پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور لوڈشیڈنگ کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے صنعتیں بند اور گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے
پاکستان عوامی تحریک کی سنٹر ل ایگزیکٹو کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اعلان

پاکستان عوامی تحریک کی سنٹر ل ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس صدر پاکستان عوامی تحریک فیض الرحمان درانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک گیر پرُامن احتجاج کا اعلان کیا گیا۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، جہلم اور کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں پُرامن احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک مرکزی راہنما شیخ زاہد فیاض، رانا فیاض، انوار اختر ایڈووکیٹ، جی ایم ملک، ڈاکٹر تنویر احمد سندھو، میاں زاہد اسلام، جواد حامد، ساجد محمود بھٹی، شفیق الرحمان، رانا فاروق، امجد جٹ، ساجد گوندل، فاطمہ مشہدی، سمیرا رفاقت، ظہیر گجراور بلال مصطفوی بھی موجود تھے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گی ہے اور ملک کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ملک میں 22 ,20گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ اسی طرح بے روزگاری میں خوفناک اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمی ہمارے ملک میں ایک مستقل بحران کی حیثیت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ اس لیے اس بحران کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت بجلی کے شدید ترین بحران کوحل کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنے کیلئے پیڑولیم مصنوعات کے نرخ بھی بڑھائے دیے گئے ہیں جو کسی طرح سے بھی درست فیصلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے عملاً عوامی مفاد میں کیے گئے فیصلے پر عملدرآمد سے قبل ہی صدارتی آرڈنینس کے اجراء سے قوم عوامی مفاد کے فیصلے کے ثمرات سے محروم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ آرڈینٹس کے اجراء سے پاکستا نی قوم میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی۔ حکومت کو چاہیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرے اور عدلیہ کے عوامی مفاد کے فیصلے میں رکاوٹ نہ بنے اور فوری طور پر پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت لانگ اور شارٹ ٹرم پالیسی کا فوری اعلان کرے اور پٹرول کی قیمتوں کو مزید کم کیا جائے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے پاکستانی قوم کے چہروں پر خوشی سے کھل اٹھے تھے لیکن حکومت کی طرف سے صدارتی آرڈینٹس نے قوم کی خوشی کو دوبار ہ مایوسی میں بدل دیا۔ آخر میں انہوں نے اعلان کیا کہ 12 جولائی بروز اتوار کو ناصر باغ سے مسجد شہداء تک پاکستان عوامی تحریک کے ہزاروں کارکن پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ اور بجلی کے بدترین بحران کے خلاف پرامن ریلی نکالیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top