حکمران قومی مفاد کے پیش نظر محاذ آرائی چھوڑ دیں اور ملکی استحکام اور غریب عوام کی بہتری کے لیے اقدامات کریں : شیخ زاہد فیاض

مورخہ: 31 اگست 2009ء

قوم کی فلاح و بہبود کے فنڈز ہڑپ کرنے والے افراد خدا اور عوام دونوں کے مجرم ہیں
آزاد ملک ہونے کے باوجود ہمارے فیصلے پارلیمنٹ کی بجائے کسی اور جگہ ہو رہے ہیں
تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کا لاہور میں ایک تقریب سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی فلاح و بہبود کے فنڈز ہڑپ کرنے والے افراد خدا اور عوام دونوں کے مجرم ہیں۔ قرض پر پلنے والی قوم ترقی نہیں تنزلی کی طرف بڑھتی ہے۔ آزاد ملک ہونے کے باوجود ہمارے فیصلے پارلیمنٹ کی بجائے کسی اور جگہ ہورہے ہیں۔ ملک میں اہل قیاد ت کا فقدان ہے جس وجہ سے گھمبیر مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران مسائل حل کرنے کی بجائے ایک دوسرے کی کردار کشی میں مصروف ہیں اور ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال کر پھر آمریت کی راہ ہموار کررہے ہیں۔ حکومتی ریلیف پیکج کے نام پر رمضان بازاروں میں غریب عوام کی تذلیل کی جارہی ہے۔ اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں اضافہ روزانہ کا معمول بن چکا ہے۔ غربت اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کو غیر ملکی سیرسپاٹوں سے فرصت نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ IMF کے حکم پر منی بجٹ لا کر غریب عوام کو بے موت مارنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ جبکہ اوگرا کی طرف سے پیٹرول مہنگا کرنے کی سفارش جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے۔ سیاسی محاذ آرائی کے باعث خود کش حملوں اور دہشت گردی کا سلسلہ پھر شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر سیاستدانوں کو آپس میں لڑا کر جمہوریت کو پٹری سے اتارنا چا ہتے ہیں۔ جس میں جنوبی پنجاب اور بلوچستان کا مسئلہ ہے اگر یہ مسئلہ سیاسی اور سفارتی طریقے سے حل نہ کیا گیا تو مسئلہ کشیدگی اختیار کر سکتا ہے۔ حکمران ملک اور اس کے غریب عوام کی بہتری کے اقدامات کریں۔ حکمران قومی مفاد کے پیش نظر محاذ آرائی چھوڑ دیں اور ملکی استحکام اور غریب عوام کی بہتری کے لیے اقداما ت کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top