منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اجتماعی قربانی 2009ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام لاہور میں سب سے بڑی اجتماعی قربانی کا اہتمام ٹاون شپ بغداد ٹاون میں کیا گیا جہاں ہزاروں جانور قربان کیے جا رہے ہیں۔ 28 نومبر 2009ء کو عید الاضحیٰ کی نماز کے فوری بعد صبح 10 بجے اجتماعی قربانی کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاونڈیشن اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے اپنے ہاتھ سے بکرے، چھترے اور گائے ذبح کر کے قربانی 2009ء کا باقاعدہ آغاز کیا۔ علماء کی نگرانی میں ماہر اور پیشہ ور قصابوں کی مختلف ٹیمیں قربانی کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں۔ ٹاون شپ قربان گاہ میں بکروں، چھتروں اور گائے کی قربانی کے لیے الگ الگ انتظامات کیے گئے ہیں۔ جہاں بیک وقت جانور ذبح ہو رہے ہیں۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد محمود، نائب ناظم سید افتخار گیلانی، قربانی مہم کے سیکرٹری جواد حامد اور دیگر قائدین قربان گاہ میں موجود تھے۔ انہوں نے قربان گاہ کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور قربانی کے کام کو مزید کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ اجتماعی قربانی کے بعد گوشت کو مختلف حصوں میں تقسیم کر کے اسے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مونو گرام والے پلاسٹک بیگز میں پیک کیا گیا۔ جن لوگوں نے قربانی کے گوشت کے لیے پہلے دن کی ایڈوانس بکنگ کروا رکھی تھی، انہیں دیئے گئے وقت کے مطابق گوشت فراہم کیا جا رہا ہے۔ قربانی کے حصہ جات کی فراہمی کے لئے قربان گاہ اور مرکزی سیکرٹریٹ میں الگ الگ کاونٹر قائم کیے گئے ہیں جہاں سے حصہ دار قربانی کا گوشت بآسانی وصول فرما رہے ہیں۔

جانوروں کی قربانی کرنے کے دوران صفائی کا خاص خیال رکھا گیا۔ قربانی کرنے کے بعد فضلے کو فوری طور پر بڑے بڑے کنٹینرز میں پہنچا دیا گیا۔ اس سلسلہ میں مقامی شہری انتظامیہ نے قربان گاہ میں پیلے رنگ کے بڑے بڑے ڈسٹ بن کنٹینرز رکھے تھے۔ صفائی کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ماہر عملہ کو متعین کیا تھا، جن کی ڈیوٹی صرف صفائی برقرار رکھنا ہے۔ عملے نے فوری اور بہتر صفائی کر کے اپنے فرائض کو بخوبی سر انجام دیا۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد محمود نے قربان گاہ کا وزٹ کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے لاہور میں بڑے پیمانے پر اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا ہے، جس میں ہزاروں جانور اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربان کیے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ عید کے تینوں دن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن قربانی کے گوشت کو غرباء، مساکین اور مستحقین کے علاوہ ہسپتالوں میں مریضوں اور جیل کے قیدیوں میں بھی تقسیم کرے گی۔ ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اس سال پورے ملک میں اجتماعی قربانی کو یونین کونسل سطح تک پھیلا دیا ہے۔ اس سلسلہ میں ملک بھر کی 300 سے زائد تحصیلوں اور 1500 یونین کونسلوں میں بھی اجتماعی قربانی کی جا رہی ہے۔

دریں اثناء قربانی کا دوسرا سیشن مختصر وقفہ کے بعد نماز ظہر کے بعد شروع ہوا۔ اس مرحلے میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے نائب ناظم افتخار شاہ بخاری، ملک شمیم احمد اور حاجی محمد الیاس سمیت دیگر مرکزی قائدین نے قربان گاہ کا وزٹ کیا۔ افتخار شاہ بخاری نے منہاج پروڈکشنز کی ٹیم کو بتایا کہ قربانی کا گوشت 25 ہزار مستحق گھرانوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ قربانی کے گوشت سے عمدہ اور لذید کھانے بنا کر لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ الحمدللہ قربانی کا پہلا دن کامیابی کے ساتھ اختتام پزیر ہو گیا ہے۔ اس کے لیے قربانی مہم کی ساری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جس کی مختلف 32 انتظامی کمیٹیاں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے سرگرم عمل تھیں۔ انہوں نےدرجنوں ماہر قصابوں کی ٹیم کی تعریف کی جنہوں نے ہمہ وقت مکمل ذمہ داری اور شرعی طور پر جانور ذبح کر کے کامیاب قربانی میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔ قربانی کے دوسرے دن 29 نومبر اور تیسرے دن 30 نومبر 2009ء کو بھی جانور ذبح کر کے گوشت کی تقسیم کا کام جاری رہے گا۔

رپورٹ : ایم ایس پاکستانی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top