ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز، منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام 'سانجھا پاکستان' سیمینار

مورخہ: 13 اگست 2009ء

ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز، منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام جشن آزادی کے سلسلہ میں "سانجھا پاکستان" سیمینار 13 اگست 2009ء کو منعقد ہوا۔ اس پروقار سیمینار کا انعقاد تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا۔ جس کی صدارت پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمن خان درانی نے کی جبکہ ہندو برادری کے رہنما پنڈت بھگت لال، پارسی برادری کے مرکزی رہنما نو شیر الف دستور، مسیح رہنماء بشپ یوسف، ڈاکٹر کنول فیروز، جیکولین ٹریسلر اور پاسٹر ڈینئیل مہمان خصوصی تھے۔ علاوہ ازیں قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈوکیٹ، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا، ناظم اجتماعات جواد حامد اور دیگر مرکزی قائدین تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت و نعت مبارکہ سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ سنایا گیا جبکہ ملی ترانے بھی پڑھے گئے۔ پروگرام میں مختلف مذاہب کے تمام رہنماؤں نے پاکستان کے جشن آزادی کی خوشی میں سبز ہلالی جھنڈیاں بھی لہرائیں۔ مقررین نے سیمینار کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے 63 ویں جشن آزادی کے موقع پر ہمیں ملکی ترقی و قومی سلامتی کے لیے عملی کوششوں کا عہد کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے پاکستان کو روشن خیال اور اعتدال پسند ریاست کے طور پر پیش کیا تھا اور آج اس مشن کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ مقررین نے تحریک پاکستان کے تناظر میں مختلف رہنماؤں کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔ تمام مقررین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک نے ملکی ترقی و سلامتی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج اس سیمینار میں مختلف مذاہب کے مرکزی قائدین کی شرکت اس بات کی غماز ہے کہ پاکستان میں ہر طبقہ ہائے فکر کو مکمل آزادی حاصل ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر انٹرفیتھ اینڈ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن دنیا بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کا کام کر رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر اور بیرون ممالک بھی یوم آزادی منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن بین المذاہب رواداری کے فروغ اور انسانیت میں محبت کے پیغام کو عام کر رہی ہے۔ اسی وجہ سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو دنیا بھر میں سفیر امن کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے دروازے ہر طبقہ ہائے فکر کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ سہیل احمد رضا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ منہاج القرآن ملک پاکستان کو صحیح معنوں میں قائداعظم کا پاکستان بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

سیمینار سے جواد حامد سمیت پاکستان عوامی تحریک کے دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔ سیمینار کا اختتام ملکی و قومی سلامتی کے لئے خصوصی دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top