آئین پاکستان کی شکل بگاڑنے اور قوم کی تقدیر سے کھیلنے والے تمام افراد کا بلا امتیاز احتساب کیا جائے: ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 30 اگست 2009ء

برسر اقتدار طبقہ ہر دور میں ملک اور عوام کے مفادات کو پس پشت ڈال کر ذاتی تجوریاں بھر کر منظور نظر افراد کو نوازتا رہا
حکمران اتحاد اور سیاسی جماعتوں میں محاذ آرائی ملک و قوم کے لیے زہر قاتل ثابت ہو گی
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا تقریب سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر آئینی طریقوں سے اقتدار پر قبضہ کرنے والے افراد کا راستہ روکنے تک ملک میں پائیدار جمہوریت اور سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔ اپنے اقتدار کے تحفظ کے لیے آئین پاکستان کی شکل بگاڑنے اور قوم کی تقدیر سے کھیلنے والے تمام افراد کا بلا امتیاز احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے غیر آئینی اقدامات، لوٹ مار، کرپشن اور محاذ آرائی کے باعث آج ملک مہنگائی، بیروزگاری، لوڈ شیڈنگ، بدامنی اور دہشت گردی کے عذاب میں مبتلا ہے۔ برسر اقتدار طبقہ ہر دور میں ملک اور عوام کے مفادات کو پس پشت ڈال کر ذاتی تجوریاں بھرکر منظور نظر افراد کو نوازتا رہا۔ جبکہ غربت کے خاتمہ اور ترقی کے نام پر ملنے والے قرضے اور امداد کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا اور ملکی سلامتی اور خود مختاری عالمی طاقتوں کے آگے گروی رکھ دی گئی۔ سیاسی مقدمات اور اربوں روپے کے قرضے معاف کر نے کے لیے NRO آرڈینینس جاری ہوتے رہے مگر بھوک اور افلاس سے مرنے والی غریب عوام کی تقدیر بدلنے کے لیے آج تک کوئی آرڈینینس جاری نہیں ہوا۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ نااہل قیادت کے باعث آج ملک تمام وسائل ہونے کے باوجود بحرانوں کا شکار ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لیے رینٹل پاور ہاؤس کوئی حل نہیں ہے۔ اس سے بجلی مزید مہنگی ہو گی۔ بجلی بحران پر قابو پانے کے لیے کرائے کی بجلی گھر لینے کی بجائے اپنے پاور پلانٹس او آبی ذخائر بڑھائے جائیں تاکہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکمران اتحاد اور سیاسی جماعتوں میںمحاذ آرائی ملک و قوم کے لیے زہرقاتل ثابت ہو گی۔ ملک دشمن قوتیں پہلے ہی ملک کو تقسیم کرنے کی سازشیں کررہی ہیں اور بلوجستان میں علیحدگی کی باز گشت سنائی دے رہی ہے۔ ایسے حالات میں عوام کو سٹرکوں پر لانگ مارچ کے لیے لانا کوئی دانشمندانہ اقدام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک کی سلامتی اور اس کے تحفظ کے لیے ذاتی اختلافات بھلا کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ پاکستان کو ناکام ریاست ثابت کرنے کی تمام سازشیں پروان چڑھنے سے پہلے ہی دفن ہو جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top