منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام بحالی متاثرین سوات کیلئے ملک بھر میں جھولی پھیلاؤ مہم کا آغاز

مورخہ: 17 مئی 2009ء

لاہور سمیت ملک بھر میں 500 سے زائد امدادی کیمپ لگا دیئے گئے
انتہاء پسندی، عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت لانگ ٹرم پالیسی بنائے
مردان میں قائم منہاج خیمہ بستی اور منہاج ہسپتال کو وسیع کرنے اور ایک لاکھ افراد کی کفالت کو یقینی بنانے کا فیصلہ
تحریک منہاج القرآن مرکزی مجلس شوری کا اجلاس

تحریک منہاج القرآن کی مجلس شوریٰ کا اجلاس مرکزی امیر تحریک فیض الرحمٰن خان درانی کی صدارت میں ہوا جس میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سے سینکڑوں عہدیداران نے شرکت کی۔ مختلف تحصیلوں اور اضلاع سے آئے ہوئے عہدیداران نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں امدادی کاموں کے حوالے سے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ اجلاس میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی ہر شکل کی بھرپور مذمت کی گئی اور سوات اور مالاکنڈ سے تاریخ کی سب سے بڑی نقل مکانی کو قومی المیہ قرار دیاگیا۔ اجلاس میں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آج (سوموار) سے ملک بھر میں "جھولی پھیلاؤ مہم" کے آغاز اور مردان میں قائم منہاج خیمہ بستی اور منہاج ہسپتال کو مزید وسیع کرنے اور ایک سال تک 10 ہزار خاندانوں (ایک لاکھ افراد) کی کفالت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔ متاثرین کے لیے خیمے، اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروری سامان بھجوانے کے سلسلے کو جاری رکھا جائے گا اور ملک بھر میں امدادی کیمپوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ لاہور سمیت ملک بھر میں 500 سے زائد امدادی کیمپ لگا دیئے گئے ہیں اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضاکاران گھر گھر جا کر فنڈ اکٹھا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندی، عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت لانگ ٹرم پالیسی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اور اسلام کو اپنے منفی طرز عمل سے ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے مٹھی بھر اقلیتی گروہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ وزیراعظم کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور سردار منصور احمد خان شرکت کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top