میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شیخ الاسلام کی منظر عام پر آنے والی نئی کتب

تحریک منہاج القرآن کا پیغام ’’محبت، امن اور علم‘‘ ہے۔ قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ اسی منشور کا پرچار کیا ہے۔ آپ کی کل تصانیف کی تعداد ایک ہزار ہے۔ ان میں سے ساڑھے تین سو سے زائد کتب اردو، عربی اور انگریزی زبان میں شائع چکی ہیں، جبکہ دنیا کی دیگر زبانوں میں ان کتب کے تراجم بھی ہو رہے ہیں۔

شیخ الاسلام کے عرفان القرآن کے عنوان سے اردو اور انگریزی زبان میں قرآن کریم کا عام فہم ترجمہ بھی ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے احباب کے لئے قرآن پاک کے انوارات کو ہر سُو بکھیرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

علمِ حدیث میں ’’المنہاج السوی من الحدیث النبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ کی تکمیل کے بعد 20 جلدوں پر مشتمل30 ہزار احادیث کا مجموعہ ’’جامع السنہ‘‘ بھی نئے موضوعات کے تحت نئے تراجم الابواب کے ساتھ زیر طبع ہے۔

سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے 12 جلدوں پر مشتمل سیرت طیبہ کی سب سے بڑی کتاب کا اعزاز بھی شیخ الاسلام ہی کو حاصل ہے۔ علاوہ ازیں اسلام میں انسانی حقوق، اسلام میں خواتین کے حقوق اور اسلام میں اقلیتوں کے حقوق کے موضوع پر الگ الگ کتب بھی اسلام کی اصل تعلیمات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اس سال میلاد پاک کے موقع پر نئی شائع ہونے والی کتب کی تفصیل درج ذیل ہے :

1۔ ہدایۃ الامۃ علی منھاج القرآن والسنۃ

تحریک منہاج القرآن کے سات اہداف میں سے پہلے دو اہداف "تعلق باﷲ اور ربط رسالت" پر مشتمل کتاب هِدَايَةُ الْأُمَّة عَلٰی مِنْهَاجِ الْقُرْآن وَالسُّنَّة کی ساڑھے گیارہ سو صفحات پر مشتمل پہلی جلد چھپ چکی ہے۔ بقیہ پانچ اَہداف۔ رجوع اِلی القرآن، فروغِ علم و شعور، اُخوت و اِتحادِ اُمت، اِلتزامِ جماعت اور اِقامتِ دین۔ پر مشتمل دوسری جلد اِن شاء اﷲ عنقریب منظر عام پر آجائے گی۔ اِس کتاب کی ہر فصل میں احادیث کے ساتھ ساتھ نفسِ مضمون سے متعلقہ آیاتِ قرآنی، صحابہ کرام، تابعین، تبع تابعین اور صوفیاء و محدثین کے آثار و اَقوال بھی مع اردو ترجمہ و تحقیق درج کیے گئے ہیں۔

 

2۔ احادیث النبي الاطھر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم المرویۃ عن الشیخ الاکبر رحمۃ اللہ علیہ

بدقسمتی سے بعض لوگوں کا خیال ہے کہ تصوف اور صوفیاء کا علم سے کوئی تعلق نہیں ہوتا اور تصوف کو ماننے والے قرآن و حدیث، فقہ اور دیگر علومِ عقلیہ سے نابلد ہوتے ہیں، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ صوفیاء دراصل ظاہری اور باطنی دونوں علوم میں درجہ کمال پر فائز ہوتے ہیں۔ وہ قال پر حال کے غلبے کے باعث زیادہ احادیث بیان نہیں کرتے تھے جبکہ محدّثین قال کا غلبہ ہونے کے باعث بکثرت روایات بیان کرتے تھے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے صوفیاء کی علمی و تحقیقی خدمات خصوصاً علم الحدیث میں اُن کا حقیقی مقام و مرتبہ اُجاگر کرنے کے لیے اَوائل دور کے صوفیاء کرام جیسے طَبَقَاتُ الصُّوفِيَة کے مصنف امام سُلمی، اَلرِّسَالَةُ الْقُشَيْرِيَة کے مصنف امام قشیری، عَوَارِفُ الْمَعَارِف کے مصنف شیخ شہاب الدین سہروردی اور شیخ اکبر محی الدین ابن العربی کی حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے براہ راست سند کے ساتھ مرفوع متصل روایات پر الگ الگ کتب مرتب کی ہیں، جن میں سے پہلی نمائندہ کتاب اَحَادِيْثُ النَّبِيِّ الْأَطْهَر صلی الله عليه وآله وسلم اَلْمَرْوِيَة عَنِ الشَّيْخِ الْأَکْبَر رحمة الله عليه شائع ہوچکی ہیں۔

3۔ المنتقی لِاسانیدِ العَسْقلاني الی ائمۃ التصوف والعلمِ الربانی

اسی طرح ’’صحیح بخاری‘‘ کے معروف ترین شارح اور عظیم محدّث حافظ ابن حجر عسقلانی نے تصوف کی کتب براہ راست سند کے ساتھ اُن کتب کے مصنف صوفیاء سے پڑھی ہیں۔ شیخ الاسلام نے اَلْمُنْتَقٰی لِأَسَانِيْدِ الْعَسْقَلَانِي إلٰی أَئِمَّةِ التَّصَوُّف وَالْعِلْمِ الرَّبَّانِی کے عنوان سے حافظ ابن حجر عسقلانی کی 106 کتب تصوف تک براہ راست اَسانید بیان کی ہیں۔

 

 

5۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کا مقام قربت و معیت

’’سیدنا صدیق اَکبر رضی اللہ عنہ کا مقامِ قربت و معیت‘‘ : اِس کتاب میں سورۃ التوبۃ کی آیت نمبر 40۔ ثَانِيَ اثْنَيْنِ اِذْ هُمَا فِی الْغَارِ. کی روشنی میں یارِ غار سیدنا صدیق اَکبر رضی اللہ عنہ کا مقامِ قرب و ولایت اُجاگر کیا گیا ہے اور اِس آیت کے نہایت نادِر تفسیری نکات بیان کیے گئے ہیں۔

 




6۔ القول القوي في سماع الحسن عن علي رضی اللہ عنہ

امام حسن بصری رضی اللہ عنہ کی سیدنا علی المرتضی رضی اللہ عنہ سے ملاقات اور سماع کے ٹھوس اور قطعی دلائل پر مشتمل کتاب اَلْقَوْلُ الْقَوِيّ فِي سَمَاعِ الْحَسَنِ عَنْ عَلِيّ رضی الله عنه مع اُردو ترجمہ چھپ چکی ہے۔

 

 

 

7۔ البیان في رحمۃ المنان

اﷲ تعالیٰ کا مخلوق سے تعلق رحمت و محبت پر مبنی ہوتا ہے۔ اِسی تعلق کے بیان پر مشتمل ایک سو ایمان اَفروز احادیث مبارکہ مشتمل اَلْبَيَان فِي رَحْمَةِ الْمَنَّان کے عنوان سے کتاب اُردو ترجمہ و تخریج کے ساتھ شائع کی گئی ہیں۔

 

 

 

8۔ الصفا في التوسل والتبرک بالمصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

وجہِ تخلیقِ کائنات حضور رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے براہ راست توسل اور تبرک کے بیان پر مشتمل تقریباً 300 مستند احادیث کا مجموعہ اَلصَّفَا فِي التَّوَسُّلِ وَالتَّبَرُّکِ بِالْمصطفیٰ صلی الله عليه وآله وسلم کے نام سے شائع ہوچکا ہے۔

 

 

 

9۔ عالم ارواح کا میثاق اور عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

عالمِ اَرواح میں اﷲ تبارک و تعالیٰ نے مخلوق سے تین میثاق لیے تھے : ایک میثاقِ توحید تھا، دوسرا میثاقِ نبوت تھا، اور تیسرا میثاقِ رِسالتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھا۔ گزشتہ سال عالمی میلاد کانفرنس کے موقع پر شیخ الاسلام کا خصوصی خطاب ’’عالمِ اَرواح کا میثاق اور عظمتِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ‘‘ کتابی صورت میں شائع ہوچکا ہے۔

 

 

 

10۔ روز محشر اور شان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

روزِ قیامت جب سورج سوا نیزے پر ہوگا اور ہر شخص اپنی فکر میں مبتلا و انتہائی پریشان ہوگا۔ ان حالات میں حبیبِ خدا تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شانِ محبوبیت اُجاگر کی جائے گی۔ روزِ محشر بارگاہ الٰہی میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقام و مرتبے کے بیان پر مشتمل کتاب ’’روز محشر اور شان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ کے عنوان سے شائع ہوئی ہے۔

 

 

 

11۔ تذکرۂ مسانید امام اعظم رضی اللہ عنہ

اِمامِ اَعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ پر علم حدیث سے ناواقف اور لاعلم ہونے کا الزام لگایا جاتا ہے۔ اِس اِعتراض کے محاکمے کے لیے حضرت شیخ الاسلام نے ’’امام ابو حنیفہ ص : امام الائمہ فی الحدیث‘‘ کے عنوان سے چار جلدوں پر مشتمل کتاب تصنیف کی ہے، جس کی پہلی جلد شائع ہوچکی ہے اور دوسری جلد بھی اِن شاء اﷲ جلد شائع ہوجائے گی۔ تاہم اِسی سلسلے میں امام اعظم سے مروی اُنتیس مسانید کے تذکرے پر مشتمل ایک اور کتاب ’’تذکرۂ مسانیدِ اِمامِ اَعظم‘‘ نئی شائع ہوئی ہے۔

 

 

12۔ تذکرۂ فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے والد گرامی حضرت فرید ملّت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت و سیرت اور خدمات پر لکھے گئے مضامین کا مجموعہ ’’تذکرۂ فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ‘‘ بھی کتابی صورت میں پہلی بار شائع ہوا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top