حکومت ملک کی اہم سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کے سیکورٹی کے انتظامات فول پروف کرے : ڈاکٹر محمد طاہر القادری

مورخہ: 14 جون 2009ء

عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے
ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہیدجیسی شخصیت کا دہشت گردی کی زد میں آنا قابل افسوس اور شرمناک سانحہ ہے
ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کی گزشتہ روز سنئیر ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا تحریک منہاج القرآن لطیف سندھو سے کینیڈا سے ٹیلی فونک گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ حکومت ملک کی اہم سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کے سیکورٹی کے انتظامات فول پروف کرے۔ تاکہ ملک کو بدترین خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے ادارے جوملک میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ انہیں محفوظ رکھنے لیے مضبوط بنیادوں پر اقدامات کیے جانے چاہیں۔ عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے گزشتہ روز سنئیر ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا تحریک منہاج القرآن لطیف سندھو سے کینیڈا سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے قیمتی جانوں کا ضیاع قابل افسوس ہے۔ ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید جیسی شخصیت کا دہشت گردی کی زد میں آنا قابل افسوس اور شرمناک سانحہ ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید عالم اسلام کا عظیم سرمایہ تھے۔ ان کی فکر عین اسلام کے مطابق تھی۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین حالات سے گزر رہا ہے۔ اس موقع پر قوم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ یہود و ہنوز ہمارے درمیان انتشار و افتراق پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس وقت اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں مذہبی، لسانی اور سیاسی تعصبات سے بالا تر ہو کر سوچنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اسلام کے سنہری اصولوں کو پیش نظر رکھ کر اتحاد، اتفاق اور یگانگت کے ماحول کو برقرار رکھنا ہوگا۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ اسلام میں دہشت گردی، انتہا پسندی، ٹارگٹ کلنگ جیسی مذموم کاروائی کی قطعاً گنجائش نہیں۔ اسلام امن و آشتی کا دین ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top