ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دہشت گردي کے خلاف فتویٰ جراتمندانہ اقدام اور امت مسلمہ کی علمی میراث ہے: منہاج القرآن برطانیہ

منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے مرکزی راہنماؤں نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے دہشت گردي کے خلاف فتویٰ کو جراتمندانہ اقدام قرار ديتے ہوئے ان کی علمی و تحقیقی راہنمائی کو امت مسلمہ کے لئے عظیم سرمایہ قرار دیا ہے۔ منہاج القرآن انٹرنيشنل برطانيہ کے صدر ابو آدم احمد الشیرازی نے کہا کہ یہ فتویٰ ان عناصر کیلئے سوچ بچار کرنے کا پیغام ہے، جو اسلام کے نام پر دہشت گردي پھيلا کر امت مسلمہ کا ناحق قتل کر رہے ہيں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے مدلل اور تفصیلی فتویٰ نے انتہاء پسندی اور دہشت گردوں کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

منہاج القرآن انٹرنيشنل برطانيہ کے سیکرٹری جنرل طاہر محمد کا کہنا ہے کہ دینی مسائل میں جب بھی امت مسلمہ کو راہنمائی کی ضرورت پڑی تو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بلا مشروط اس کمي کو پورا کيا۔ اس سلسلہ ميں دہشت گردي کے خلاف 400 سو سے زائد صفحات پر مشتمل تفصیلی فتویٰ جاری ہوا ہے جو اہل علم و دانش اور کسي بھي مکتبہ فکر کے لوگوں کے ليے علمي خزانہ بھي ہے۔

منہاج سکالرز فورم برطانیہ کے الشیخ محمد رمضان قادری نے کہا کہ منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے روز اول سے ہی منہاج القرآن کو علمي تحريک کے طور پر پيش کيا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے کارکنوں کو فروغ امن و محبت، برداشت اور توازن قائم کرنے کی تربیت بھي دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان کے ہاتھوں مسلمان کو قتل کرنے اور بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں کے پاس کوئی بھی علمي و شرعي دليل موجود نہيں۔

نیلسن سے محمد صغیر، شاہد کلیم اور علامہ شمس الرحمان آسی نے بھی ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کے فتویٰ کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس علمی دستاویز فتویٰ کی تفصیلات عام کرنے اور زیر بحث لانے کیلئے میڈیا کو بھی اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ ادھر منہاج القرآن انٹرنیشنل ہیلی فیکس سے محمد جاوید اختر، بریڈفورڈ سے حاجی اورنگزیب، مانچسٹر سے عتیق اللہ بٹ، وال سال سے محمد شکیل، برمنگھم سے علامہ محمد اشفاق عالم قادری، ہائی ویکمب سے حافظ سجاد قادری اور حافظ ظہور احمد نے بھی ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی اس عظیم علمی و دینی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ان راہنماؤں نے مشترکہ طور پر اپنے بیان میں کہا کہ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے ہمیشہ امن و محبت اور برداشت کا پرچار کیا گیا ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری کا تفصیلی فتویٰ بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top