منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیراہتمام محفل میلاد النبی (ص)

منہاج القرآن انٹرنیشل اٹلی کے زیراہتمام اٹلی کے شہر گلتیری میں محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی۔ اس پروگرام کو خوبصورت ہال میں منعقد کیا گیا۔ محفل نعت میں خواتین و حضرات کے علاوہ بچوں نے بھی شرکت کی۔ علام سید غلام مصطفیٰ مشہدی محفل میلاد میں مہمان خصوصی تھے۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ ہوا جس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ نعت خوانی میں بچوں نے بھی حصہ لیا جبکہ نوجوان نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔

علامہ سید غلام مصطفیٰ مشہدی نے میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ میلاد منانا خود اللہ تعالیٰ کی سنت ہے۔ آج ساری دنیا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد پاک منا کر سنت الٰہی کو زندہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے۔ اس پر ساری خوشیاں قربان کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت ہونے کے ناطے ہمارا میلاد منانا ہم پر واجب ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دنیا میں امن و آشتی کا پیغام دیا اور آج یہی پیغام میلاد ہے۔ الحمد للہ تحریک منہاج القرآن ساری دنیا میں اس پیغام امن کو عام کر رہی ہے۔ محفل میلاد کا اختتام دعا سے ہوا جس سے قبل تمام شرکاء نے اجتماعی طور پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ درود و سلام پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر شرکاء کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top