بارسلونا شہر کے نائب مئیر Carles Marti کا منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کا دورہ
بارسلونا کی بلدیہ عظمیٰ کے نائب مئیر Carles Martiنے منہاج مصالحتی کونسل بارسلونا کی دعوت پر منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کا دورہ کیا۔ یہ دورہ مورخہ 30 اپریل 2009ء بروز جمعرات ہوا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ بارسلونا کے قدیم شہر Ciutat Vella کی میونسپل کارپوریشن کے نائب صدر Paco Salvador اور بلدیہ بارسلونا کے تارکین وطن کے امور کے نگران اعلیٰ Daniel de Torres بھی موجود تھے۔ منہاج القرآن بارسلونا کی طرف سے صدر مصالحتی کونسل محمد اقبال چودھری، حاجی محمد نذیر اداسی (رکن مصالحتی کونسل)، نوید احمد اندلسی (سیکریٹری جنرل)، حاجی لیاقت علی (ممبر تنظیم)، محمد عتیق قادری (صدر یوتھ لیگ)، احسن جاوید خان (سیکریٹری جنرل یوتھ لیگ)، یوسف بلال مصطفوی (ممبر یوتھ لیگ) اورحسنات مصطفیٰ (ممبر یوتھ لیگ) نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستان پریس کلب کے صدر حافظ عبد الرزاق صادق بھی موجود تھے۔
منہاج اسلامک سنٹر پہنچنے پرمنہاج یوتھ لیگ کے حسنات مصطفیٰ نے نائب مئیر کو پھول پیش کیے۔ مئیر کو منہاج اسلامک سنٹر میں موجود نماز کے لیے ہال، کمپیوٹر روم اور لائبریری کا وزٹ کرایا گیا اور منہاج القرآن بارسلونا کی مختلف سرگرمیوں کے بارے آگاہ کیا۔ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے وزٹ کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین، بارسلونا کی طرف سے ڈپٹی مئیر کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ بھی دیا گیا جس میں منہاج القرآن بارسلونا کے عہدیداران کے علاوہ پاکستان پریس کلب، بارسلونا سپین کے صدر حافظ عبد الرزاق اور ادارہ ہم وطن کے نمائندہ ارشد نذیر ساحل نے بھی شرکت کی۔
بارسلونا بلدیہ عظمیٰ کے ڈپٹی مئیر نے منہاج القرآن بارسلونا کے قائدین سے گفتگو کے دوران کہا کہ بلدیہ بارسلونا کی طرف سے ہمیشہ غیر ملکی بالخصوص پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے کوشش کی گئی۔ انہوں نے منہاج القرآن بارسلونا کے وساطت سے بارسلونا کے پاکستانیوں کو براہ راست فلائٹ اور قونصلیٹ کے قیام پر مبارک باد بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ بارسلونا آنے والے دور میں بھی تارکین وطن کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیحات میں رکھے گی۔ ڈپٹی مئیر کارلس مارتی نے منہاج القرآن بارسلونا کی طرف سے بین المذھبی ہم آہنگی کے لیے کی جانے والی مختلف سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ منہاج القرآن بارسلونا کے کام سے مطمئن ہیں اور وہ منہاج القرآن بارسلونا کو اس زمانے سے جانتے ہیں جب وہ بارسلونا کے قدیم ٹاؤن (Ciutat Vella) میں بطور کونسلر کام کرتے تھے۔ منہاج یوتھ لیگ بارسلونا کے نوجوانوں نے نائب مئیر بارسلونا سے مختلف قانونی امور پر سوالات بھی کیے۔
یاد رہے کہ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا یعنی منہاج القرآن بارسلونا کی نئی مسجد کی خریداری اور تعمیر کے دوران مختلف قانونی امور پر Carles Marti کا تعاون مثالی رہا ہے۔ 2006 میں کونسلر اور سٹی کونسل کے ممبر کے طور پر انہوں نے ہمسائیوں اور مختلف نسل پرست جماعتوں کی مخالفت کے باوجود نئی مسجد منہاج القرآن بارسلونا کے تعمیراتی کام کے قانونی مراحل کی اجازت دی۔
تبصرہ