سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس
رپورٹ : میر محمد آصف اکبر
منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام سالانہ عظیم الشان سیدنا صدیق اکبر (رضی اللہ عنہ) کانفرنس 10 جولائی کو مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کی جبکہ مہمان خصوصی شیخ الحدیث انوار العلوم ملتان محترم علامہ سید ارشد سعید کاظمی تھے۔ صدر سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، ممبر سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ حسین محی الدین قادری اور صاحبزادہ حماد مصطفیٰ قادری المدنی نے خصوصی شرکت کی۔
دیگر معزز مہمانوں میں امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب امیر تحریک پیر سید خلیل الرحمٰن چشتی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ للبنات لاہور علامہ ڈاکٹر محمد عارف نعیمی، سرپرست اعلیٰ دار الاخلاص لاہور علامہ شہزاد مجددی، تحریک علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ علی غضنفر کراروی، محترم علامہ پیر سید غلام حسین شاہ، محترم علامہ حافظ محمد اکبر شیخ الحدیث جامعہ صدیقیہ کاہنہ نو ممبر سپریم کونسل جمیعت علماء پاکستان، محترمہ علامہ اشرف سعیدی امیر جماعت اہل سنت لاہور، محترم علامہ قاری محمد حفیظ نقشبندی، حضرت علامہ محمد مشتاق نوری، حضرت علامہ عبدالحق ظفر چشتی، شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام، علامہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ، صدر منہاج القرآن علماء کونسل پنجاب علامہ امداد اللہ خان قادری، مرکزی کوآرڈینیٹر علامہ محمد عمر حیات الحسینی، محترم علامہ محمد حسین آزاد جملہ مرکزی ناظمین تحریک اور دیگر علماء کرام و مشائخ عظام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر شیخ الحدیث انوار العلوم ملتان محترم علامہ سید ارشد سعید کاظمی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن علماء کونسل کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اس تقریب میں شرکت کی سعادت عطا کی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اہل سنت کا عالمی سرمایہ ہیں اللہ تعالیٰ انہیں ہر شریر کے شر، ہر حاسد کے حسد، ہر دشمن کی دشمنی سے محفوظ رکھے۔ انہیں صحت و سلامتی عطا فرمائے اور انہیں اس طرح اسلام کی مزید خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کا مقام و مرتبہ بہت بلند اور عظیم تھا آپ رضی اللہ عنہ وہ ہستی ہیں جنہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لانے میں کوئی تردد نہیں کیا۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ ہر قدم پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ رہے سب سے زیادہ صحبت آپ کو میسر آئی۔ احادیث مقدسہ میں ہے کہ انسان جہاں دفن ہوتا ہے اس مٹی سے اس کا خمیر اٹھایا جاتا ہے، حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و سیدنا ابوبکر صدیق اور سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہم ایک مقام پر دفن ہیں۔ لہذا معلوم ہوا کہ تینوں مقدس ہستیوں کا خمیر ایک ہی مٹی سے ہے اور وہ مٹی جنت کی ہے۔
تبصرہ