نوجوان قوم کے معمار ہوتے ہیں ان کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے: بلال مصطفوی

نوجوان قوم کے معمار ہوتے ہیں۔ ان کو روز گار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جلد از جلد قومی یوتھ پالیسی تشکیل دینے کا اعلان کرئے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر (MYL) بلال مصطفوی نے یوتھ لیگ لاہور کے زیر اہتمام بعنوان ’’میری پہچان پاکستان‘‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں صحتمند تعمیری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ملک کے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں یوم پاکستان کے حوالے سے ’’میری پہچان پاکستان‘‘ کے عنوان سے پروقار اور عظیم الشان پروگرام ترتیب دئیے جا چکے ہیں۔ نوجوانوں میں شعور کی بیداری و جذبہ حب الوطنی اور تجدید عہد کے لیے ’’میری پہچان پاکستان‘‘ کے نام سے منہاج القرآن یوتھ لیگ نے ملک گیر یوتھ ممبر شپ مہم شروع کردی ہے۔ تا کہ نوجوانوں کو نظریہ پاکستان سے آگاہی کے ساتھ ساتھ اس بات سے بھی روشناس کرایا جاسکے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اس وطن کو کس بنیاد اور نظریہ پر حاصل کیا اور بانی پاکستان کیسا پاکستان چاہتے تھے۔

سیمینارسے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے سیکرٹری جنرل چوہدری ظہیر عباس گجر نے کہا کہ یوتھ لیگ رواں سال ملک میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ’’درخت لگاؤ‘‘ مہم بھی شروع کر رہی ہے تاکہ جشن آزادی کے موقع پر ساری قوم یہ عہد کرئے کہ ہم نے پیارے وطن کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنا ہے اور نئی نسل کو صحت مند پاکستان کے ساتھ ساتھ روشن مستقبل کی نوید بھی دینا ہے۔ سیمینار سے اشتیاق حنیف مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو موجودہ حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ حکومت اگر سنجیدگی سے نوجوانوں کے مسائل کے حل پر توجہ دے تو یہی نوجوان ان کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ مگرصد افسوس کہ ہمیں حکومت وقت سے یہ توقعات پوری ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں۔ سیمینار سے عثمان گجر ،میاں کامل قیوم ،قمر اقبال اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top