تحریک منہاج القرآن کی میلاد ملن تقریب

مورخہ: 16 مارچ 2009ء

(ایم ایس پاکستانی)

تحریک منہاج القرآن کی 25ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر میلاد ملن تقریب مورخہ 16 مارچ 2009ء کو منعقد ہوئی۔ تقریب کا اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں گوشہ درود کے تصوف ہال میں کیا گیا تھا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم امورخارجہ جی ایم ملک، امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم، ناظم اجتماعات ساجد محمود بھٹی، شہزاد رسول قادری اور دیگر معزز قائدین تحریک موجود تھے۔ پروگرام میں عالمی میلاد کانفرنس کے منتظمین کے علاوہ ملک بھر سے تحریک منہاج القرآن کی مختلف تنظیمات کے عہدیداران بھی شریک تھے۔ شرکاء میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین کارکنان و قائدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ نماز عشاء کے بعد شب ساڑھے 8 بجے تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

تقریب کی کمپئرنگ کے فرائض شہزاد رسول قادری نے ادا کئے۔ انہوں نے تقریب میں عالمی میلاد کانفرنس کی جملہ کمیٹیز کی رپورٹ پیش کرنے کے لئے ناظم اجتماعات ساجد محمود بھٹی کو دعوت دی۔ ساجد محمود بھٹی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور شرکاء کے سامنے میلاد کانفرنس کی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں تحریک منہاج القرآن کے منتظمین نے اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عالمی میلاد کانفرنس میں کام کرنے والی مختلف کمیٹیوں کے نام شیخ الاسلام کو پیش کیے۔ جس پر کمیٹیوں کے سربراہان اور ممبران نے کھڑے ہو کر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور شرکاء سے داد تحسین وصول کی۔ شیخ الاسلام نے میلاد کانفرنس کی ہر کمیٹی کو شاباش اور خصوصی مبارکباد دی۔ میلاد کانفرنس میں مردوں کے برابر شرکت کرنے پر شیخ الاسلام نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ٹیم اور ملک بھر سے عہدیداروں و کارکنان کو سب سے بڑھ کر مبارکباد پیش کی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ خواتین تحریک منہاج القرآن کا اہم اور لازمی جزو ہیں، جن کے بغیر تحریک منہاج القرآن ادھوری ہے۔

میلاد ملن تقریب میں شیخ الاسلام نے میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے ایک جوڑے کا نکاح اور دوسرے کا رشتہ طے کیا۔ تقریب میں سیکڑوں افراد کی موجودگی میں تحریک منہاج القرآن پنجاب کے نائب ناظم میاں عبدالرسول سندھو منہاجین کی رسم نکاح ہوئی۔ اہم بات یہ ہے کہ میاں عبدالرسول سندھو کا رشتہ اسی محفل میں ہی طے کیا گیا اور نکاح پڑھایا گیا۔ اس موقع پر میاں عبدالرسول سندھو کو تحریک منہاج القرآن کی طرف سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر مبارک کی نسبت سے 63 ہزار روپے نقد مہر کا تحفہ دیا گیا۔ منہاجینز کے صدر علامہ محمد ادریس قادری نے منہاجینز کی طرف سے دولہا کی دعوت ولیمہ کا اعلان کیا۔ محمد شبیر قادری نے دلہن کے لیے فرنیچر بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا جبکہ تحریک منہاج القرآن راوی ٹاون نے برات کے لیے کھانے کے تمام اخراجات ادا کرنے کا اعلان کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ یہ نکاح سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مواخات مدینہ کے مطابق ہے۔ اس کے علاوہ عبدالرازق گجر منہاجین جو مرکزی نائب ناظم تربیت ہیں کا رشتہ فرانس میں طے کیا۔

میلاد ملن تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ تحریک منہاج القرآن کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ جب کسی جوڑے کا موقع پر رشتہ طے کرنے کے بعد نکاح بھی کر دیا گیا ہو۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسے مواخات مدینہ کی ایک مثال قرار دیا۔ آپ نے کہا کہ ہم معاشرے میں مواخات کی ایسی مثالوں کو دیکھنا چاہتے ہیں جہاں کوئی فرد معاشرے کی گھناؤنی رسموں کی وجہ سے اپنے حق سے محروم نہ رہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لیے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ یہ عشائیہ محمد شبیر قادری کی طرف سے ان کی شادی کے ولیمہ کے طور پر دیا گیا۔ اس ولیمہ کو ضیافت میلاد کا نام دیا گیا۔ پرتکلف عشائیہ کے بعد شب بارہ بجے تقریب کا اختتام باقاعدہ دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top