انتہاء پسندی، دہشت گردی اور نفرت قرآنی تعلیمات کے خلاف ہیں : شیخ زاہد فیاض

قرآن مجید کے نور سے معاشرے سے برائیوں کو دور کیا جا سکتا ہے : علامہ شریف کمالوی
تحریک منہاج القرآن کے شعبہ دعوت کے زیر اہتمام دس روزہ عرفان القرآن کورس برائے معلمین کی اختتامی تقریب سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے قائم مقام ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ مسلمان قرآن سے دور ہو کر ذلیل و خوار ہو ر ہے ہیں۔ قرآن مجید کی تعلیمات سے ہم آنے والی نسل کو مادیت کی بڑھتی ہوئی یلغار سے بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی فکر کو سمجھنا، ادب اور محبت کرنا ایمان کے حصے ہیں۔ قرآن پاک کی تعلیمات ہمیں امن، محبت، اتحاد، یگانگت، رواداری اور مساوات کے اسباق عطا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندی، دہشت گردی اور نفرت قرآنی تعلیمات کے خلاف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے شعبہ دعوت کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ دس روزہ عرفان القرآن کورس برائے معلمین کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے کورس کے معلم علامہ محمد شریف کمالوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کے نور سے معاشرے سے برائیوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔ قرآن مجید ہر ایک کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن، قرآنی تعلیمات کو عام کرنے میں جدوجہد کر رہی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر امت قرآن مجید کی تعلیمات کو مضبوطی سے تھام لے تو کامیابی اس کا مقدر بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی تلاوت سے انسانوں کو جسمانی اور روحانی بیماریوں سے شفا ملتی ہے۔ کورس میں 40 معلمین کو قرآن مجید کی تجوید، ترجمہ اور تفسیر کی تیاری کرائی گئی اور اسناد بھی دی گئیں۔ اختتامی تقریب میں ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، میاں زاہد اسلام، شاہد لطیف، عاقل ملک، علامہ غلام مرتضی علوی اور مرکزی قائد ین نے بھی خصوصی شرکت کی۔ آخر میں سانحہ کراچی میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت او ر زخمیوں کی صحت یابی کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top