تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں امسال ہزاروں خواتین اعتکاف بیٹھیں گی : فاطمہ مشہدی
تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں امسال ہزاروں خواتین اعتکاف بیٹھیں گی۔ اس حوالے سے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں صدر ویمن لیگ فاطمہ مشہدی کی صدارت میں ویمن لیگ کا اہم اجلاس ہوا۔ جس میں ناظمہ ویمن لیگ سمیرا رفاقت، ناظمہ تنظیمات ساجدہ صادق اور ناظمہ تربیت انیلہ الیاس ڈوگر انتظامی کمیٹیوں کی سر براہان نے شرکت کی۔ شہر اعتکاف میں انتظامیہ امور اور خواتین کو بہتر سے بہتر سہولیات دینے کے لیے 28 سے زائد کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔ اجلاس میں خواتین کی اعتکاف گاہ کی مرمت اور تعمیر کے کام کا جائزہ لیا گیا اور تیاریوں کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس میں ضروری امور پر بات کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ مشہدی نے کہا کہ مردوں کی اعتکاف گاہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے روزانہ ہونے خطابات کو جدید LCD سکرینز پر دکھانے کیلئے خواتین کی اعتکاف گاہ میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا میں تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کو اس لحاظ سے اہمیت حاصل ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں خواتین کا یہ سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے۔ اجلاس میں شہر اعتکاف کیلئے بنائی گئی انتظامی کمیٹیوں کی سربراہان نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ ناظمہ ویمن لیگ سمیرا رفاقت نے انتظامی کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ وہ خواتین کی اعتکاف گاہ کی تیاری اور معتکف خواتین کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔ اس موقع پر مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی خواتین کی ایڈوانس اعتکاف بکنگ کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں مختلف انتظامی کمیٹیوں کو اپنی کام کی رفتار تیز تر کرنے کی ہدایات دی گئی۔
تبصرہ