ایرانی سفیر غزالی کا منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن، ناروے کے مرکز کا دورہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے ناروے میں مقیم سفیر محترم غزالی اور ویلفیئر اتاشی جمشید پرویزی نے گذشتہ روز منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن، ناروے کے مرکز کا وزٹ کیا اور منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن کے قائدین سے ملاقات کی اور ایک ساتھ روزہ افطار کیا۔ اس موقع پر منہاج القرآن اوسلو کا دو رکنی وفد بھی موجود تھا۔ ملاقات میں باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کے دورہ کے موقع پر منہاج القرآن درامن کے جنرل سیکریٹری یونس محمد قادری نے منہاج القرآن درامن کے تحت جاری منصوبہ 'جامع مسجد منہاج القرآن' کے بارے میں پریزنٹیشن پیش کی اور سوالات کے جوابات دیے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے باقاعدہ طور پر ماہ فروری میں منہاج القرآن میں شمولیت اختیار کی اور علامہ نور احمد نور کی بطور امیر خدمات حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دورہ ناروے کے دوران درامن میں جہاں پر جامع مسجد منہاج القرآن تعمیر ہونی ہے کا وزٹ کرایا اور مسجد کی تعمیر کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیم نے مختصر عرصہ میں ماہ رمضان المبارک کے دوران مسجد کی تعمیر کے لیے ایک کمپنی کے ساتھ تحریری معاہدہ کر لیا ہے اور ان شاء اللہ امید ہے کہ سال کے آخر تک مسجد کی تعمیر شروع ہو جائے گی۔

ایران کے سفیر محترم غزالی نے اس موقع پر مسجد کی تعمیر کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ہم ان شاء اللہ ضرور مسجد کی تعمیر میں جہاں تک ممکن ہو سکے گا مسجد کی تکمیل میں مدد کریں گے۔ اس موقع پر جن ساتھیوں نے شرکت کی ان میں علامہ نور احمد نور، یونس محمد قادری، فیض عالم، عقیل قادر، ساجد مختار، رانا بختیار قادری، سجاد اقبال، نعمان سرور، گلزار احمد، نواز شریف، لطیف اقبال، کامران بشیر، صوفیان سرور، اسجد محمود، نثار احمد، نثار گوندل، امجد فاروق، عاطف اقبال اور محمد رحمان شامل تھے۔

رپورٹ: عقیل قادر (اوسلو۔ ناروے)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top