سپر فائنل ائیر سیشن 09-2008 کے اعزاز میں الوداعی پارٹی

منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں سال ہفتم کی طرف سے سپر فائنل ائیر کے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں 31 اکتوبر 2009ء کو شاندار ’’الوداعی پارٹی‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سبزہ زار میں ہونے والی تقریب کی صدارت ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن و پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ مہمان خصوصی وائس پرنسپل ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی اور پروفیسر محمد نواز ظفرچشتی تھے۔ اس موقع پر رانا محمد ادریس قادری، علامہ سید فرحت حسین شاہ، ارشاد حسین سعیدی، صاحبزادہ ظہیر احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا محمد لطیف مدنی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، محمد یاسر خان، قائم مقام سیکرٹری کوآرڈینشن کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز صابر حسین نقشبندی، علامہ محمد الیاس اعظمی، نگران بزم منہاج عبدالقدوس درانی، رانا محمد اکرم قادری، شبیر احمد جامی، عبدالوحید قادری، قاری اللہ بخش جاوید، ظفر اقبال، غلام مجتبی طاہر ایڈووکیٹ، محمد کاشف بھٹی اور محمد افضل بھی موجود تھے۔

پروگرام کا آغاز دن 12 بجےصحیفہء انقلاب کی آیات بینات سے ہوا۔ جس کی سعادت قاری محمد نوید اعوان نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت عمر فاروق نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض حافظ محمد یاسر نسیم اور حافظ عبداللطیف نے مشترکہ طور پر سر انجام دیئے۔ سال ہفتم کے طالب علم زاہد بشیر اور سپر فائنل ائیر کے طلبہ نے غزل سے سامعین کو محظوظ کیا۔ 

سال ہفتم کی نمائندگی بزم منہاج کے صدر حافظ غضنفر حسنین قادری نے جبکہ سپر فائنل ائیر کی نمائندگی سابق صدر بزم منہاج حافظ خرم شہزاد مدنی نے کی۔ سپر فائنل ایئر کے طالبعلم احسن اویس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کالج آف شریعہ کے طلبہ جہاں بھی جاتے ہیں وہاں پر اپنا لوہا منواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سنگت اور صحبت سے آج ہم سب ایک ہیں۔ اساتذہ کرام نے بڑی محبت اور شفقت کےساتھ ساتھ زندگی کے ہر مشکل وقت میں ہمیں سہارا دیا۔ ان کی تربیت کی بدولت ہم معاشرے میں جہاں بھی جائیں نمایاں نظر آتے ہیں۔

محمد وقاص علی قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہیں کہ ہم اس عظیم مادرِ علمی سے فیض یاب ہو کر جا رھے ہیں جہاں کے اساتذہ کرام نے ہمیں بڑی ہی محبت، محنت شاقہ اور لگن کے ساتھ پڑھایا۔ بلکہ سات سال کے اس عرصہ میں اپنے بچوں کی طرح شفقت فرماتے رہے اور ہر نفع و نقصان سے ہمیں آگاہ کرتے رہے۔ یہاں پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ کی خصوصی تربیت نے مقصدِ حیات سے آگاہ فرمایا اور عظیم مصطفوی مشن کا پتہ دیا۔ ان شاء اللہ العزیز ہماری زندگی کا لمحہ لمحہ اس مشن کے لئے وقف ہو گا۔ 

سال ہفتم کے طالب علم حافظ عمر دراز نے سپر فائنل ائیر کو الوداعی کلمات کے ساتھ الوادع کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے بھائی ہم سے جدا ہو رہے ہیں لیکن میں اس بات کا برملا اظہار کرتا ہوں کہ ہم نےگزشتہ چھ سال میں اتنی زیادہ متحرک اور ہمہ جہت کلاس کبھی الوداع ہوتے ہوئے نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ سال ہفتم کے تمام طلبہ پورے خلوص، نیک تمنائیں، نیک خواہشات اور اچھے جذبات ان کی نظر کرتے ہیں اور ان سے امید کرتے ہیں کہ آپ عملی میدان میں جہاں خود کامیابی اور کامرانی کی منزلیں طے پائیں گے وہاں ہمارے لیے بھی پیش رو ثابت ہوں گے۔

حافظ عمر دراز نے اس شعر کے ساتھ الوداع کرتے ہوئے کہا کہ

حیا نہیں ہے زمانہ کی آنکھ میں باقی
خدا کرے تیری زندگی رہے بےداغ

شیخ اللغہ والادب پروفیسر محمد نواز ظفر اور مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تم ایک ایسے ادارے سے اپنا تعلیمی کئیرئیر مکمل کر کے جا رہے ہو جو عالم اسلام میں اسلام کا صحیح چہرہ پیش کرنے والا ادارہ ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ زندگی میں کبھی بھی اپنا تعلق علم سے منقطع نہ کرنا۔ ماں کی گود سے لے کر قبر کی گور تک علم حاصل کرو۔ آخر میں طلبہ کی حوصلہ افزائی فرمائی اور انہیں فیلڈ میں بہتر انداز سے کام کرنے کی ہدایات فرمائیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی رہیں ہماری دعائیں ہمہ وقت آپ کے ساتھ ہیں۔

وائس پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری نے سپر فائنل کے اعزاز میں دی جانے والی الوداعی تقریب میں آنے والے تمام مہمانان گرامی قدر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کا شمار عصر حاضر کی عظیم درسگاہوں میں ہوتا ہے جہاں طلبہ کی فکری، ذہنی اور روحانی تربیت کا حسین امتزاج نظر آتا ہے۔ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلبہ تحریک منہاج القرآن کا ہر اول دستہ ہیں جو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کی فکر کو پوری دنیا میں پہنچا رہے ہیں۔ ہر سال کالج آف شریعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ امسال بھی آپ کے جونئیر بھائیوں نے آپ کے اعزاز میں شاندار پارٹی کا انعقاد کیا۔

ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن اور پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نےطلبہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان قوم کا عظیم سرمایہ ہوتے ہیں۔ مستقبل کی ذمہ داری آپ پر ہے اور ہماری امیدیں آپ سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے سپر فائنل ائیر کے طلبہ کو کالج آف شریعہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی57 ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ ہفتہ تقریبات کے شاندار انعقاد پرمبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ان طلبہ نے ہفتہ تقریبات کا انعقاد کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ سپر فائنل ائیر کے طلبہ دیگر طلبہ کی طرح ہر میدان میں ہرفن مولا نظر آتے ہیں۔

الوداعی تقریب کے شاندار انعقاد میں انتظامیہ کے ساتھ سال ہفتم کے محمد احمد رضا، طارق جٹ، شبیر حسین، محمد اویس، تاجدار ضیغم، منیر حسین، اقصد شہزاد انجم، مبین صائم، محمد جاوید، سید افسر خان، نثار حسین شاہ، محمد نوید انجم اور عبداللہ عزائم نے خصوصی معاونت کی۔ پروگرام کا اختتام مفتی عبد القیوم خان ہزاروی کی دعا سے ہوا۔

رپورٹ : محمد نواز شریف

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top