اعتکاف مضمحل روح کو توانا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے : شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

معاشرے سے برداشت، تحمل اور محبت رخصت ہو رہی ہے، ان حالات میں دلوں کو نرم کرنے کی ضرورت ہے
شہر اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا کینیڈا سے براہ راست خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اللہ بہت سے گناہ سخاوت کے باعث مٹا دیتا ہے۔ ہاتھ کی سخاوت غریبوں پر خرچ کرنا ہے اور نفس کی سخاوت دشمن کو بھی معاف کر دینا ہے اور جو نیکیوں کے بدلے دنیا میں اجر نہیں مانگتا اسے آخرت میں رب کا دیدار عطا ہوتا ہے۔ وہ شہر اعتکاف میں معتکفین کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نیکیاں اور گناہ صرف ظاہری اعضاء کے نہیں ہوتے، حسد، تکبر اور ریاکاری قلب کے گناہ ہیں جو نیکیوں کو برباد کر دیتے ہیں اس لیے باطن کو پاکیزہ کرنا بہت ضروری ہے۔ تکبر اور حسد بڑھ کر انسان کو باغی اور گستاخ بنا دیتا ہے، اس لیے دل کی دنیا سے تکبر، حسد، لالچ، حرص اور طمع کے بتوں کو پاش پاش کرنا ہوگا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ مادیت کے اس دور میں نفس کو پالنے کا ہر سامان موجود ہے جبکہ روح جسم کے پنجرے میں نیم مردہ ہوچکی ہے۔ اعتکاف مضمحل روح کو توانا کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آسائشوں کی طلب نے ہم سے حقیقی خوشیاں چھین لی ہیں۔ اللہ کو پانے کیلئے ہمیں اپنے دلوں کو شکستہ کرنا ہوگا ہے۔ آج ہمارے مزاج سخت اور کرخت ہوگئے ہیں اور معاشرے سے برداشت، تحمل اور محبت رخصت ہو رہی ہے۔ ان حالات میں ضروری ہے کہ دلوں کو نرم اور شیشہ دل کو شکستہ کیا جائے اور اس کیلئے ضروری ہے کہ ایسی صحبت اور سنگت اختیار کی جائے جس سے دل پگھل کر نرم ہو جائیں تاکہ ہمارے دلوں کی شقاوت سعادت میں بدل جائے تاکہ ہماری مردہ روحیں زندہ ہوسکیں اور رب سے ہمارا ٹوٹا ہوا تعلق پھر سے بحال ہو جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top