اسلام نے انسانی حقوق کا جو تصور دیا اس کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔

اسلام نے ویلفیئر کا وہ نظام دیا جو غربت و افلاس کا خاتمہ کر دیتا ہے
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ویلفیئر کا ایک منظم پروگرام ’’آغوش‘‘ کے نام پر چلا رہی ہے
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سیمینار بعنوان ’’اسلام میں انسانی حقوق کا تصور‘‘ سے مقررین کا خطاب

اسلام نے انسانی حقوق کا جو تصور دیا ہے وہ اتنا جامع ہے کہ انسانی تاریخ اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر دکھائی دیتی ہے۔ اسلامی معاشرے میں غیر مسلموں کو بھی مسلمانوں کے برابر حقوق حاصل ہیں۔ اسلام نے جانوروں اور نباتات تک کے حقوق متعین کر دیے۔ اسلام نے ویلفیئر کا وہ نظام دیا جو کسی بھی معاشرے سے غربت و افلاس کا خاتمہ کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیمینار بعنوان ’’اسلام میں انسانی حقوق کا تصور‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں ارشاد باری تعا لیٰ ہے کہ ہر شخص کے رزق میں حاجت مندوں اور محروموں کا حصہ ہے، اس لیے ہم جب کسی کی مدد کرتے ہیں تو اپنا فرض نبھاتے ہیں۔ ناظم اعلیٰ نے کہا کہ معاشرے میں رزق کی تنگی، بد امنی، بے سکونی بڑھ جائے تو سمجھ لینا چاہیے کہ معاشرے کے متمول لوگوں نے بے سہارا اور مفلوک الحال لوگوں کا حق ادا کرنا ترک کر دیا ہے۔ غریبوں کا استحصال کرنے والے معاشرے سے اللہ برکت اٹھا کر عذاب مسلط کر دیتا ہے، اس لیے حقوق العباد کی ادائیگی میں قطعاً غفلت نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص چاہتا ہے کہ اس کا رزق وسیع ہو جائے وہ قرابت داروں کے حقوق کا خیال رکھنا شروع کر دے۔ ناظم منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ویلفیئر کا ایک منظم پروگرام ’’آغوش‘‘ کے نام پر چلا رہی ہے جس میں بے سہارا بچوں کو گھر جیسا ماحول دیا گیا ہے۔ آغوش میں غریب اور نادار بچوں کی رہائش، خوراک و دیگر ضروریات کی کفالت کے ساتھ ساتھ انہیں اعلیٰ تعلیم سے بھی آراستہ کیا جاتا ہے تاکہ وہ بڑے ہوکر معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل کرکے ملک و ملت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔ سیمینار سے ڈاکٹر تنویر اعظم، ساجد محمود بھٹی اور افتخار شاہ بخاری نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top