قومی امن کانفرنس کی تیاریاں مکمل، کانفرنس دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگی : شیخ زاہد فیاض

کانفرنس میں اہم سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات شرکت کریں گی : شیخ زاہد فیاض

تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام 9 اپریل کو ہونے والی ’’قومی امن کانفرنس‘‘ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ اس کانفرنس میں جملہ سیاسی، مذہبی قائدین کے ساتھ ساتھ علماء، تاجر، اساتذہ، صحافی، طلبہ، یوتھ اور وکلاء کی نمائندہ تنظیمات اور اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ یہ بات تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے شاہد لطیف اور جواد حامد کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز دہشت گردی کی جس بدترین لہر کا شکار ہے اس تناظر میں یہ کانفرنس دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ اس کانفرنس میں جو اہم شخصیات شرکت کریں گی ان میں جہانگیر بدر، مشاہد حسین سید، سید منور حسن، غلام مصطفیٰ کھر، محمد علی درانی، جنرل مرزا اسلم بیگ، احسان وائیں، سینٹر حاجی محمد عدیل، مولانا امجد خان، ابتسام الٰہی ظہیر، قاری زوار بہادر، حمید الدین المشرقی، ڈاکٹر سرفراز احمد نعیمی، زبیر احمد ظہیر، خواجہ غلام قطب الدین فریدی شامل ہیں۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ کانفرنس میں حالیہ دہشتگردی کی لہر سے متعلق قومی لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا تاکہ عوام دہشت گردی کے ناسور سے نجات حاصل کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مؤثر شخصیات دائمی امن کے قیام کے لیے جو تجاویز دیں گے وہ حکومت کیلئے بہترین رہنما اصول ہوں گے جن پر عمل درآمد کیا گیا تو ملک دہشت گردی سے نجات پاجائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top