علامہ حسن میر قادری کا دورہ فن لینڈ

مورخہ: 20 اگست 2009ء

یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل کے امیر علامہ حسن میر قادری ناروے سے فن لینڈ 20 اگست 2009ء کو Helsinki wanta ایئر پورٹ پر صبح گیارہ بجے پہنچے، وہاں پر انکا شاندار استقبال کیا گیا۔ استقبال میں سید عدنان علی، اعجاز قادری، قاری مظفر اقبال نعیمی، عنصر رحیم چوہدری، شکیل تبسم، سید آصف رضا، طاہر علی اور دیگر تحریکی ساتھی موجود تھے۔ ایئر پورٹ پر پاکستانی کمیونٹی کے ممبران نے علامہ حسن میر قادری کو فن لینڈ تشریف لانے پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ظہرانے کا اہتمام پاکستانی "پشاور" ریسٹورنٹ میں کیا گیا، اس دوران علامہ حسن میر قادری کو پاکستانی کمیونٹی اور فنش کلچر کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ 20 اگست کی شام کو Helsinki یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی Espoo میں طلبہ کو "اسلام میں علم کی اہمیت و افادیت" پر علامہ حسن میر قادری نے پرمغز لیکچر دیا، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے شرکت کی۔ علامہ حسن میر قادری نے بڑے مؤثر انداز میں جسم اور عقل کے ساتھ ساتھ روحانیت کے علمی و عملی تصور کو بھی واضح کیا۔ پروگرام کے آخر میں آپ نے طلبہ کے سوالات کے مدلل جوابات دیے۔

مورخہ 21 اگست بروز جمعۃ المبارک کو علامہ حسن میر قادری کا خطاب فنش اسلامک سنٹر میں تھا، مسجد کی کمیٹی نے آپ کا شاندار استقبال کیا۔ جمعہ کے اجتماع سے آپ نے علم کی اہمیت کو قرآن و حدیث کی روشنی میں واضح کیا۔ خطاب کے دوران آپ نے حاضرین کو بتایا کہ کس طرح سے رمضان المبارک میں فائدہ اُٹھایا جا سکتا ہے اور اس ماہ مبارک میں کس طرح اللہ رب العزت ساری کائنات کو اپنی رحمت سے گھیر لیتا ہے اور یہ تو بس اللہ کی دی ہوئی توفیق ہے کہ کون اس سے استفادہ کرتا ہے۔ علامہ حسن میر قادری نے بہت ہی کم وقت میں بڑے موثر طریقے سے اپنی بات لوگوں تک پہنچائی اور سمجھائی۔ نماز جمعہ کے بعد سوال جواب کی نشست بھی منعقد کی گئی جس میں پاکستانیوں نے فنش کلچر اور مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے مختلف سوالات کیے جن کے آپ نے احسن طریقے سے جوابات دیے۔

نماز جمعہ کے بعد علامہ حسن میر قادری Tampere راوانہ ہوئے جو کہ Helsinki سے تقریباً دو سو کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، وہاں پہنچ کر مقیم پاکستانی کمیونٹی جس میں اکثریت طلبہ کی تھی، سے "اسلام اور دور حاضر کے مسائل اور چیلنجز" کے موضوع پر ایک فکری نشست سے خطاب کیا۔ آخر پر طلبہ کے دلچسپ سوالات کے بڑے احسن انداز میں جوابات دیے۔

ہفتہ کے روز بعد نماز ظہر پہلا پروگرام مسجد رابطہ اسلامیہ میں منعقد ہوا، اس موقع پر مسجد کمیٹی کے ممبران نے استقبال کیا اور اسلام کو درپیش موجودہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا، اس کے بعد علامہ حسن میر قادری نے عربی اور نو مسلم بھائیوں سے انگریزی میں خطاب کیا، جس کا موضوع تھا "How to make the best Ramadhan and keep beniefits of Ramadan afterwards"۔ اس خطاب میں آپ نے تقویٰ کے حصول اور رمضان اور روزہ کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالی اور آخر میں مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب و کیسٹ کا سٹال بھی لگایا گیا جس میں شرکاء نے بہت دلچسپی ظاہر کی اور بڑی تعداد میں کتب و کیسٹ خریديں۔ شرکاء کی بڑی تعداد نو مسلم خواتین کی بھی تھی۔

مرکزی پروگرام

ہلسنکی کے علاقے Lauttasaari کے ایک بڑے ہال میں 21 اگست ہفتہ کی شام بعد نماز عصر مرکزی پروگرام منعقد کيا گيا۔ اس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑي تعداد ميں شرکت کی۔

اجتماع سے علامہ حسن میر قادری نے 'امن اور یکجہتی اسلام کے نقطہ نظر سے' کے موضوع پر خطاب کيا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مغربی ماحول میں اسلام کے فلسفہ حیات کے مطابق زندگی گزارني چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو ديس بدلنے سے انسان کو اپنا بھيس نہيں بدلنا چاہيے۔ انہوں نے کہا کہ دين اسلام ہمارا بھيس ہے جسے ہميں ديار غير ميں بھي زندہ رکھنا ہے۔ علامہ حسن مير قادري کے سوال و جواب کے سیشن کے بعد تمام شرکاء کے لیے افطاری کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ اس موقع پر خواتین کے ساتھ بھی ایک نشست کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں علامہ حسن میر قادری نے مختلف سوالوں کے جواب دیے۔

منہاج القرآن فن لینڈ کی مرکزی تنظیم کا قیام

مرکزی پروگرام کے بعد علامہ حسن میر قادری پاکستانی مسجد تشریف لائے، وہاں آپ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی شخصیت اور منہاج القرآن کی تاریخ کے حوالے سے تعارفي بريفنگ دي۔ اس موقع پر متفقہ طور پر فن لینڈ میں منہاج القرآن کي تنظيم کا قیام عمل میں لایا گیا۔ نو منتخب عہديداران ميں صدر اعجاز قادری، نائب صدر جنید حسن اختر، ناظم سید عدنان علی، ناظم MPIC تنویر چودھری، ناظم فنانس شیراز احمد، نائب ناظم فنانس محمد طاہر، ناظم دعوت و تربیت قاری مظہر اقبال نعیمی، نائب دعوت و تربیت سید عبدالباسط، ناظم انفارمیشن حافظ سعادت کریم اور ناظم ویلفیئر طاہر علی شامل ہیں۔

تنطيم سازي کے بعد علامہ حسن میر قادری نے خصوصي دعا کی۔ تمام شرکاء نے مسجد ميں ہي سحري کي اور اس موقع پر سب نے علامہ حسن میر قادری سے الوداعی ملاقات بھي کی۔ علامہ حسن مير قادري صبح گیارہ بجے کوپن ہیگن ڈنمارک کے لیے روانہ ہو گئے۔ جہاں ایئرپورٹ پر سید عدنان علی، اعجاز قادری اور محمد طاہر نے علامہ حسن میر قادری کو الوداع کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top