منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام سرگودھا زون کے پرنسپلز و اساتذہ کا تربیتی کیمپ
منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام اساتذہ کی تربیت کے لیے دو روزہ تربیتی کیمپ یکم نومبر 2009ء کو فیز 1 بمقام 49 ٹیل اور کوٹ مومن سرگودھا میں منعقد کیا گیا۔ اس کیمپ میں ضلع سرگودھا کے تمام منہاج سکولز کے پرنسپلز اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ کیمپ میں عمران بھٹی نے اساتذہ کو تربیتی لیکچرز دیئے۔ ان لیکچرز میں انہوں نے اساتذہ کرام کی استعداد کار کے مطابق انہیں طریق تدریس (ٹیچنگ میتھوڈالوجی) اور بلاک سلیبس سمیت دیگر ضروری تعلیمی امور پر بریفنگ دی۔ کیمپس میں اساتذہ کرام نے دوران تدریس پیش آنے والے فنی مسائل کو بھی بیان کیا، جس کے بہتر حل کے لیے انہیں تجاویز دی گئیں۔
تربیتی کیمپس میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ایم ڈی شاہد لطیف قادری نے تعمیر شخصیت پر لیکچر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام اس وقت تک طلبہ میں آئیڈیل نہیں بن سکتے جب تک ان کی اپنی شخصیت مثالی نہیں ہوگی۔ طالب علم سمیت کسی شخص کو بھی متاثر کرنے کے لیے استاد کا اپنا شخصی کردار دیوار کی پہلی اینٹ کی مانند ہے۔ انہوں نے کہا اساتذہ کرام اپنی صلاحیتوں اور تعلیمی استعداد کار میں نت نئے رحجانات کا اضافہ کر کے خود کو بہتر اور مثالی شخصیت کے روپ میں ڈھالیں۔ انہوں نے اساتذہ کرام کے تعلیمی معیار کو جانچنے کے لیے ریفریشر کورسز کو بہتر پیمانہ قرار دیتے ہوئے انہیں اس میں باقاعدگی سے شرکت کی بھی دعوت دی۔
تربیتی کورسز کا باقاعدہ اختتام تمام پرنسپلز اور اساتذہ کرام سے ون ٹو ون ملاقات کے سیشن پر ہوا۔ جس میں شاہد لطیف قادری نے اساتذہ اور پرنسپلز کواعلیٰ ترین تدریسی خدمات سرانجام دینے کا پیغام دیا۔
تبصرہ