منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مورخہ: 10 مارچ 2009ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تنظیمات کے زیراہتمام جہاں پاکستان میں محافل میلاد کا انعقاد کیا جاتا ہے وہاں دنیا بھر میں بھی جملہ تنظیمات انتہائی شایان شان انداز سے محافل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کرتی ہیں۔ سابقہ سالوں کی طرح امسال بھی منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیراہتمام عظیم الشاں محافل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انتہائی عقیدت واحترام اوخوشی سے منائی گئیں۔ مگر بلاشبہ ناگویا میں منعقد ہونے والی محفل میلاد جاپان کی تاریخ میں سب سے بڑی خوبصورت اور منظم میلاد کانفرنس تھی۔

اس عظیم الشاں محفل میلاد کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت ترکی مسجد کے امام مرشد اوتار نے حاصل کی۔ جبکہ ثناء خوان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محمد عارف، نجم الثاقب، مجیب الرحمان، راجہ رضوان، جاوید سجن نے نہایت خوبصورت آواز میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیں۔ اس محفل کے مہمان خصوصی شاگرد رشید شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری علامہ محمد افضل سعیدی جو کہ برطانیہ سے خصوصی طور پر تشریف لائے تھے۔ اس محفل کی صدارت محترم المقام الشیخ نعمت اللہ خلیل ابراہیم نے کی۔ جاپانی مسلم محمد عمر نے جاپانی زبان میں میلاد پاک کے حوالے سے خصوصی بیان کیا اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت پر گفتگو کی۔

خطبہ استقبالیہ منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے سابق صدر اور راہنما علی عمران نے پیش کیا جس میں انہوں نے تمام حاضرین اور صدر مجلس اور مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ نقابت کے فرائض سعید عثمان شاہ بخاری اور اعجاز کیانی نے سرانجام دیئے۔ مہمان خصوصی علامہ افضل سعیدی نے میلاد پاک کی شرعی حیثیت پر انتہائی پراثر اور سیر حاصل خطاب فرمایا جسے حاضرین نے بار بار داد دے کر سراہا۔

درود و سلام کے بعد الشیخ نعمت اللہ خلیل ابراہیم کی خوبصورت دعا پر میلاد کی محفل کا اختتام ہوا۔ محفل کے اختتام پر نہایت پرتکلف ضیافت میلاد کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جبکہ سیرت و میلاد کانفرنس کے خوبصورت انعقاد اور خصوصاً ضیافت کے انوکھے انداز کو جو اپنی مثال آپ تھا، تمام حاضرین نے بہت پسند کیا۔ اس یادگار اور ایمان فروز محفل کے انعقاد پر منہاج القرآن کے عہدیداران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top