نواب شاہ زین بگٹی کی تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد
نواب اکبر بگٹی کےپوتےاور نواب طلال بگٹی کے صاحبزادے نواب شاہ زین بگٹی (صدر جمہوری وطن پارٹی بلوچستان) نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کا وزٹ کیا۔ ان کے ہمرہ مدنی بلوچ (جنرل سیکرٹری پنجاب) اور زاہد چوہدری (صدر جمہوری وطن پارٹی لاہور) بھی تھے۔ تحریک منہاج القرآن کےمرکزی قائدین شیخ زاہد فیاض، جواد حامد، جی ایم ملک، سہیل احمد رضا، ساجد بھٹی، شہزاد رسول قادری و دیگر نےمعزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر نواب شاہ زین نے تحریک کےقائدین کا پرتپاک استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ تحریک منہاج القرآن کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ کرنے اور قائدین تحریک سےملاقات کے بعد اپنےتاثرات کا اظہار کرتے ہوئے نواب شاہ زین بگٹی نےکہا کہ تحریک منہاج القرآن کے قائدین کی دعوت پر یہاں پہلی مرتبہ عالم اسلام کے عظیم اسلامی مرکز کو دیکھنےکا موقع ملا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری صحیح معنوں میں امت مسلمہ کو یکجا کرنے اور عالمی سطح پر امن عالم کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستانی سیاست میں جس جوانمردی سے کردار ادا کیا اور وقت کے آمر کے خلاف پارلیمنٹ سے استعفیٰ دے کر ایک محب وطن پاکستانی ہونے کا بے مثال ثبوت دیا۔ پنجاب کی عوام نے جس محبت کے ساتھ ہمیں خوش آمدید کہا ہے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نےکہا کہ نواب اکبر بگٹی نےاستحکام پاکستان اور صوبوں میں احساس محرومی ختم کرنے کے لیے آواز بلند کی ہم صرف صوبائی خود مختاری کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور ملک کو مضبوط کرنے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ تحریک منہاج القرآن نوجوان نسل میں تعلیم کے ذریعے جو شعور بیدار کر رہی ہے، وہ ملک و ملت کی بہت بڑی خدمت ہے۔ اس عظیم کاوش پر ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے رفقاء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میں تحریک منہاج القرآن کے قائدین کو دعوت دیتا ہوں کہ شعوری بیداری کا منصوبہ بلوچستان میں بھی شروع کریں۔
تبصرہ