کراچی میں دس محرم الحرام کے جلوس پر حملہ کسی مسلک، مذہب یا قوم پر نہیں بلکہ پورے پاکستان پر حملہ ہے

پرامن مذہبی جلوس پر دہشت گردوں کا خودکش حملہ مذہبی قوتوں کو پارہ پارہ کرنے کی سازش ہے
تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام سانحہ کراچی کے حوالے سے
منعقدہ’’ تعزیتی ریفرنس‘‘ سے مقررین کا اظہار خیال

تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں سانحہ کراچی کے حوالے سے تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ جس کی صدار ت امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمٰن درانی نے کی جبکہ علامہ ع غ کراروی، شیخ زاہد فیاض، احمد نواز انجم، میاں عبدالقادر، جی ایم ملک، جواد حامد، ساجد بھٹی، علامہ محمد حسین آزاد، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، ارشاد طاہر، میاں زاہد اسلام، ساجد گوندل، بلال مصطفوی، عبدالحفیظ چوہدری اور محمد لطیف مدنی نے بھی شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمٰن درانی نے کہا کہ سانحہ کراچی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ملک کے مختلف مکتبہ فکر کو آپس میں لڑانے کی ناکام سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کے خلاف گھناؤنی اور منظم دہشت گردی ہو رہی ہے۔ ہمیں اتحاد اوریگانگت کی راہوں کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ تعزیتی ریفرنس سے پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائرز شیخ زاہد فیاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرامن مذہبی جلوس پر دہشت گردوں کا خودکش حملہ مذہبی قوتوں کو پارہ پارہ کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نہتے اور عام شہریوں سے اس طرح کی درندگی کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم صبر اور برداشت کے رویوں کو مضبوطی سے تھام کر رکھے تاکہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ سیاستدان اپنے سیاسی اختلافات چھوڑ کر عوام کے مسائل کی فکر کریں۔ سیاستدانوں کے آپس کے اختلافات سے دہشت گرد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اتحاد و استحکام اور سلامتی کی ضرورت ہے۔ سانحہ کراچی سے سیاستدانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیے کیونکہ دہشت گرد ملک میں انار کی پھیلانا چاہتے ہیں۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کراچی کے پرامن جلوس پر خودکش حملہ ملک میں فرقہ واریت کو آگ لگانے کی بدترین کوشش ہے۔ جسے علماء نے بصیرت سے ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد چند سکوں کے عوض بکنے والے بھکاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دس محرم الحرام کے جلوس پر حملہ کسی مسلک، مذہب یا قوم پر نہیں بلکہ پورے پاکستان پر حملہ ہے۔ فرحت حسین شاہ نے کہا کہ مختلف مکاتب فکر کے علماء کا اتحاد ملک کی سلامتی کے لیے بہت اہم ہے۔ تمام مکتبہ فکر کا متفقہ فیصلہ ہے کہ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ آخر میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قدمین شریفین کے تصدق سے مرحومیں کو جنت الفردوس میں جگہ دے۔ ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے بھی دعا کی گئی۔ (آمین)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top