پیر محمد عبد الخالق نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ ایک عظیم روحانی شخصیت کے مالک تھے: مسکین فیض الرحمان درانی

اولیاء اللہ عبادت الٰہی اور مخلوق خدا کی خدمت میں زندگی بسر کرتے ہیں۔ یہی حال حضرت پیر عبدالخالق نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ کا رہا ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں انسانیت کی خدمت کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رضا کو پایا، وہ عظیم روحانی اور سماجی شخصیت کے مالک تھے۔ ان باتوں کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان درانی نے پیر عبدالخالق نقشبندی المعروف بابائے جنات کے پہلے عرس مبارک کے موقع پر آستانہ عالیہ پنڈی سٹاپ پیکو روڈ لاہور کی جامع مسجد عثمانیہ میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عرس کی صدارت سجادہ نشین علامہ پیر صاحبزاد ہ محمد حسین آزاد الازہری (مرکزی ناظم رابطہ علماء و مشائخ منہاج القرآن) نے کی۔ عرس مبارک کی تقریب میں ڈائریکٹر مذہبی امور و اوقاف حکومت پنجاب محمد شبیر ملک نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ حضرت پیر ڈاکٹر سید جمیل الرحمان چشتی، پروفیسر علامہ سلیم اللہ اویسی، مفتی صفدر علی قادری، پیر مخدوم سید چن پیر قادری، مفتی محمود حسین ہاشمی، مولانا جاوید اکبر ساقی، صاحبزادہ الحاج محمد عمر تبسم قصوری، صاحبزادہ حکیم محمد لقمان نوری، علامہ محمد عثمان سیالوی، پیر محمد اختر رسول قادری اور ملک بھر کے سینکڑوں مریدین اور عقیدت مند بھی شریک تھے۔ اس موقع پر علامہ پروفیسر سلیم اللہ اویسی نے کہا کہ اللہ کے نیک بندے ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے معمولات زندگی نبھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ان کے وصال کے بعد بھی ان کا چرچا اور فیض اس لیے جاری رکھتے ہیں کہ انہوں نے ساری زندگی اپنی ذات کی نفی کرتے ہوئے صرف اور صرف اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام اور ذکر کو بلند کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا پیر عبدالخالق نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ اس کا عملی پیکر تھے۔ مفتی محمود حسین ہاشمی نے کہا کہ ایسے نیک افراد قیامت کے روز بھی گناہ گار بندوں کی شفاعت کریں گے اور ان کی شفاعت کو اللہ تعالیٰ قبول فرمائیں گے۔ مولانا جاوید اکبر ساقی نے کہا کہ نیک بندوں کی سنگت، دوستی، صحبت اور محبت دنیا اور آخرت میں رحمت اور خیر کا باعث ہو تی ہے۔ آخر میں ڈاکٹر سید جمیل الرحمان چشتی نے خصوصی دعا کروائی۔ تقریب کے اختتام پر خصوصی لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top