علامہ اقبال اعظم اور عدنان سہیل کا دورہ آسٹریا بسلسلہ ’’آغوش‘‘ پراجیکٹ

منہاج القرآن آسٹریا کے زیراہتمام مورخہ 26 ستمبر 2009 بروز ہفتہ، تنظیم کے ناظم مالیات اور ویانا کے معروف ٹرانسپورٹر ملک محمد امین اعوان کی رہائش گاہ پر عید ملن پارٹی کے عنوان سے ویانا میں عظیم الشان پروگرام منعقد ہوا۔ جس میں پاکستانی کمیونٹی کے معزز خواتین و حضرات کے علاوہ مختلف شعبۂ حیات سے تعلق رکھنے والے مقامی آسٹرین، انڈین اور ترکی کمیونٹی کے لوگوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس اجتماع میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیش کے عظیم الشان پراجیکٹ ’’آغوش‘‘ پر روشنی ڈالنے اور منہاج القرآن کا آفاقی پیغام ہر وطنیت تک موثر انداز میں پہنچانے کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم فرانس سے اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیش برطانیہ سے عدنان سہیل خصوصی طور پر تشریف لائے تھے۔ علاوہ ازیں سٹیج پر مہمانان خصوصی کی نشستوں پر نور اسلامک سنٹر ویانا کے خطیب علامہ عبدالحفیظ الازہری، پاکستانی سفارت خانہ کے کونسلر محمد آصف میمن بھی تشریف فرما تھے۔

منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم کی زیر صدارت مقررہ وقت پر پروگرام کا آغاز معروف سماجی شخصیت حافظ محمد یوسف غوری کی تلاوت کلام مجید سے ہوا۔ قصیدہ بردہ شریف کے بعد منہاج نعت کونسل کے جنرل سیکرٹری محمد شہریار خان نے اپنی دلسوز آواز میں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ نقیب مجلس اور منہاج القرآن آسٹریا کے جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا نے منہاج القرآن انٹرنیشنل اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شخصیت پر مختصر روشنی ڈالی۔ تنظیم کے صدر خواجہ محمد نسیم نے جرمن زبان میں اس نشست کی غرض و غایت بیان کی جسے آسٹرین کمیونٹی نے بڑی دلچسپی سے سنا۔ ازاں بعد پروجیکٹر کے ذریعے حاضرین کو اجتماعی شادیوں کی ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ ڈاکومنٹری شو کے دوران خواجہ محمد نسیم بہت عمدگی اور روانی سے جرمن زبان میں ترجمہ کرتے رہے جس سے آسٹرین خواتین و حضرات پوری دلجمعی سے منہاج ویلفیئر کے پراجیکٹس سے شناسائی حاصل کرتے رہے اور وقتا فوقتاً تالیاں بجا کر پسندیدگی کا اظہار بھی کرتے رہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن برطانیہ سے عدنان سہیل نے انگلش میں ویلفیئر کے شعبے میں دنیا بھر میں منہاج القرآن کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ اسکے بعد ’’آغوش‘‘ پراجیکٹ کی ڈاکومنٹری دکھائی گئی جسکا خواجہ محمد نسیم نے جرمن زبان میں براہ راست ترجمہ پیش کیا۔

فرانس سے تشریف لائے ہوئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے اپنے پر اثر خطاب میں یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کرنے کا اجر و ثواب قرآن و حدیث کی روشنی میں واضح کرنے کے بعد کہا کہ دنیا یتیم خانوں کے نام سے بے سہارا بچوں کو پناہ دیتی ہے لیکن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے معصوم بچوں کی عزت نفس کو برقرار رکھتے ہوئے اور انہیں معاشرہ میں برابر مقام دینے کی خاطر پاکستان میں یتیم و بے سہارا بچوں کے لیے پناہ گاہ کو ’’آغوش‘‘ جیسا خوبصورت نام دیا۔ جہاں بچوں کو ماں کی آغوش جیسا پیار، شفقت اور توجہ دی جا رہی ہے۔ ان بچوں کی تعلیم و تربیت کے علاوہ کھانا، پینا، کھیل کود، تفریح سمیت جملہ اخراجات منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذمہ ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو اس نیک کام میں شریک ہونے کی دعوت دی۔ علامہ حافظ اقبال اعظم نے آسٹریا کی سطح پر منہاج القرآن کے کام کو منظم کرنے اور تحریکی خدمات کے صلے میں صدر تنظیم خواجہ محمد نسیم اور فنانس سیکرٹری ملک محمد امین اعوان کے لیے ’’سند حسنِ کارکردگی‘‘ کا بھی اعلان کیا۔ اس کے بعد پاکستانی سفارت خانے کے افسر اعلی آصف میمن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس کثیر الاقوامی اجتماع اور منہاج القرآن کی خدمات کی تعریف کی ۔ میزبان مجلس ملک محمد امین اعوان نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں نور اسلامک سنٹر کے خطیب حضرت علامہ حافظ عبدالحفیظ الازہری نے دعا فرمائی۔

اعوان ٹرانسپورٹ کے ڈائریکٹر اور منہاج القرآن آسٹریا کے فنانس سیکرٹری جناب ملک امین اعوان کی طرف سے پرتکلف ضیافت کا اہتمام تھا۔ جس کے دوران علامہ حافظ اقبال اعظم، عدنان سہیل اور منہاج القرآن آسٹریا کے تنظیمی عہدیداران، شرکائے اجتماع اور بالخصوص آسٹرین کمیونٹی کے لوگوں سے اسلام اور منہاج القرآن کے پروگرام پر تبادلۂ خیالات کرتے رہے۔ آسٹرین لوگ منہاج القرآن کی خدمات سے بہت متاثر ہوئے اور انہوں نے آئندہ انسانی خدمات کے پراجیکٹس کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس سے اگلے روز 27 ستمبر سہ پہر علامہ اقبال اعظم نے یورپ کے مقبول اخبار جذبہ انٹرنیشنل کے بیورو چیف اور منہاج میڈیا کوآرڈینیشن بیورو یورپ کے کوآرڈینیٹر محمد اکرم باجوہ کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے آغوش کے پراجیکٹ اور تحریک کی عالمی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ یہ انٹرویو چند روز تک یورپ میں سب سے زیادہ پڑھے جانے والے انٹرنیٹ اخبار جذبہ انٹرنیشنل پر شائع کر دیا جائے گا۔

اسی شام مقامی مسجد میں منہاج القرآن کے تحت ہفتہ وار محفلِ ذکر و نعت میں بھی علامہ حافظ اقبال اعظم اور برطانیہ سے عدنان سہیل نے خصوصی شرکت کی۔ مقامی تنظیمی اراکین کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی سے دینی ذوق و شوق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر علامہ اقبال اعظم نے اپنے خصوصی خطاب میں تعلیمات اسلام کی روشنی میں یتیم، مسکینوں اور بے سہارا افراد کی کفالت کرنے والوں کے لیے عظیم اجر وثواب کا بیان کیا۔ اور آغوش پراجیکٹ کے وسیع اغراض و مقاصد سے لوگوں کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر منہاج القرآن آسٹریا کے امیر اور معروف مذہبی شخصیت محمد حفیظ اللہ قادری کے والد مرحوم کے لیے خصوصی قرآن خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔ ان تمام اجتماعات کے انتظام و انصرام میں صدر تنظیم خواجہ محمد نسیم، نائب صدر ملک غلام مصطفی، نائب صدر ملک محمد شفیع، فنانس سیکرٹری ملک امین اعوان، جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا، جوائنٹ سیکرٹری ملک اعجاز رشید، سیکرٹری اجتماعات حاجی ملک نسیم، سیکرٹری ویمن افئیرز مسز مریم خواجہ، کنوینر ویمن لیگ، مسز الماس خواجہ، محمد مسعود اور انکی اہلیہ، حاجی محمد الطاف اور دیگر رفقا و اراکین نے بھرپور تعاون کیا۔

مورخہ 28 ستمبر 2009 کو مہمانان گرامی ویانا ائیر پورٹ سے رخصت ہوئے اس موقع پر منہاج القرآن آسٹریا کے عہدیداران کے علاوہ منہاج میڈیا کوآرڈینیش بیورو یورپ کے کوآرڈینیٹر گولڈ میڈلسٹ صحافی محمد اکرم باجوہ اور پاک ایشیا کلچرل ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی قاسم علی بھی موجود تھے۔

یہ دورہ اپنے نتائج کے اعتبار سے انتہائی کامیاب رہا کیونکہ علامہ حافظ اقبال اعظم اور عدنان سہیل کی پراثر گفتگو، منظم اجتماعات اور ڈاکومنٹری شو سے نہ صرف پاکستانی بلکہ آسٹرین کمیونٹی کوبھی خدمت انسانیت کے شعبے میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی خدمات سے بخوبی آگہی ملی اور لوگوں نے تنظیم سے اپنے بھرپور تعاون کا عندیہ ظاہر کیا۔ تنظیمی اراکین نے علامہ حافظ اقبال اعظم اور عدنان سہیل کو یقین دلایا کہ انکے حالیہ دورۂ آسٹریا سے مقامی تنظیم بہت جلد اپنا ٹارگٹ پورا کر کے آغوش کے پراجیکٹ میں اپنا بھرپور حصہ ڈالے گی۔

رپورٹ : محمد نعیم رضا

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top