بچوں کے روشن مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے جدوجہد کرنا ہمارا اولین فرض ہے : ڈاکٹر رحیق عباسی
بچوں کی تاریک شب کو روشن کرنے کے لیے ہم سب کو اپنے حصے کا
چراغ جلانا ہوگا : ڈاکٹر شاہد محمود
آغوش کی نئی کثیر المنزلہ زیر تعمیر عمارت پر 35 کروڑ سے زائد کی رقم خرچ ہوگی
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کے ادارے
’’آغوش‘‘میں منعقدہ تقریب سے مقررین کا خطاب
بچے قوم کے معمار اور سرمایہ ہوتے ہیں۔ ان کا مستقبل روشن اور محفوظ بنانے کے لیے جدوجہد کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔ ان سے بے اعتنائی برتنا انسانیت کی تذلیل ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کے ادارے ’’آغوش‘‘میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاوارث اور بے سہارا بچوں پر آپ کی نظر التفات سے ان کے معصوم لڑکپن کی مسکراہٹیں اور ڈھیروں خوشیاں واپس آسکتی ہیں۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بے سہارا اور دھتکارے ہوئے بچوں کو نہ صرف بچانا ہو گا بلکہ انہیں تحفظ، صحت اور تعلیم کے حقوق دے کر اپنے معاشرہ کا کار آمد اور مفید شہری بنانا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہدایات کی روشنی میں آغوش میں ایک ایسے پودے کی آبیاری میں مصروف عمل ہیں جس کو صرصر کی نہیں بلکہ صبا کی ضرورت ہے۔ بچوں کی تاریک شب کو روشن کرنے کے لیے ہم سب کو اپنے حصے کا چراغ جلانا ہوگا اور پھر اسی طرح چراغ سے چراغ روشن ہوگا تو آنے والا کل جگمگائے گا۔ انہون نے کہا کہ بچوں کی فلاح و بہبود اور تعلیم کو اولین ترجیح دیتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دے کر ان پر عمل درآمد کرنا حکومت کے ساتھ ساتھ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا فلاحی ادارہ آغوش جس میں پانچ سو سے زائد یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کی جائے گی اور انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے وطن عزیز کا مفید شہری بنایا جائے گا۔ کیونکہ تعلیم یافتہ نئی نسل ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔ تقریب میں آغوش میں موجود بچوں نے تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول کی سعادت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملی نغمے بھی پیش کیے۔ آخر میں ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا کہ آغوش کی نئی کثیر المنزلہ زیر تعمیر عمارت پر 35 کروڑ سے زائد کی رقم خرچ ہوگی اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اس سال بھی چرمہائے قربانی مہم سے حاصل ہونے والی رقم یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت، تعلیم و تربیت اور رہائش کے عظیم منصوبے آغوش پر خرچ کرے گی۔ تقریب سے افتخار شاہ بخاری، محمد صفدر عباس اور طاہر یعقوب نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ