شیخ الاسلام کا پیغام تنظیمات و کارکنان کے نام بسلسلہ بحالی متاثرین سوات

مورخہ: 15 مئی 2009ء

متاثرین سوات و مالا کنڈ ڈویژن کی بحالی کے لئے امدادی کارروائیوں کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے لاہور بھر کی تنظیمات کا اجلاس ہوا۔ جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تنظیمات کے عہدیداران اور کارکنان کو خصوصی بریفنگ دی اور منہاج القرآن کی دنیا بھر کی تنظیمات کے نام پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوات اور مالاکنڈ ڈویژن کے 15 لاکھ سے زائد لوگ موجودہ صورتحال کے پیش نظر نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔ یہ تاریخ پاکستان کا سب سے بڑا سانحہ ہے۔ تقسیم ہند کے بعد سب سے بڑی نقل مکانی میں خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد شامل ہے۔ یہ بے گھر اور بے ساز و سامان لوگ ہماری امداد کے منتظر ہیں۔ ہر سطح کے تمام عہدیداران اور کارکنان گھر گھر جائیں اور اپنے ان متاثرہ بھائیوں کے لئے جھولیاں پھیلائیں۔ امدادی کارروائیوں کی مہم چلائیں، ہر فرد کے پاس جائیں تاکہ جلد از جلد اور زیادہ سے زیادہ سامان روانہ کیا جا سکے اور مجبور اور بے بس افراد کی بحالی کو ممکن بنایا جا سکے۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی اب تک کی کارروائیوں بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مردان و پشاور میں خیمہ بستیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ فری ایمبولینس سروس بھی شروع کر دی گئی ہے اس کے علاوہ منہاج ویلفیئر ہسپتال کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین سوات و مالاکنڈ کو درج ذیل اشیاء کی فوری ضرورت ہے، عہدیداران و کارکنان ان اشیاء کو اکٹھا کرنے کے لئے مہم چلائیں۔

1۔ آٹا، چینی، دالیں، دودھ، پانی و دیگر اشیاء خورد و نوش
2۔ گدے، تالائیاں، تکیے اور چادریں وغیرہ
3۔ پیڈسٹل پنکھے
4۔ پلاسٹک کی بالٹیاں، پانی کے لئے واٹر کولر اور روز مرہ استعمال کے برتن
5۔ مچھر دانیاں اور مچھر مار کوائل
6۔ خیمے و ترپال وغیرہ

ناظم اعلیٰ نے کہا کہ جملہ عہدیداران و کارکنان منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ٹیم کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور نقد یا جنس کی صورت میں امداد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کیمپ میں جمع کروائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top