قائد اعظم کا تصور پاکستان یہ تھا جس طر ح ہمارا ملک ایک ہے ہم بھی ایک قوم ہوں : اشتیاق حنیف مغل

منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور ڈویژن کے زیراہتمام یوتھ سیمینار بعنوان ’’قائد اعظم کا تصور پاکستان‘‘ سے مقررین کا خطاب

منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور ڈویژن کے زیراہتمام یوتھ سیمینار بعنوان ’’قائد اعظم کا تصور پاکستان‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے اشتیاق حنیف مغل مرکزی نائب صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ پاکستان نے کہا کہ پاکستان کا قیام تاریخ انسانی کا ایک عظیم واقعہ ہے۔ مسلمانان ہند کی سال ہا سال کی قربانیوں اور قائد اعظم کی ولولہ انگیز اور بابصیرت قیادت کی بدولت آج ہم اس آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اس یوتھ سیمینار میں ہمیں اس امر پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا تصور پاکستان کیا تھا؟ قائد اعظم کے نزدیک پاکستان کا تصور یہ تھا جس طرح ہمارا ملک ایک ہے ہم بھی ایک ہوں۔ جس میں آزاد فرد کی حیثیت سے سانس لے سکیں۔ جسے ہم اپنی صوابدید اور ثقافت کے مطابق ترقی دے سکیں اور جہاں اسلام کے معاشرتی انصاف کے اصول جاری وساری ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم ایک ایسا پاکستان چاہتے تھے جس میں لوگوں کی جان اور مال محفوظ ہو، اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہوں، رشوت ستانی، بد عنوانی، اقربا پروری کا خاتمہ ہو اور نسلی لسانی اور صوبائی تعصبات کا وجود نہ ہو۔ لیکن شومئی قسمت کہ ہم اتنا عرصہ گزر جانے کے باوجود ان مقاصد سے کوسوں دور ہیں جو قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے قائدین کے پیش نظر تھے قائد اعظم نے قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس میں کہا تھا کہ ہمارا بنیادی فرض یہ ہے کہ ہم ایسے قوانین تشکیل دیں جن سے مملکت میں امن و امان قائم ہو، لوگوں کی جان اور مال محفوظ ہوں۔ سماجی برائیوں کا خاتمہ ہو جس سماجی برائی کا قلعہ قمع کرنے پر زور دیا وہ رشوت اور اقرباء پروری کی لعنت ہے مگر ہماری بدقسمتی ہے کہ آج ہزاروں چیلنجز سر اٹھائے کھڑے ہیں۔ گروہ در گروہ علاقائی، لسانی، مذہبی اور صوبائی تفریق نے آج ہمارے جسد قومی کو لخت لخت کردیا ہے، آج ملک میں لوڈ شیڈنگ مہنگائی بے روزگاری جیسے مسائل گھمبیر ہوتے جارہے ہیں۔ ملک میں امن وامان کی صورتحال بہت خراب ہوچکی ہے پاکستان کا ہر شہری اس وقت پاکستان کے مستقبل کے بارے میں پریشان ہے خصوصاً نوجوان نسل پریشان ہے، ان کا مستقبل کیا ہوگا؟۔ عمران بھٹی مرکزی سیکرٹری تربیت MYL نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستانی نوجوان جفا کش، پرجوش اور زندہ دل ہیں جو ہرقسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستانی قیادت کو بھی لانگ ٹرم منصوبہ بندی کرنی چاہیئے تاکہ پاکستان مستقبل میں معاشی بحران کا شکار نہ ہو اور بیرون ممالک سے قرضہ نہ لینا پڑے بلکہ ملک خود کفیل ہو جائے قائد اعظم بھی پاکستان کو ایک خود کفیل ملک بنانا چاہتے تھے۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کے صدر عثمان گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج بھی نوجوانوں کے دلوں میں وطن کے لئے محبت، تڑپ اور اس کی سلامتی اور استحکام کے لئے قربانی کا جذبہ موجود ہے، اگر پاکستان پر کوئی مشکل وقت آیا تو نوجوان نسل سب سے آگے ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں قائد اعظم کے اس قول ایمان اتحاد اور تنظیم پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ذاتی اور پارٹی مفادات کو پس پشت رکھ کر صرف اپنے وطن عزیز پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھنا چاہئیے۔ تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک مستحکم، مضبوط، پائیدار اور ترقی یافتہ، جمہوری ملک دے سکیں۔ یہی وقت کی ضرورت بھی ہے اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی روح بھی ہم سے مطالبہ کرتی ہے۔ سیمینار میں ملک فقیر حسین، حافظ کاشف چشتی، وقار احمد، مجاہد محمود، ندیم بیگ، زبیر احمد گیلانی اور سینکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top