بھوک، افلاس، بدامنی اور دہشت گردی کے عذاب سے نجات کے لیے اجتماعی توبہ کی جائے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

حکومت اپنی کارگردگی کا جائزہ لے کر ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کے لیے فول پروف انتظامات کرے۔
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا کینیڈا سے ٹیلی فونک خطاب

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان بڑے نازک حالات سے گزر رہا ہے۔ ملک داخلی اور خارجی سازشوں اور حملوں کی زد میں ہیں۔ عام آدمی سے لے کر حکمران تک ہر فرد بے بسی کی تصویر دکھائی دیتا ہے۔ ہر شخص مضطرب، بے چینی اور خوف و ہراس کی کیفیت سے گزر رہا ہے۔ نظام اسلام کو نظر انداز کرکے کفر کے نظام کو اپنایا جا رہا ہے۔ اسلام کے خلاف ثقافتی یلغار کی خوفناک آگ ہمارے گھروں تک پہنچ چکی ہے۔ ہم اجتماعی عذاب کی کیفیت میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیڈا سے بذریعہ ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر اجتماعی عذاب ہماری اجتماعی غلطیوں کا نتیجہ ہے۔ قوم اللہ تعالی کی بارگاہ میں اجتماعی توبہ کرے اور تمام تر اختلافات ختم کر کے اتحاد، اتفاق اور یگانگت کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اللہ کے دین سے منہ موڑا اور اللہ تعالی کی رحمت ہم سے روٹھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے برائی اور کرپشن سے سمجھوتا کیا ہوا ہے۔ اگر ہم برائی اور کرپشن کے خلاف برسرپیکار رہتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ ہمارے ملک کی درس گاہیں بند ہیں، عوام خوف و ہراس سے ذہنی مریض بن رہی ہے، مہنگائی اور بھوک نے عوام کا پہلے ہی جینا حرام کیا ہوا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوام اللہ رب العزت کی بارگاہ میں اجتماعی توبہ کرے۔ حکمران، سیاستدان، دانشور، علماء اور مشائخ عظام قومی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنے مفادات کو قربان کرتے ہوئے قومی مفادات کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام کی زندگی میں مشکل مراحل آتے رہتے ہیں۔ ان سے راہ فرار اختیار کرنا خود دار اقوام کا شیوہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اجتماعی توبہ بھی کرے اور حکومت اپنی کارگردگی کا جائزہ لے کر ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کے لیے مثبت لائحہ عمل تیار کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top