حالیہ بد ترین دہشت گردی کی لہر پاکستان اور اسلام کے خلاف گھناؤنی اور منظم سازش ہے : ڈاکٹر محمد طاہر القادری

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پشاور سی آئی اے سیل کے قریب ہونے والی دہشت گردی کی کاروائیوں کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر دہشت گرد اسلام، قرآن، نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امت مسلمہ کا دشمن ہے۔ اسلام جبر اور بربریت کا نہیں بلکہ رحمت اور شفاعت کا دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بد ترین دہشت گردی کی لہر پاکستان اور اسلام کے خلاف گھناؤنی اور منظم سازش ہے۔

اسلام امن، سلامتی، محبت اور رواداری کا دین ہے اور دین اسلام کی بنیاد محبت کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک جن نازک حالات سے گزر رہا ہے ایسے حالات میں ہمیں اپنے سیاسی، مذہبی، لسانی، علاقائی اور ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی مفادات کو ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے بحران، مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے ایسے میں حکومت کو چاہیے کہ آل پارٹیز کانفرنس (APC) بلا کر تمام سیاستدانوں، جماعتوں اور مؤثر شخصیات کی رائے سے ایک ایسا لائحہ عمل تیا ر کرے جس سے ملک اور قوم موجودہ بحرانی کیفیات سے باہر نکل سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے لاہور، کوہاٹ اور پشاور میں ہونے والی دہشت گردی کی حالیہ وارداتوں پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر انسانی اور غیر اسلامی فعل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اس قسم کے قبیح اور مذموم فعل کی اجازت نہیں دیتا۔ آخر میں انہوں نے ہلاک شدگان کی بخشش اور بلندی درجات کی دعا کی اور کہا کہ ہم لواحقین کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ اس نازک موقع پر پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ملک دشمنوں سے نبرد آزما ہوا جاسکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top