حکومت نوجوانوں کو قومی دھارے میں شریک کرنے کے لیے قومی یوتھ پالیسی کا اعلان کرے : بلال مصطفوی

تعمیر وطن میں نوجوانوں کے اہم کردار کے لیے حکومتی پالیسی کا واضح ہونا بہت ضروری ہے
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بلال مصطفوی کی سیالکوٹ سے آئے ہوئے یوتھ لیگ کے وفد سے گفتگو

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بلال مصطفوی نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ گزشتہ دو دھائیوں سے نوجوانوں کی فکری رہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ نوجوانوں کو بے مقصدیت سے نجات دلا کر انہیں معاشرے میں تعمیری کردار اور مثبت سرگرمیاں دے کر یوتھ لیگ نے ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منہاج القرآن یوتھ لیگ سیالکوٹ کے صدر ملک امجد محمود چاند کی قیادت میں منہاج القرآن یوتھ لیگ سیالکوٹ سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو قومی دھارے میں شریک کرنے کے لیے قومی یوتھ پالیسی بنا کر اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائے تاکہ ملک و ملت نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔ تعمیر وطن میں نوجوانوں کے اہم کردار کے لیے حکومتی پالیسی کا واضح ہونا بہت ضروری ہے۔ بلال مصطفوی نے وفد کو بتایا پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور پر امن ہیں اور معاشرے میں برداشت اور رواداری کے کلچر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کسی بھی ترقی یافتہ ملک کے نوجوان سے کم نہیں۔ حکومت نوجوانوں کو وسائل مہیا کرکے اعتماد دے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ہزاروں نوجوانوں نے یہ عہد کر رکھا ہے، اصلاح معاشرہ اور ملکی ترقی کے لیے وہ اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی ترقی کو چار چاند لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی فکری رہنمائی کرنے اور انہیں ذہنی انتشار اور بے مقصدیت سے دور رکھنے میں منہاج القرآن کے 20 سنہرے سال پاکستان کی تاریخ کا حصہ ہیں۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اندرون و بیرون ملک اعلی اخلاقی اقدار کے فروغ محبت، امن اور بھائی چارے کے پھیلاؤ میں نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ حکومتی سطح پر نوجوانوں کی سرپرستی اور ان کے لیے ایسے پروگرام قومی سطح پر شروع کرنے کی ضرورت ہے جو نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دے کر ملک کی ترقی کے لیے معاون بنا سکے۔ اس موقع پر عتیق الرحمان چودھری، ثناء اللہ طاہری اور طیب ضیاء بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top