منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے زیراہتمام میلاد کانفرنس

مورخہ: 28 مارچ 2009ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل ویلٹ ہیم فارسٹ ٹاؤن ہال لندن کے زیراہتمام سالانہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس 28 مارچ 2009ء کو منعقد ہوئی۔ اسلامک سپریم کونسل امریکہ کے چئیرمین اور صوفی مسلم کونسل برطانیہ کے بانی الشیخ محمد ہاشم الکبانی نے میلاد کانفرنس کی صدارت کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین مہمان خصوصی تھے۔ ویلٹ ہیم فارسٹ لندن کے میئر لیاقت علی، لبرل ڈیموکریٹک گروپ کونسلر کے ڈپٹی لیڈر جوہر خان، نیو ہیم کے کونسلر اور سٹریٹ فرڈ کے مجسٹریٹ ڈاکٹر ذوالفقار علی، منہاج القرآن انٹرنیشنل نیو ہیم سے علامہ محمد صادق قریشی، منہاج القرآن انٹرنیشنل نیو ہیم کے چئیرمین اشتیاق احمد، ویلٹ ہیم فارسٹ کے مقامی رہنماء اور پروگرام کے چیف آرگنائزر خرم شہزاد، حسان منہاج معروف نعت خواں محمد افضل نوشاہی اور دیگر معزز مہمانوں کی بڑی تعداد بھی کانفرنس میں شریک تھی۔ پروگرام کو ایک خوبصورت ہال میں منعقد کیا گیا۔ ہال کے مرکزی حصہ کے علاوہ بالائی فلور پر بھی شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مردوں، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد کے علاوہ مختلف ممالک سے آنے والے معزز مہمان اور سکالرز بھی پروگرام میں شریک تھے۔

میلاد کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد ننھے منھے بچوں کا گروپ منہاج المدینہ، برطانیہ میں معروف مسلم بینڈ نقشبندی اینسیمبل (Naqshbandi Ensemble) اور پاکستان سے آئے معروف نعت خوان حسان منہاج محمد افضل نوشاہی نے ثناء خوانی کی۔ اس موقع پر کانفرنس میں شریک ہزاروں شرکاء نے جھوم جھوم کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

کانفرنس میں شرکت کے لیے امریکہ سے خصوصی طور پر تشریف لانے والے معروف صوفی بزرگ الشیخ محمد ہاشم الکبانی نے صدارتی خطبہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میلاد مصطفیٰ کی اس تقریب میں شرکت کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم پیدائش منانا ہم سب کے لیے ایک اعزاز ہے۔ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امن کا پیغام ہے۔ اس پیغام امن کو آج ساری دنیا میں عام کرنے کی ضرورت ہے اور تحریک منہاج القرآن اس کام کو ایک ذمہ داری کے طور پر سرانجام دے رہی ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانا ہماری حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا عملی ثبوت ہے۔ شاید آقا علیہ السلام کو ہماری یہ ادا پسند آ جائے اور یہ عمل روز محشر ہماری نجات کا سبب بن جائے۔ صاحبزادہ حسن محی الدین نے کہا کہ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس تقریب میں مختلف ممالک سے علماء و مشائخ اور سکالرز کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔ اس موقع پر ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ تہذیبی تصادم کے اس دور میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ سے رہنمائی ہی عالمی قیام امن کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نبی رحمت العالمین اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات بھی عالمی ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نبی رحمت، پیامبر انصاف اور عالمی امن کی ضمانت ہیں۔ اس تناظر میں میلاد مصطفیٰ دنیا بھر میں عالمی قیام امن کی تحریک کے طور پر فروغ پا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ منہاج القرآن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کر دیا ہے۔

ویلٹ ہیم فارسٹ کے مئیر لیاقت علی نے کہا کہ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یہ تقریب دنیا کے لیے پیغام امن ہے۔ اس موقع پر ہمیں دنیا کو پیغام امن کی طرف متوجہ کرنے کی ضرورت ہے۔

نیوہیم کے کونسلر اور سٹریٹفروڈ کے مجسٹریٹ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے میلاد مصطفیٰ کی یہ تقریب منعقد کر کے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت کا ثبوت پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں محبت و امن کے اس پیغام کو عملی طور پر بھی فروغ دینا ہو گا۔ میلاد کانفرنس سے علامہ صادق قریشی اور اشتیاق احمد نے بھی اظہار خیال کیا۔ پروگرام کا اختتام محفل درود سے ہوا۔ محفل کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top