منہاج القرآن اسلامک سینٹر، سرگودھا کے سنگ بنیاد کی تقریب

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سرگودھا کے زیراہتمام منہاج القرآن اسلامک سینٹر کے سنگ بنیاد کی تقریب مورخہ 11 اکتوبر 2009 بروز اتوار چک 40 کانڈیوال سرگودھا میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت نائب امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب چودھری محمد اسماعیل سندھو نے کی۔ جبکہ مہمانان خصوصی مرکزی ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری تھے۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو اسکول لائبریری اور ڈسپنسری کے لئے مصور احمد ملہی نے 6 کنال زمین عطیہ کی رجسٹری دی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے قوم کو سستی اور معیاری تعلیم دینے کے لئے 573 ماڈل اسکولز اور 500 بے سہارا یتیم بچوں کی کفالت، تعلیم و تربیت اور رہائش کا عظیم الشان منصوبہ آغوش دیا ہے جبکہ ہر سال سینکڑوں غریب و نادار بچیوں کی شادی کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے حال ہی میں متاثرین سوات کی بحالی کے لئے 7 کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال فراہمی آب کے لئے راجن پور، مری اور مردان و سوات کے علاقوں میں 14 مقامات پر واٹر پمپس انسٹال کرائے گئے ہیں۔ اب تک پورے ملک میں 762 مقامات پر واٹر پمپس نصب کئے جاچکے ہیں۔ اس منصوبے پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اب تک 35 لاکھ روپے خرچ کئے ہیں۔

مرکزی ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام منہاج القرآن اسلامک سینٹر چک نمبر 40 سرگودھا میں ایسی مثالی درسگاہ اور تعلیمی مرکز ہو گا جسکی نظیر آج تک یہاں وقوع میں نہ آئی ہو گی۔ ہماری خواہش ہے کہ اسلامک سینٹر کا وہ معیار قائم کیا جائے جو دیگر تعلیمی اداروں سے مثالی ہو۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا پیغام امن و آشتی کا پیغام ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں دنیا بھر میں دین اسلام کی اصل روح، امن و محبت کے پیغام کو عام کیا جا رہا ہے۔

تحریک منہاج القرآن پنجاب کے نائب امیر چودھری محمد اسماعیل سندھو نے کہا کہ تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ، ماڈل اسکول سمیت لائبریری کا قیام اور ڈسپنسری کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا اور ساتھ ہی بے سہارا یتیم بچوں کی مکمل کفالت، تعلیم و تربیت اور رہائش کا منصوبہ بھی قائم کیا جائے گا۔

تقریب سے حکیم خورشید اسلم، مصور احمد ملہی، چودھری محمد جاوید چیمہ، افضل دیو، چودھری نعیم انور چیمہ اور صوفی ملک اکبر علی اعوان نے بھی خطاب کیا۔

تقریب کے آخر میں مہمانان خصوصی ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو اور افتخار شاہ بخاری نے دیگر مہمانان گرامی کے ہمراہ منہاج القرآن اسلامک سینٹر سرگودھا کا سنگ بنیاد رکھا۔ جس کے بعد دعائیہ کلمات کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top