منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کے زیراہتمام 25 شادیوں کی اجتماعی تقریب

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کے زیراہتمام 25 جوڑوں کی شادیوں کی پُر وقار اجتماعی تقریب 15 نومبر 2009ء کوگلفشاں کالونی فیصل آباد میں منعقد ہوئی۔ فاؤنڈیشن کے تحت ہونے والی شادیوں کی اجتماعی تقریب کے لیے معاشرے کے مستحق افراد کا انتخاب کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں ان کے جہیز اور ولیمے کے اخراجات کا بھی بندوبست کیا جاتا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد  کی طرف سے رشتہء ازدواج میں منسلک ہونے والی ہر دلہن کو سوا لاکھ روپے کا جہیز اور دلہا کو بھی گفٹ دیا گیا۔

برائیڈیل گفٹ میں عرفان القرآن کے نسخے کے علاوہ جائے نماز، ڈبل بیڈ ہمراہ گدا، ڈبل بیدڈ رضائی، تکیے، پیٹی، سوٹ کیس، اسٹیل کے برتن، ڈنر سیٹ، پلاسٹک برتن سیٹ، کمبل، دریاں، ٹی سیٹ، بیڈ شیٹ، دو عدد کرسیاں بمع میز، استری، واشنگ مشین، سلائی مشین، بیڈ سیٹ فین، الماری، دولہا کیلئے دو عدد سوٹ، دولہن کیلئے چار عدد سوٹ، دولہا کیلئے گھڑی اور دیگر ضروری و قیمتی اشیاء بھی شامل تھیں۔

شادیوں کی اس پروقار تقریب میں ہر دولہا کی باقاعدہ بارات کا اہتمام کیا گیا جس میں ہر بارات کے ساتھ 50 باراتی بھی شامل تھے۔ ان باراتیوں کو ایک پنڈال میں جمع کیا گیا جہاں تقریب کے بعد ان کے ولیمے کا بھی پرتکلف انتظام تھا۔ منہاج ویلفئیر فاونڈیشن کی طرف سے ہر دولہا اور باراتیوں کا خوب صورت انداز میں استقبال کیاگیا۔ دولہا کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ شہنائی کی گونج اور بینڈ باجے بھی استقبال میں شامل تھے۔ دوسری جانب منہاج ویمن لیگ کی مرکزی و مقامی قائدین نے تقریب میں آنے والی دلہنوں کا استقبال کیا۔

شادیوں کی اجتماعی تقریب کا آغاز صبح 10 بجے ہوا جس کی صدارت ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ آئی سی سی ایلیٹ پینل کے انٹرنیشنل اور سال 2009ء میں بیسٹ امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے علیم ڈار مہمان خصوصی تھے۔ قومی اسمبلی کے رکن حاجی محمد اکرم انصاری اور پی پی 71 سے پنجاب اسمبلی کے رکن ملک محمد نواز کے علاوہ ملک بھر سے ممتاز سیاسی و سماجی اور اعلیٰ ترین شخصیات بھی معزز مہمانوں میں شامل تھیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر میاں طاہر یعقوب، افتخار بیگ، منہاج پروڈکشن کے ڈائریکٹر شفیق الرحمن سعد و دیگر قائدین بھی تقریب میں موجود تھے۔

شادیوں کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد نعت رسول مبارکہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی گئی۔ تقریب میں مرکزی سٹیج پر مہمانوں کو بٹھایا گیا، اس کے دائیں جانب دلہنوں اور بائیں جانب دولہوں کا الگ الگ سٹیج لگایا گیا۔ قاری سرفراز احمد قادری نے الگ الگ نکاح پڑھایا۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تعلیم، صحت اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں غربت و افلاس کے باعث بہت سی لڑکیاں رشتہ طے ہونے کے باوجود والدین کے گھر وں میں ہی جوانی کے ماہ و سال گزار دیتی ہیں۔ معاشرے کی ناہمواری اور والدین کے مالی حالات اور جہیز نہ ہونے کے باعث لڑکیوں کے رشتے قبول نہیں ہوتے، غربت کی وجہ سے ان کا مستقبل تاریک ہو جاتا ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں دکھی انسانیت کی خدمت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی تنظیمات نے اجتماعی شادیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اب تک 500 سے زائد اجتماعی شادیاں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے ہو چکی ہیں۔

عالمی شہرت یافتہ انٹرنیشنل کرکٹ امپائر علیم ڈار نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مبارکباد کی مستحق ہے کہ اس نے معاشرے کی غریب سفید پوش بچیوں کی شادیوں کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری اسلام کے عظیم رہنما ہیں۔ انکی دینی سماجی اور فلاحی خدمات کا زمانہ معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تحریک منہاج القرآن اور ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری سے لگاؤ رکھتے ہیں اور اس تقریب میں آ کر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ محروم طبقات کی خوشیاں زندہ کرنے کے لیے معاشرے کے دیگر لوگوں کو بھی آگے آنا ہوگا۔

ممبر قومی اسمبلی حاجی محمد اکرم انصاری اور ممبر صوبائی اسمبلی محمد نواز ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے ہمارے معاشرے کی ستم ظریفی ہے کہ قبیح معاشرتی رسومات کی وجہ سے بیٹی کی شادی جیسا مقدس فریضہ بھی والدین پر بوجھ بن چکا ہے۔ جہیز کی لعنت نے غریب اور سفید پوش طبقے کو بہت پریشان کر رکھا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے والدین کے اس بوجھ اور پریشانی کے خاتمے کیلئے غریب بچیوں کی اجتماعی شادیاں سر انجام دے کر اسلام کے فلاحی معاشرے کا عکس پیش کر رہی ہے۔ ہم انہیں اس عظیم کام پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

25 اجتماعی شادیوں کی تقریب کی میزبانی کے فرائض تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے قائدین حاجی عنایت قادری، سید ہدایت رسول، حاجی اکرم انصاری، انجینئر محمد رفیق نجم، کاشف محمود اور قاری سرفراز احمد قادری نے سر انجام دیئے۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top