کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں تحریکی اراکین انکا انتظار کر رہے تھے۔ یہاں خالصتاً تنظیمی گفتگو ہوئی۔ علوی صاحب نے قیادت اور تحریک کے ساتھ تعلق کی اہمیت کو واضح کیا۔ تنظیم میں نظم و ضبط قائم رکھنے کی تلقین کی اور ایک بار پھر منہاج القرآن آسٹریا کو کامیاب پروگراموں کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
اگلی صبح 16 مارچ بروز پیر تحریکی اراکین کے ہمراہ آپ ویانا ائیر پورٹ پہنچے جہاں سے وہ ہالینڈ کے لیے محوِ پرواز ہوگئے۔ بحمد اللہ تعالی، مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت غلام مرتضیٰ علوی کا دورہ اپنے مقاصد کے اعتبار سے نہایت کامیاب رہا۔ اور تحریکی اراکین کے دلوں میں جوش و جذبے کی نئی لہر دوڑ گئی۔
رپورٹ : محمد نعیم رضا (ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل، آسٹریا)
تبصرہ