پاکستان عوامی تحریک کے 20 ویں یوم تاسیس پر پاکستان امن کانفرنس

مورخہ: 25 مئی 2009ء

پاکستان عوامی تحریک کا 20 واں یوم تاسیس 25 مئی 2009ء کو دنیا بھر میں جوش و خروش سے منایا گیا۔ صبح 9 بجے تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان و مرکزی عہدیداروں نے پرچم کشائی کی تقریب سے یوم تاسیس کی تقریبات کا آغاز کیا۔ اس سے قبل دنیا بھر میں موجود پارٹی کارکنان و عہدیداران نے پاکستان عوامی تحریک، ملکی ترقی اور قومی سلامتی کے لیے خصوصی دعاوں سے دن کا آغاز کیا۔ پارٹی سیکرٹریٹ میں ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب میں مرکزی سیکرٹریٹ کے کارکنان اور PAT عہدیداروں نے بھر پور شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمن درانی نے سبز ہلالی پرچم کے ساتھ پارٹی پرچم کو بھی لہرایا۔ یہاں موجود شرکاء نے پاکستان عوامی تحریک کی بیسویں سالگرہ پر ایک دوسرے مبارکباد پیش کی۔

دوسری جانب پارٹی سیکرٹریٹ میں ہونے والی یوم تاسیس کی مرکزی تقریب کو "پاکستان امن کانفرنس" کا نام دیا گیا۔ اس کی صدرات پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن درانی نے کی۔ قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری جنرل انوار اختر، سہیل احمد رضا، راجہ زاہد محمود، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، اشتیاق احمد ایڈوکیٹ، جاوید اقبال قادری اورر دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سہ پہر 3 بجے تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت مبارکہ سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ اور تحریکی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔

کانفرنس میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈوکیٹ نے کہا کہ موجود ملکی صورتحال پر PAT نے 20 ویں یوم تاسیس کو "پاکستان امن کانفرنس" سے موسوم کیا ہے۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان عوامی تحریک ملک میں قیام امن کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا اس وقت ملک پاکستان نازک ترین دوراہے پر کھڑا ہے۔ سوات اور مالا کنڈ کے متاثرین کی بحالی کے ساتھ حکومت کو شرپسندوں کے خلاف محاذ کا بھی سامنا ہے۔ کسی بھی ملک میں اندرونی طور پر ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی ہجرت کے مہاجرین کو سنبھالنا خود حکومت کے لیے بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ ایسے حالات میں ہم سب کو قدم سے قدم ملا کر چلنا ہوگا۔ الحمد للہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک نے منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے سوات متاثرین کے لیے درجنوں ٹرک امدادی سامان بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے پیٹرن انچیف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دنیا بھر میں امن کو فروغ دے رہے اور یہ امن کانفرنس اس کا عملی ثبوت ہے۔

کانفرنس سے چوہدری اشتیاق احمد ایڈوکیٹ اور دیگر مرکزی قائدین پاکستان عوامی تحریک نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مشترکہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ اس وقت ملک کو سب سے زیادہ قیام امن کی ضرورت ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ملک میں ہر قسم کی دہشت گردی، بدامنی پر مشتمل سرگرمیوں کی پر زور مذمت کرتی ہے۔ مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حکومت کی طرف سے شرپسندوں کیخلاف موثر حکمت عملی اختیار کرنی ہوگی، جس سے ملک امن و امان کا گہوارا بن سکے۔ تقریب کے آخر میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی قائدین نے یوم تاسیس کا کیک کاٹا۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے 20 ویں یوم تاسیس کو ملک بھر میں مرکزی صوبائی، ضلعی اور تحصیلی سطح کے علاوہ دنیا بھر میں نہایت جوش و خروش سےمنایا گیا۔ بیرون ممالک پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام “پاکستان امن کانفرنس” کے نام سے تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔ جن میں قائدین تحریک نے شرکت کی اور کیک کاٹے۔ بیرون ممالک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مختلف اسلامک و کلچرل سینٹرز پر بھی پرچم کشائی کی پروقار تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ان تقریبات میں مقررین نے قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سیاسی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان میں فوری امن کا مطالبہ کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top