سات روزہ درس عرفان القرآن کی آخری نشست - تحریک منہاج القرآن چکوال
چکوال کی سر زمین پر تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام منعقدہ سات روزہ درس عرفان القرآن کی آخری نشست تاریخی اجتماع کی حیثیت اختیار کر گئی۔ آخری روز ہزاروں کی تعداد میں لوگ درس قرآن سننے کیلئے شہر بھر سے آئے۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی نائب ناظم تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض تھے۔ پروگرام میں حقوق زوجین کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ علی اختر اعوان نے کہا کہ اسلام نے مردوں اور عورتوں کو برابر حقوق دیئے ہیں، مغرب جو کہ آزادی نسواں کا ڈھنڈورا پیٹ رہا ہے دراصل اسلام نے ہمیں چودہ صدیاں پہلے ہی عورتوں کے حقوق کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔ شوہر کو بیوی کے حقوق کا احترام کرنا چاہیے اور بیوی کو شوہر کے حقوق کا لحاظ کرنا چاہیے اسی طرح فرائض میں بھی دونوں اگر ایک دوسرے سے تعاون کریں تو یہ معاشرہ جنت نظیر ہو سکتا ہے۔
اختتامی درس کے مہمان خصوصی مرکزی نائب ناظم تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ چکوال کی سر زمین پر اتنا بڑا اجتماع الحمد للہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کا صدقہ ہے۔ ان دروس قرآن کا مقصد اس وقت پورا ہوتا ہے جب ہم ان باتوں پر عمل کریں جو بیان کی گئی ہیں۔ آپ اس عالمی تحریک اور شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کے دست و بازو بنیں۔ پروگرام کے آخر میں رقت آمیز دعا ہوئی اور منہاج القرآن کے تمام فورمز کی جانب سے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔
تبصرہ