تنظیمی و تحریکی دورہ آزاد کشمیر

نظامت تنظیمات تحریک منہاج القرآن کے تحت گزشتہ ماہ آزاد کشمیر کا تنظیمی و تحریکی دورہ ہوا۔ اس دورہ کے دوران ضلع بھمبر، میر پور، کوٹلی، سدھنوتی اور راولا کوٹ میں تربیتی کیمپس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ہر ضلع کی تمام تحصیلات کے کارکنان نے شرکت کی۔ اس دورہ میں محترم ساجد محمود بھٹی (سینئر نائب ناظم تنظیمات)، محترم میاں عبدالقادر قادری (ناظم دعوت)، محترم بلال مصطفوی (مرکزی صدر MYL) اور محترم ساجد ندیم گوندل (مرکزی سیکرٹری جنرل MSM) نے شرکت کی جبکہ ضلع سدھنوتی اور ضلع راولا کوٹ کے کنونشنز میں محترم سردار منصور احمد خان (مرکزی ناظم تنظیمات) اور محترم حاجی عبدالغفور (سابق صدر TMQ-UK) نے خصوصی شرکت کی۔ اس دورہ کی کامیابی کے لیے محترم سید ابرارسرور شاہ (امیر تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر) اور محترم ظفرا قبال (ناظم تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر) نے بھر پور کوآرڈینیشن کی۔

ان کنونشنز میں تحریک کی آئندہ تین سالہ حکمتِ عملی اور اہداف کے حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ آئندہ تین سالوں میں یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج القرآن علماء کونسل کے کام کو مزید منظم کرنے کے لیے اولین ترجیح پر رکھا جائے گا۔

محترم میاں عبد القادر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دعوت کی اہمیت، دعوت کے ذرائع اور تقاضوں پر گفتگو کی۔ انہوں نے دروس عرفان القرآن، عرفان القرآن کورس، دعوت بذریعہ کیسٹ اور حلقات درود کے قیام کی اہمیت اور اس سے نتائج کے حصول کی حکمت عملی بیان کی۔

تربیتی کیمپ سے گفتگو کرتے ہوئے محترم ساجد محمود بھٹی نے تین سالہ ورگنگ پلان vision 2012 کی اہمیت، اہداف اور مقاصد بیان کیے۔ نیز سال 10-2009 کے اہداف سے بھی ذمہ داران کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پلاننگ کی اہمیت اور تقاضوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

محترم بلال مصطفوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں تبدیلی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اس معاشرے کے نوجوان تبدیلی کے لیے اٹھ کھڑے نہ ہوں۔ کسی بھی تحریک میں جو ش اور ولولہ صرف نوجوان ہی پیدا کرسکتے ہیں اور منہاج القرآن یوتھ لیگ معاشرے کے نوجوانوں کو منظم کر کے ان کی اخلاقی، روحانی اور تنظیمی تربیت کا اہتمام کر رہی ہے۔

محترم ساجد ندیم گوندل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تحریک کے لیے پڑھی لکھی قیادت ہمیشہ طلبہ سے حاصل ہوتی ہے۔ مستقبل کے دانشور، سائنسدان، وکلاء، ججز اور پروفیسرز آج کسی تعلیمی ادارے کے سٹوڈنٹس ہیں۔ اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ طلبہ کو مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے پلیٹ فارم پر منظم کیا جائے۔

محترم سردار منصور احمد خان نے کہا کہ ہمیں آئندہ سالوں میں تحریک کے دعوتی اور تنظیمی کام کو مزید منظم کرنا ہوگا اور آزاد کشمیر کی سر زمین اس کے لیے انتہائی سازگار ہے اور کشمیری لوگوں نے ہمیشہ حریت کا پرچم سر بلند کیا ہے اور وہ نظام کی تبدیلی کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر تحصیلی سطح پر یوتھ لیگ، ایم ایس ایم اور ویمن لیگ کی تنظیمات بھی قائم کی گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top