اسلامی سیاست خدمت کا نام ہے جبکہ ہم نے سیاست کو جھوٹ اور کرپشن بنا دیا ہے : فیض الرحمان درانی

بااثر افراد کو معاف کرنا اور غریب عوام کو دربدر کرنا نہ خدمت ہے نہ سیاست ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار بعنوان ’’اسلام کا تصور خدمت خلق‘‘ سے مقررین کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر و پاکستان عوامی تحریک کے مرکز ی صدر فیض الرحمان درانی نے کہا کہ دین اسلام انسانیت کی فلاح و بہبود کا مکمل نظام عطا کرتا ہے۔ اسلامی سیاست بھی خدمت کا نام ہے۔ ہم نے سیاست کو جھوٹ اور کرپشن بنا دیا ہے۔ اسلامی سیاست احساس انسانیت اور عوام کے دکھوں کو دور کرنے کا عملی فلسفہ ہے۔ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ لوگوں میں سب سے اچھا وہ ہے جو دوسروں کو زیادہ سے زیادہ نفع پہنچانے والا ہو۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمات اسلام تو حیوانات، نباتات اور جمادات کے حقوق تک ادا کرنے کا حکم دیتی ہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حیوانات، نباتات اور جمادات سے برتاؤ کا عملی نمونہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت، وحشت اور بربریت کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ وہ افراد جو اسلام کا نام لے کر دہشت، وحشت اور بربریت پھیلاتے ہیں اور ان انسانیت دشمن کاموں کو فروغ دینے میں معاونت کرتے ہیں۔ انہیں انسان کہنا تو درکنار وہ درندوں سے بھی بدتر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سیمینار بعنوان ’’اسلام کا تصور خدمت خلق‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شاہد محمود، رانا فیاض، فرحت حسین شاہ، افتخار بخاری اور مولانا عثمان سیالوی بھی موجود تھے۔ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ اسلامی تاریخ شاہد ہے کہ مسلمان حکمرانوں نے غیر مسلم عبادت گاہوں کی بھی حفاظت کی اور غیر مسلم مذاہب کو اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کا حق بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام فطرت کے عین مطابق ہے اور انسانی فطری جذبات، ذوق اور ضروریات زندگی کے تمام لوازمات کا احاطہ کرتا ہے اور انہیں جائز طریقوں سے بھر پور زندگی گزارنے کی مکمل آزادی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی عبادت کی روح خدمت خلق ہے۔ وہ لوگ جو انسانوں کی کسی طرح بھی خدمت کر رہے ہیں۔ بوجھ کم کر رہے ہیں، معاشی، سیاسی اور ثقافتی مسائل حل کر رہے ہیں۔ وہ حقیقت میں بندگی کا فریضہ احسن انداز میں نبھا رہے ہیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ بااثر افراد کو معاف کرنا اور غریب عوام کو دربدر کرنا نہ خدمت ہے اورنہ سیاست ہے۔ خدمت یہ ہے کہ ہرایک کو اس کا حق اور انصاف ملے۔ اسلام بلا رنگ و نسل اور طبقات کی تقسیم کے بغیر انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے۔ اسلام نے خدمت خلق کو سب سے بڑی عبادت سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی سب سے زیادہ بندوں سے پیار کرتا ہے اور جو اس کے بندوں سے پیار کرتا ہے اللہ تعالی انہیں پسند کرتا ہے۔ انہوں نے کہا اخلاص سے جو انسانیت کی خدمت کرتا ہے اس کا نام دنیا میں بھی زندہ رہتا ہے اور اسکی آخرت بھی سنور جا تی ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اسلام فساد ختم کرنے کے لیے آیا ہے اور امن کو پھیلانے کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا تصور خدمت خلق یہ ہے کہ انسان اپنی صلاحیت کے مطابق تمام تر توانائیاں انسانوں کی خدمت میں صرف کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top