منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن، ناروے کے زیراہتمام محفل گیارھویں شریف

منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن کے زیراہتمام عظیم الشان گیارھویں شریف منعقد ہوئی جس میں اہل درامن نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خواتین کی بھی بہت بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کر کے حضور غوث الاعظم رضی اللہ عنہ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز آیات ربانی سے کیا گیا اور اسکی سعادت حافظ جانگیر نے حاصل کی، تلاوت کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچاور کرنے کا سلسلہ شروع ہوا جو تقریباً ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہا۔ منہاج نعت کونسل درامن کے بچوں اور بچیوں نے عربی و اردو زبان میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کی ان میں آمنہ، ظہیرہ، ثوبیہ، صباہت، لاریب، دانیال اور سراج الدین شامل تھے۔

منہاج یوتھ لیگ کے رکن محمد وقاص اور درامن کی مشہور اور معروف شخصیت محمد جاوید نے بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں نعت کے گجرے پیش کیے۔ محفل نعت کی مزید رونق بڑھانے اور اس میں مزید عروج بخشنے کے لیے شیمہ نعت کونسل ناروے کی سسٹرز کو نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھنے کی دعوت دی گئی، شیمہ نعت کونسل ناروے کی سسٹرز نے اپنے پیارے اور مخصوص انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اسطرح مدح و سرائی کی کہ محفل میں موجود ہر شخص پر وجد اور رقت کی کفیت طاری ہوگی اور محفل میں شریک ہر شخص دورد پاک کا ورد کرتا نظر آیا۔

اس موقع پر منہاج ویمن لیگ ناروے کی صدر رافعہ رؤف نے بھی خطاب کیا اور منہاج القرآن کے اغراض و مقاصد کا تفصیلی ذکر کیا اور قائد تحریک شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و تحقیقی ریسرچ کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ آپ بھی آئیے اور قدم سے قدم بڑھائیے تاکہ ہم اپنی منزل کی طرف اور تیز رفتاری کے ساتھ بڑھ سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قائد تحریک نے ہمیشہ خواتین کو اس تحریک کا ہراول دستہ قرار دیا ہے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی رکن روبینہ طارق نے بھی اسلام میں عورت کا مقام اور معاشرے میں عورت کا کردار کے موضوع پر تفصیلی بیان دیا اور انہوں نے منہاج القرآن درامن کو اتنا عظیم الشان پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی اور منہاج القرآن درامن کے امیر علامہ نور احمد نور نے بابرکت اور پرنور محفل سے مختصراً، مگر فکر انگیز خطاب کیا جسے اہل دل عرصہ دراز تک اپنے قلوب میں لذت محسوس کریں گے۔ علامہ نور احمد نور نے کہا کہ گیارھویں شریف کو ہم نے کھانا کھانے کی ایک رسم بنا لی ہے جبکہ اسکا اصل مقصد دین کو زندہ کرنا، دین کو پھیلانا اور اس پر عمل کرنا ہے تاکہ ہم اپنے سچے اور سُچے کر دار سے اسلام کو پھیلانے میں کامیاب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو اپنانا ہو گا اسی میں ہماری بھلائی خیر اور عزت ہے۔ انہوں نے کہا کہ

عشق سرکار (ص) کی شمع جلا لو دل میں
بعد مرنے کے لحد میں بھی اجالا ہو گا

پروگرام کے آخری حصے میں حلف برداری کی تقریب رکھی گئی تھی جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو سے بھی تحریکی ساتھیوں نے شرکت کی۔ منہاج ویمن لیگ، منہاج سسٹرز لیگ اور منہاج یوتھ لیگ کے فورمز سے منہاج مصالحتی کونسل کے مرکزی رہنما عقیل قادر اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے جنرل سیکریٹری فیض عالم قادری نے جملہ فورمز سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ پروگرام کے آخر پر لنگر غوثیہ سے تواضع کی گئی اور یوں یہ محبتوں بھرا پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔

رپورٹ:عقیل قادر (منہاج القرآن ناروے)
مرتب: میاں اشتیاق (سیکرٹری امورخارجہ)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top