مرکزی وفد کا تنظیمی و تربیتی دورہ سندھ

تحریک منہاج القرآن کے قائدین کے وفد نے صوبہ سندھ کا تنظیمی و تربیتی دورہ کیا۔ دورہ 4 نومبر سے 15 نومبر 2009ء تک دس روز کے دورانیہ پر مشتمل تھا۔ وفد میں راقم الحروف کے علاوہ مرکزی ناظم تربیت ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، مرکزی ناظم دعوت میاں عبد القادر، سینئر نائب ناظم تربیت غلام مرتضیٰ علوی، ظہیر عباس گجر اور صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ امجد حسین جٹ شامل تھے۔ دورہ کا مقصد تنظیمی استحکام، کارکنان و ذمہ داران کی تربیت اور تنظیمی مسائل کا حل تھا۔

دورہ کا آغاز مورخہ 4 نومبر 2009ء کو ہوا۔ مرکزی وفد نے خانپور (رحیم یار خان) میں رات قیام کیا۔ اگلے دن خواجہ محمد عالم کوریجہ صوبائی صدر قومی امن کمیٹی سے ملاقات کی، ان کو اس موقع پر ترجمہ عرفان القرآن کا تحفہ بھی دیا گیا۔ اس کے بعد وفد حضرت محمد یار فریدی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری کے لیے گیا۔ اس موقع پر راشد منہاس فریدی نے مرکزی وفد کو اسلامک ایجوکیشنل کمپلیکس کو وزٹ کروایا۔

خانیوال وزٹ کے دوران ڈاکٹر محمد الیاس صوبائی راہنماء پاکستان عوامی تحریک نے مختلف احباب سے وفد کی ملاقات کروائی اور مقامی سطح پر تحریک کے کام پر بریفنگ دی۔

مورخہ 5 نومبر 2009 کو تحریک منہاج القرآن ڈھرکی کے زیراہتمام تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ گھوٹکی کی تحصیل ڈھرکی، گھوٹکی اور میرپور ماتھیلو کی تنظیمات نے شرکت کی۔ بعد ازاں یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی تنظیم بھی بنائی گئی۔

مورخہ 6 نومبر 2009 کو وفد نے تحصیل روہڑی، سکھر، بھریا، تحصیل مورو اور بھٹ شاہ کی تنظیمات کا دورہ کیا اور ان سے میٹنگ کی۔ اس موقع پر سکھر میں صاحبزادہ سید محمد سالم جان ہاشمی سے ملاقات کی اور انہیں ترجمہ عرفان القرآن دیا۔ روہڑی میں حضرت فقیر غلام قادر بخش بیدل بیکس رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی اور سجادہ نشین حضرت محمد محسن قریشی سے ملاقات کر کے ترجمہ عرفان القرآن اور تصوف پر مبنی شیخ الاسلام کے خطابات کی CD,s دیں۔ بعد ازاں وفد نے حضرت سچل سرمست رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی اور تحریک کے فروغ، ملکی سلامتی اور شیخ الاسلام کی صحت اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری کے وقت وفد کی حضرت پیر محمود جان الگیلانی مدظلہ العالیٰ (جگر گوشہ حضرت پیر سیدنا طاہر علاؤ الدین رحمۃ اللہ علیہ ) سے اچانک ملاقات ہوگئی۔ تمام وفد کا حضور پیر صاحب سے تعارف کروایا گیا۔ آپ نے انتہائی خوشی کا اظہار فرمایا۔ تحریک اور حضور شیخ الاسلام کے بارے میں رپورٹ لی اور تحریک منہاج القرآن کی کامیابی اور حضور شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ وفد نے رات قیام بھی بھٹ شاہ میں ہی کیا۔

مورخہ 7 نومبر 2009 کو وفد حیدرآباد اور ماتلی کے لیے روانہ ہوا۔ راستے میں حضرت پیر عبدالرحمٰن جان مٹیاری شریف سے انکی جواں سالہ بیٹی کی وفات پر تعزیت کی۔ اس موقع پر انکو ترجمہ عرفان القرآن اور CD,s کا تحفہ دیا۔ وفد حیدرآباد کے راستے ایک بجے ماتلی پہنچا۔ ماتلی میں تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں تحصیل ماتلی، ڈگری، اور تحصیل کھپرو کی تنظیمات نے شرکت کی۔ کیمپ کے بعد تنظیمات کے ساتھ میٹنگ کی گئی اور انکو اہداف کے حصول، دعوت کے فروغ اور فورمز کی تشکیل کی ہدایات دی گئیں۔ اس موقع پر یوتھ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی تنظیمات قائم کی گئیں۔ رات وفد ماتلی سے کراچی کو روانہ ہوا اور رات 12:00 بجے کراچی پہنچا۔ کراچی کے امیر محمد اقبال میمن، ناظم کراچی لطافت محمود قادری اور صدر یوتھ راؤ کامران نے وفد کا استقبال کیا۔

مورخہ 8 نومبر2009 کی صبح گلشن اقبال میں تحریک کے سیکرٹریٹ میں تربیتی کیمپ کا انعقاد ہوا جس میں 10 ٹاؤنز نے شرکت کی۔ تربیتی کیمپ کے بعد وفد کے تمام شرکاء ظہیر اختر (سابق ناظم یوتھ) اور نسرین اختر (نائب صدر ویمن لیگ کراچی) کے والد گرامی کی عیادت کے لیے گئے۔ بعد ازاں وفد خواجہ محمد اشرف سرپرست تحریک منہاج القرآن کراچی کی عیادت کے لئے ان کے گھر گیا اور انکی صحت وسلامتی کے لیے دعا کی۔ وفد نے اجتماعی طور پر مزار قائد پر حاضری دی اور خصوصی دعا بھی کی۔

مورخہ 9 نومبر 2009 کی صبح ڈویژنل سیکرٹریٹ میں تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جو شام تک جاری رہا۔ اس میں کراچی ڈویژن کے باقی ماندہ 10 ٹاؤنز کی تنظیمات نے شرکت کی۔ دونوں کیمپس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تربیتی خطابات، عہدیداران کی ذمہ داریاں، میٹنگ کا طریقہ اور تقاضے، تحریک کی حکمت عملی اور ٹیم ورک کی اہمیت اور تقاضوں پر لیکچرز دیے گئے۔ ان تمام کیمپس میں ویمن لیگ کی بھی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شام کو مرکزی وفد کراچی ڈویژن کی ایگزیکٹو کے ساتھ خصوصی اجلاس ہوا جس میں کراچی میں کام کی بہتری کے لیے ضروری فیصلہ جات کیے گئے۔

مورخہ 10 نومبر 2009 کو وفد نے صبح کے وقت جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن (شاہ لطیف ٹاؤن) کا وزٹ کیا جس کا آغاز اسی سال کیا گیا ہے۔ وفد نے طلبہ سے ملاقات کی اور تحریکی حوالے سے گفتگو کی۔ دریں اثناء وفد نے آغوش کے منصوبہ کا وزٹ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ دوپہر کے وقت وفد کراچی سے حیدرآباد کے لیے روانہ ہوا۔ شام 6 بجے مرکزی وفد نے سندھی اخبار عبرت اور سندھو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر عبدالمجید میمن جنرل مینیجر "عبرت" اور "سندھو" اور دیگر ذمہ داران سے ملاقات کی۔ راقم الحروف اور ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے مرکزی وفد کے دورہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور تحریک اور قائد تحریک کی خدمات سے بھی آگاہ کیا۔ آئندہ روز کے "عبرت" اور "سندھو" اخبار میں کوریج بھی آئی۔ یاد رہے کہ سندھی اخبارات میں عبرت اخبار کو ایک نمایاں مقام حاصل ہے۔

رات 8:00 بجے حیدرآباد کے کارکنان کا کیمپ منعقد ہوا جس میں 100 سے زائد کارکنان نے شرکت کی۔ اسی موقع پر حیدر آباد سٹی، لطیف آباد اور قاسم آباد کی تنظیم سازی کی گئی۔ اس کے علاوہ 8 یونین کونسلز میں بھی کنوینئر نامزد کیے گئے۔ یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی تنظیمات بھی قائم کی گئیں۔

مورخہ 11 نومبر 2009 کو وفد صبح حیدرآباد سے لاڑکانہ روانہ ہوا۔ راستے میں حضرت سخی لال شہباز قلندر رحمۃ اللہ علیہ (سہون شریف) کے مزار پر حاضری دی۔ لاڑکانہ پہنچنے کے بعد وفد کی ملاقات حضرت صاحبزادہ عبد الغفار مٹھا سائیں سے کروائی گئی۔ ملاقات میں امت مسلمہ کے حالات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ صاحبزادہ صاحب نے وفد کی آمد پر انتہائی خوشی کو اظہار کیا۔

مورخہ 12 نومبر2009 کو صبح 11:00 بجے گورنمنٹ پائلٹ سکول لاڑکانہ میں "تعلیمی مسائل اور ان کا حل" کے عنوان کے تحت تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ، اساتذہ اور پروفیسر حضرات نے شرکت کی۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی علی محمد مغیری پرنسپل سکول ھذا جبکہ صدارت حضرت پیر سائیں منظور حسین مشوری نے کی۔ اس پروگرام سے امجد حسین جٹ، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو اور راقم الحروف نے خطاب کیا۔ اس موقع پر حضرت پیر منظور حسین مشوری کو ترجمہ عرفان القرآن کا تحفہ بھی دیا گیا۔

اس کے بعد وفد دھامرہ کے لیے روانہ ہوا۔ 04:00 بجے دھامرہ میں تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں 40 کے قریب ذمہ داران نے شرکت کی۔ رات 8:00 بجے راقم اور میاں عبد القادر قادری دوبارہ لاڑکانہ واپس آئے اور مقامی مسائل کے حل کے لیے تحریکی احباب سے میٹنگ کی اور اس موقع پر لاڑکانہ میں تحریک کی تنظیم نو کی گئی۔ اسی دوران دھامرہ میں شب بیداری اور محفل نعت کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں مقامی احباب نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے محفل کے شرکاء سے خصوصی خطاب کیا۔

مورخہ 13 نومبر 2009 کو وفد صبح لاڑکانہ (دھامرہ) سے اوستہ محمد (بلوچستان) کے لیے روانہ ہوا۔ 02:00 بجے اوستہ محمد میں تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ وہاں بھی تقریباً 30 کے قریب تنظیمی احباب نے شرکت کی بعد ازاں تنظیم کے ساتھ خصوصی اجلاس بھی کیا گیا۔ اس موقع پر یوتھ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی تنظیم سازی بھی کی گئی۔

مورخہ 14 نومبر 2009 کو صبح وفد گڈو (کشمور) کے لیے روانہ ہوا۔ 3:00 بجے مقامی تعلیمی ادارہ میں طلبہ کے ساتھ نشست کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ تحریک کی تنظیم کے ساتھ اجلاس کیا گیا اور تحریک کے کام کو منظم کرنے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ 06:00 بجے وفد نے حضرت خواجہ غلام فرید رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی۔ رات 08:00 بجے وفد راجن پور کی تحصیل فاضل پور پہنچا اور تنظیم کے ساتھ میٹنگ کی۔ بعد ازاں وفد لاہور (مرکز) کے لیے روانہ ہوا۔

رپورٹ : ساجد محمود بھٹی

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top