اسلام جبر اور بربریت کا نہیں بلکہ رحمت و شفقت اور امن و سلامتی کا دین ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

عوام کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے والے خود دہشت گردی کا شکار ہو رہے ہیں
آج کے مادیت زدہ ماحول نے نوجوانوں کو نفسانی خواہشات کے پیچھے لگا دیا ہے
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کینیڈا سے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار سے ٹیلی فونک گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں مگر آج کے نوجوانوں کی اکثریت بے مقصدیت کی زندگی گزار رہی ہے۔ آج کے مادیت زدہ ماحول نے نوجوانوں کو نفسانی خواہشات کے پیچھے لگا دیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن نوجوانوں کو بے مقصدیت کی دلدل سے نکال کر آقا علیہ السلام کا دیوانہ بنا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار بعنوان ’’ملک کو درپیش مسائل اور نوجوانوں کا کردار‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستانی معاشرہ سیاسی، معاشی، سماجی اور اخلاقی طور پر زوال و انحطاط کی جس سطح پر نظر آتا ہے ان حالات میں مذہبی و سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے میں ان اقدار کی بحالی کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کاوشوں کو تیز کریں۔ انہوں نے ملک میں ہونی والی کارروائیوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہر دہشت گرد اسلام، قرآن، نبی اکرم صلی اللہ وعلیہ وآلہ وسلم اور امت مسلمہ کا دشمن ہے۔ اسلام جبر اور بربریت کا نہیں بلکہ رحمت و شفقت اور امن و سلامتی کا دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال نے عوام کو عدم تحفظ کے شدید احساس میں مبتلا کیا ہوا ہے۔ اس سے نجات دلانے کیلئے ہر طبقہ ہائے فکر کے مؤثر افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ ملک میں خوف و ہراس کی فضاء کا خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا تحفظ اور قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے اور اس مقصد کیلئے حکمرانو ں کو ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نجات کے لیے ہر مکتبہ فکر کی قیادت کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں اور حکومت کو اس سے آہنی ہاتھوں سے نبٹنا ہوگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دہشت گردوں کا حکومتی اداروں پر حملہ کرنا گہری سازش ہے۔ وہ ملک میں عدم تحفظ کا شدید احساس پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہل کاروں کا شہید کیے جانا ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ عوام کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے والے خود دہشت گردی کا شکار ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ان بم دھماکوں میں بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ ملک دشمن عناصر ملک کو داخلی طور پر کمزور کرکے اس کی یکجہتی اور سالمیت کے خلاف سازش کررہے ہیں جسے پوری قوم مل کر ناکام بنا دے۔ سیمینار سے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بلال مصطفوی، سیکرٹری جنرل ظہیر عباس گجر، طیب ضیاء اور چودھری عتیق الرحمان نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کی مغفرت، بلندی درجات اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top