کاتالونیا سپين کے نائب صدر Josep-Lluis اور حکومتي عہديداروں کا منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کا دورہ

سپين کے خود مختار علاقہ کاتالونيا کے صدر Jose-Lluis اور ديگر اعليٰ حکومتي عہديداروں نے 22 اکتوبر کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر کاتالونيا کا وزٹ کيا۔ يہ وزٹ کاتالونيا ميں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا پر منعقدہ تقريب Open Droor Session کے افتتاح کے سلسلہ ميں تھا۔ اس موقع پر وفد کے اعزاز ميں خصوصي تقريب کا اہتمام کيا گيا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے زیر اہتمام ہر سال ميں 3 مرتبہ يہ تقريب منعقد کي جاتي ہے۔ جس ميں ہر مذھب و قوم سے تعلق رکھنے والے لوگوں کي شرکت کي دعوت دي جاتي ہے۔ اس پروگرم کا مقصد مقامی لوگوں کو اسلام کے قريب کرنے اور مسلمانوں کے بارے ميں پائے جانے والي غلط فہميوں کو دور کرنا ہے۔

ان پروگرمز اور تقریبات میں منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوان ہسپانوی و کاتالان زبان میں مقامی لوگوں کو دین اسلام اور پاکستان کے متعلق معلومات دیتے ہیں۔ اس ميں سوالات کا سيشن بھي شامل ہوتا ہے۔ منہاج القرآن بارسلونا کی ذیلی تنظیم منہاج مصالحتی کونسل کی طرف سے ایسے پروگرامز میں مقامی حکومتی عہدیداران، سیاسی پارٹیوں کے نمائندگان، پولیس آفیسرز، مقامی سماجی و معاشرتی تنظیمات کے نمائندگان، دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں کے سربراہان، یونیورسٹی وکالجز کے پروفیسرز اور زندگی کے دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مدعو کیا جاتا ہے۔

اس تقریب میں کاتالونیا کے نائب صدر Josep-Lluis Carod Rovira مہمان خصوصي تھے۔ دیگر مہمانوں میں Montserrat Coll (ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور، حکومت کاتالونیا)، Agusti Iglesias (سیکریٹری مذھبی امور، حکومت کاتالونیا)، Jose Maria Sala (ناظم تنظیمات، سوشلسٹ پارٹی کاتالونیا)Anguita (نمائندہ یہودی کیمونٹی)، Angel Colom ( رہنماء CiU اپوازیشن پارٹی کاتالونیا )، Merc Homs (CiU اپوازیشن پارٹی کاتالونیا)، Jordi Lopez (سابق DG مذہبی امور)، Miquel Ribero (سیکریٹری PSC بارسلونا)، Paco Salvador (نائب صدر سٹی کونسل بارسلونا)، محمد یوسف (سربراہ کاتالان مسلم تنظیم) اور صدارتی پروٹوکول عملہ بھي شامل تھا۔

اس موقع پر مقامی اخبارات اور ٹیلی ویژنز کے نمائندگان بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

پاکستانی کیمونٹی کی طرف سے قونصلر جنرل برائے بارسلونا ایاز حسین سید نے تقريب ميں خصوصي طور پر شرکت کي۔ ان کے علاوہ راجا شعیب ستی (صدر پاکستان فیڈریشن )، خالد شہباز چوہان (ترجمان پاک فیڈریشن)، محمد نواز عطاری ( امام دعوت اسلامی)، جاوید مغل (چیف ایڈیٹر ہم وطن)، حافظ عبدالرزاق صادق (چیئر مین پاکستان پریس کلب)، شفقت علی رضاء ( چیف ایڈیٹر پاک نیوز )، چوہدری محمد عامر سیال (رہنماء مسلمان کاتالان ایسوسی ایشن)، ظفر اقبال حسن (نمائندہNNA )، الحاج قاری عبدالرحمان (ڈائریکٹر عادل تندوری ریسٹورنٹ)، فیض اللہ ساہی (سابق صدر پاک فیڈریشن)، حق نواز چوہدری (اخبار دیس پردیس)، ظفر الیاس قریشی (اخبار دیس پردیس) بھي تقريب کے معزز مہمانوں ميں شامل تھے۔

ميزبان شرکاء ميں سے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے سرپرست محمد نواز کیانی، علامہ عبد الرشید شریفی ( امیر تحریک)، مرزا محمد اکرم بیگ (نائب صدر)، نوید احمد اندلسی (سیکریٹری جنرل)، محمد اقبال چوہدری (صدر مصالحتی کونسل)، حاجی محمد نذیر اداسی (ممبر مصالحتی کونسل)، علامہ محمد عرفان رضاء(خطیب منہاج القرآن بارسلونا)، علامہ محمد عابد نقشبندی (امام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا)، یوسف بلال مصطفوی (آفس سیکریٹری)، محمد آصف قادری (ناظم دعوت یوتھ لیگ )، اسلام حسین(نائب صدر یوتھ لیگ)، زاہد انور(نائب ناظم یوتھ لیگ)، محمد عثمان، ذیشان علی، وقاص علی (منہاج یوتھ لیگ سپین)، محترمہ صفیہ شبیر (صدر ویمن لیگ)، محترمہ صغریٰ انصر (ممبر مصالحتی کونسل) اور دیگر ممبران منہاج القرآن بارسلونا اور طلبہ و طالبات شامل تھے۔

منہاج القرآن بارسلونا کے اراکین اور منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں کی طرف سے منہاج اسلامک سنٹر کے بیرونی دروازے پر تمام معزز مہمانوں کا استقبال کيا گيا۔ نائب صدر کاتالونیا اور ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور کی آمد پر علامہ عبد الرشید شریفی اور محمد اقبال چوہدری نے انہیں پھول پیش کیے۔

پروگرام کا آغاز نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا کے ننھے منھے طالب علم صہیب شبیر نے حاصل کی۔ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کی طالبہ مصباح یوسف نے صحیفہ ہدایت کی آیات کا کاتالان زبان میں ترجمہ کیا۔ منہاج یوتھ لیگ سپین کے معاون لائبریری محمد عثمان نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی لکھی مشہور زمانہ نظم بچے کی دعا (لب پہ آتی ہے ) کا کاتالان زبان میں پیش کي۔ پروگرام کي نقابت کے فرائض صدر مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری نے ادا کيے۔

اظہار خيال

منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری نے استقبالیہ کلمات کہے۔

قونصلر جنرل برائے بارسلونا ایاز حسین سید نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مسجد مسلمانوں کے لیے نہ صرف اپنے رب کے سامنے سجدہ کرنے کی جگہ ہے بلکہ یہ معاشرے کو درپیش ہر قسم کے مسائل کا حل تلاش کرنے کی جگہ بھی ہے۔ مسلمانوں کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت کے مطابق مسجد تمام لوگوں کے لیے کھلی ہوتی ہے چاہے ہو کسی بھی ثقافت یا مذہب سے تعلق رکھتے ہوں۔ انہوں نے مذاہب کے درمیان بات چیت کے ذریعے نہ صرف دوسرے مذاہب کو سمجھنے کی مدد ملتی ہے بلکہ ان میں موجود مشترکہ چیزوں کو اپنانے کا بھی موقع ملتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سپین وہ سرزمین ہے جہاں تاریخی طور پر تینوں بڑے مذاہب رہتے رہے ہیں، ہمارے دین کے مطابق کوئی بھی مسلمان اس وقت تک مسلمان نہیں کہلا سکتا جب تک وہ حضرت عیسیٰ سمیت دیگر انبیاء کرام کی نبوت پر ایمان نہ لائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب دہشت گردی کی تعلیم نہیں دیتا بلکہ مذاہب ہوتے ہی پیار و محبت کا سبق دینے کے لیے ہیں اور دین اسلام میں اپنے پڑوسی کے حقوق کا خیال رکھنے اور اس کو کسی بھی قسم کی تکلیف نہ پہنچانے کاحکم دیا گیا ہے اور اس کے لیے مذھب کی کوئی قید نہیں۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں مسلمان اور بالخصوص پاکستانی کیمونٹی کو سہولتیں فراہم کرنے پر کاتالونیا کی حکومت کا شکریہ بھي ادا کیا۔ نوید احمد اندلسی نے قونصلر جنرل کی تقریر کا کاتالان زبان میں ترجمہ کیا۔

نائب صدر کاتالونیا نے اپنے خطاب کا آغاز اردو زبان میں "السلام علیکم" کے الفاظ سے کيا۔ انہوں نے اس تقريب کے انعقاد پر منہاج القرآن بارسلونا کو خصوصي مبارک باد پيش کي۔ انہوں نے کہا کہ کاتالونیا بین مذہبی ڈائیلاگ کو فروغ دینے کے لیے دنیا بھر میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ کچھ دہائیاں قبل کاتالونیا میں مسلمانوں کی بہت زیادہ آبادی نہیں تھی لیکن ان چند سالوں کے اندر دنیا کے بہت سے مقامات سے مختلف ثقافتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے "نئے کاتالان"یہاں آ کر آباد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاتالونیا کی حکومت اپنے مذہبی امور کے شعبہ کے ذریعے مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن بارسلونا نے کھلے دروازوں کا سیشن منعقد کر کے کاتالونیا کی بین المذہبی ڈائیلاگ کو فروغ دینے کی تاریخ میں اہم کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتي سے آج کچھ ذرائع ابلاغ عالمی سطح پر اسلام کے بارے بہت غلط پراپیگنڈا کر رہے ہیں لیکن کاتالونیا میں ہم کسی کو ایسا نہیں کرنے دیں گے کيونکہ ہم شدت پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بقائے باہمی کے لیے ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے کو کھلے طریقہ سے سمجھیں۔

تقاریر کے بعد نوید احمد اندلسی اور یوسف بلال مصطفوی نے نائب صدر اور DG مذہبی امور کو منہاج اسلامک سنٹر کے تمام شعبہ جات کا وزٹ اور تعارف کرایا۔ انہوں نے منہاج القرآن بارسلونا اور اس کے ذیلی شعبہ جات کی علمی، تعلیمی، بین المذہبی، بین الثقافتی، نوجوانوں اور خواتین کی سرگرمیوں کے متعلق تفصیلی معلومات دیں جن کونائب صدر نے بہت پسند کیا۔ لائبریری کے وزٹ کے دوران نائب صدر نے منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں سے خصوصی ملاقات کی۔ تقریب کے آخری حصہ میں تمام شرکاء کے لیے پاکستانی روائتی کھانوں اور ديگر پکوان کے ساتھ ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا جسے مہمانوں نے بہت پسند کیا۔

رپورٹ : نوید احمد اندلسی، سیکریٹری جنرل MQI سپین، سیکریٹری MCB یورپ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top