اسلام واحد دین ہے جو اعتدال اور توازن پر مبنی نظام حیات عطا کرتا ہے : ڈاکٹر شاہد محمود

احترام آدمیت اور انسانیت کی خدمت دین اسلام کی روح ہے
ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود کا سیمینار سے کا خطاب

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی ناظم ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا ہے کہ اہل مغرب نے اسلامی تعلیم پر عمل کرکے ترقی کی ہے اور ہم اسلامی تعلیم سے منحرف ہوکر تنزلی کا شکار ہوئے ہیں۔ دین اسلام حقوق و فرائض کا متوازن نظام عطا کرتا ہے۔ احترام آدمیت اور انسانیت کی خدمت دین اسلام کی روح ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ایک سیمینار بعنوان ’’اسلام بہترین نظام زندگی عطا کرتا ہے‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر افتخار شاہ بخاری، میاں طاہر یعقوب، اور شمیم نمبر دار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا اسلام واحد دین ہے جو اعتدال اور توازن پر مبنی نظام حیات عطا کرتا ہے جہاں اعتدال اور توازن ہو امن وامان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی وجہ سے تہذیب و تمدن میں ترقی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بہت سے نظام ہیں جنہوں نے انسان کو مشین کا پرزہ بنا دیا ہے۔ ڈاکٹر شاہد محمود نے مزید کہا کہ نظام اسلام میں سارے انسان برابر ہیں اور ان کے حقوق میں مساوات پائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی رو سے دولت، شہرت، حسن، عہدہ کسی کے اعلیٰ مقام کی نشاندہی نہیں کرتا بلکہ تقویٰ کی دولت اللہ تعالیٰ کی نگاہ میں امتیازی شان عطا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام اسلام میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپنی رعیت کے بنیادی حقوق کا مکمل خیال رکھے اور ان کی ضروریات کو پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر افراد کو نظام اسلام حکم دیتا ہے کہ اپنی بساط کے مطابق نادار، مفلس اور محتاج افراد کی مدد کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top